شبلی، 29 اپریل سنہ 1910ء، لکھنؤ،
خط (51) — 12 اپریل 1911ء
برادرم!
مسٹر ہارویز نے کتاب کی سفارش کی جو منظور نہیں ہوئی، رجسٹرار76 کا خط میرے پاس آیا کہ یونیورسٹی نے آپ کی کتاب کسی امتحان میں نہیں رکھی، لیکن بطور ایک نہایت ممتاز تصنیف کے کالجوں اور اسکولوں کے کتب خانوں کے لئے سفارش کی،
کیا ہارویزصاحب نصاب میں رکھنا چاہتے تھے، ایک اردو تصنیف فارسی نصاب میں کیونکر داخل ہو سکتی ہے، پنجاب یونیورسٹی نے اتنا کیا کہ بی، اے اور ایم اے کے طلبہ کو مطالعہ کی ہدایت کی77،
وقفِ اولاد کے متعلق خدا کے فضل سے بہت کچھ کامیابی کی امید پیدا ہوئی اور کوشش رائگاں نہ گئی،
6۔ ندوہ کے جلسہ میں آؤ تو ہفتہ کی بھی رخصت لے کر آؤ کہ وقف کے جلسہ میں شریک ہو سکو،
مارسڈن بی، اے کی کتاب تاریخِ ہند بہت دل آزار تھی، میں نے اس کے متعلق رجسٹرار کو لکھا تھا، مارسڈن خود یہاں آئے، اور مجھ سے ملے اور کہا کہ بعض فقرے میں نے نکال دیئے، اور، اور بھی نکالنے کو تیار ہوں، اس سے مطلب یہ ہے کہ لوگ مطلق ہاتھ پاؤں نہیں ہلاتے، ورنہ کوئی کوشش بے اثر نہیں جاتی،
شبلی 12 اپریل سنہ 1911ء
خط (52) — 28 ستمبر 1911ء
میر اکبر حسین صاحب نے انکار کیا، اور مولوی عزیز مرزا صاحب کا نام داخل ہو گیا، اب زیادہ ممبروں کی ضرورت نہیں، جلدی میں مولوی رحمت اللہ کے اندازِ تقریر کا میں اندازہ نہ کر سکا، استفساری خط لکھوا لیا ہے، مسٹر برن کو بھیجوں گا، جواب آنے پر یادداشت لکھی جائے گی، تم بھی اپنے خیالات قلمبند کرو، جنرل ریڈر اردو منگوا کر دیکھی، اردو ہندی دونوں میں چھپی ہے78 اور ایک ہی عبارت ہے، اگر ایسا کورس بنانا مقصود ہے، تو ابتدائی درجوں تک مضائقہ نہیں،
پروف واپس آ گیا،
شبلی، 28 ستمبر سنہ 1911ء، لکھنؤ،
خط (53) — 24 دسمبر 1911ء
کل سے فی الجملہ صحیح ہوں، اور پھر چند عربی صفحے79 لکھے، افسوس یہ ہے کہ غالباً جرجی زیدان ابن الاثیر مطبوعۂ یورپ کے حوالے دیتا ہے، وہ یہاں موجود نہیں، اس لئے اکثر اس کی چوریاں رہ گئیں، کیونکہ ان کی طرف مراجعت نہیں ہو سکتی، ورنہ وہ ایک واقعہ بھی صحیح طور سے نہیں نقل کرتا،
وقفِ اولاد کے متعلق میں نے ہوم ممبر کو جن سے تمام قوانین کا تعلق ہے لکھا تھا کہ وہ ایک ڈیپوٹیشن منظور کریں، کہ ان کو تمام کاغذات سمجھائے، انھوں نے نہایت خوشی سے منظور کیا، 27 تاریخ مقرر کی ہے، لیکن شاید کچھ ٹل جائے، یہ کام ہو جائے تو ایک بڑا بار اتر جائے،
شبلی 24 دسمبر سنہ 1911ء
خط (54) — 12 جنوری 1912ء
حملت علی میں تم کو شبہ80 تھا، جاحظ کی عبارت کتاب الحیوان81 سے نقل کر کے بھیجتا ہوں، صفحہ 19۔ ’’ان حملنا جمیع من یتکلف قرأۃ ھذا الکتاب علی مرّ الحق وصعوبۃ الجد وثقل المؤنۃ وحلیۃ الوقار لم یصبر علیہ مع طولہ‘‘
شبلی، 12 جنوری سنہ 1912ء،
خط (55) — 8 فروری 1912ء
برادرم!
میں نے خدا کا نام لے کر خدام الدین کی جماعت82 قائم کر دی، الگ مکان لے دیا ہے، اور الگ تربیت ہے، قریباً ایک مہینہ ہوا، اب تک امید افزا آثار ہیں، احکامِ اسلامی کی پابندی میں شغف اور مستعدی پائی جاتی ہے، ابھی تک سات لڑکے عہد و پیمان کے ساتھ خود اپنی مرضی سے داخل ہوئے ہیں، یہ دیہات وغیرہ میں اشاعتِ اسلام کے کام بھی آئیں گے، اور جو کام ان کو بتایا جائے گا،
تیار شدہ اجزاء83 المنار کے پاس بھیج دیئے تھے، بہت مسرت بلکہ شکریہ ادا کیا ہے، اور لکھا ہے کہ میں نے مصر کے علماء کو ترغیب دی تھی، لیکن لوگوں نے ہمت نہ کی، المنار میں وہ چھاپیں گے،
تم اپنا وظیفہ، مخصوص عبد الواجد متعلم درجۂ تکمیل کے نام کر دو، معتمدِ مال کو اطلاع دو، اور لکھ دو کہ یہ وظیفۂ لیاقت ہے، اور اس وظیفہ کے علاوہ ہے، جو ان کو خوراک کے لئے ملتا ہے۔
غرض یہ ہے کہ یہاں اب تک خوراک کا وظیفہ ہے، جس میں سب برابر ہیں، لیاقت کا کوئی وظیفہ نہیں، اس لئے طلبہ کو کوئی تحریک نہیں ہوتی،
عبد الواجد نے درجۂ تکمیلِ ادب میں امتحان دیا، زبانی امتحان ڈاکٹر ہارویز نے لیا، اور مجھ کو تعجب انگیز خط اُن کی لیاقت کی نسبت لکھا، اب وہ اشاعتِ اسلام کی غرض سے انگریزی پڑھیں گے، پہلے سے بھی انگریزی پڑھتے تھے،
شبلی 8 فروری سنہ 1912ء ندوہ
خط (56) — 26 اکتوبر 1912ء
برادرم!
1۔ سورۂ84 تحریم کی تفسیر جو تم نے شائع کی ہے، وہ بھیج دو،
2۔ سورۂ احزاب میں آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمْ کو ازواج کی جو اجازت ہے، اور عدل کی قید بھی اڑا دی گئی ہے، یہ کیا بات ہے؟
3۔ مرزا سلیم کا مزاج معلوم ہے، لیکن وہ جلد یعنی تھوڑی سی خوشامد میں رام بھی ہو سکتے ہیں، میں یہ کر دوں گا، البتہ عبد الاحد مفسد آدمی ہیں، اور سخت،
4۔ ہاں میں بیمار ہو گیا تھا آٹھ دن تک۔
5۔ وہاں آنے میں صرف کتابوں کی دقت ہے، تمام کتابیں وہاں نہیں مل سکتیں، نہ میں ساتھ لا سکتا،
6۔ کاپی نویس مقصود نہیں بلکہ خوش نویس
شبلی 26 اکتوبر سنہ 1912ء،
خط (57) — 2 نومبر 1912ء
برادرم!
جن لوگوں نے نیشنل کے ساتھ باوجود قربِ حقوق اور میری سخت گیری کے یہ برتاؤ کیا سرائے میر کیا کیا کریں گے، چندہ لکھ دیں گے، لیکن وصول کیونکر ہو گا، میں اعظم گڈھ جاؤں گا تو یہ کوشش کر سکتا ہوں، لیکن نتیجہ کیا ہو گا،
خوشنویس کی تنخواہ اب تقسیم ہو گئی، اب صرف 15 کی جگہ رہ گئی ہے، بندول سے یوسف کا خط بھی آیا ہے، ان کو بھی یہی جواب لکھ دیا گیا،
طبقاتِ ابن سعد وغیرہ میں مذکور ہے کہ آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمْ نے نو میں سے صرف چار ازواج کو رکھ لیا تھا، اور پانچ الگ کر دی گئی تھیں گو، ان کو طلاق نہیں دی، ان کے نام بھی لکھے ہیں، یہ غالباً تحدیدِ اربعہ کی تعمیل ہو گی، لیکن نزولِ آیت کا زمانہ نہیں معلوم ہوتا،
یورپین مورخوں پر روز بروز حیرت بڑھتی جاتی ہے، نولدکی85 اور گولڈزیہر کا ترجمہ دیکھ رہا ہوں، عجیب عجیب قیاس آفرینیاں نظر آتی ہیں، حبش کو اس لئے آپ نے صحابہؓ کو بھیجا تھا کہ ابرہہ نے جو کعبہ کو ڈھانا چاہا تھا، اس کی بناء پر سلطنتِ حبش سے سازش کر کے رؤسائے قریش کو نقصان پہونچائے، لیکن پھر سوچا کہ وہ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وسلم) کو بھی بے دخل کر دے گا۔
ہر قسم کے وجوہ داعی ہیں کہ وہاں آ کر رہوں، معدہ یہاں کسی طرح صحیح نہیں ہوتا، لیکن کتابوں کا انبار کہاں کہاں لادے پھروں،
شبلی۔ 2 نومبر سنہ 1912ء، لکھنؤ،
خط (58) — 13 نومبر 1912ء
برادرم!
تم نے حضرت اسحاقؑ کی صغر سنی سے جو استدلال کیا ہے، وہ ناتمام ہے، توراۃ سے ثابت ہے کہ حضرت اسحاقؑ کی ولادت کے وقت حضرت ابراہیمؑ کی عمر سو برس کی تھی86، یہ بھی توراۃ میں ہے کہ حضرت ابراہیمؑ ایک سو پچھتر برس کی عمر میں مرے، اس لئے حضرت اسحاقؑ حضرت ابراہیمؑ کی زندگی میں ستّر برس سے زیادہ عمر کے ہو چکے تھے، توراۃ میں یہ کہیں مذکور نہیں کہ قربانی کے وقت حضرت اسحاقؑ صغیر السن تھے،
تم نے صغر سنی کی دلیل یہ قرار دی ہے کہ انھوں نے اس وقت شادی نہیں کی تھی، لیکن یہ صغر سنی کی کوئی دلیل نہیں، حضرت اسحاقؑ نے تو 40 برس کی عمر تک شادی نہیں کی تو کیا 30، 35 برس تک ان کو صغیر السن کہہ سکتے ہیں، خدا نے اسحاقؑ کی بشارت کے ساتھ کثرتِ نسل کی اگر بشارت دی تو اس کو قربانی سے کوئی منافات نہیں، ممکن ہے کہ شادی ہو جاتی اور اولاد ہوتی، پھر وہ قربانی کئے جاتے،
شبلی، 13 نومبر سنہ 1912ء
خط (59) — 11 جولائی 1913ء
برادرِ عزیز سلمہ
السلام علیکم، میں اب سیرۃ ابتدا سے اس طرح لکھ رہا ہوں کہ مکمل ہوتی جاتی ہے اور ساتھ ہی مطبع میں دے دی جائے، لیکن اس ترتیب میں بعض جگہ رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، اور بعض مباحث ایسے پیش آتے ہیں کہ تم سے استفسار و تحقیق کی ضرورت پیش آتی ہے، اس وقت دو باتیں تحقیق طلب ہیں،
1۔ توراۃ میں بہ تصریح موجود ہے کہ حضرت اسمٰعیلؑ بیر سبع یا فاران میں آباد ہوئے، کتاب پیدائش باب 25 ورس 18 میں یہ الفاظ ہیں۔
’’اور وہ حویلہ سے شور تک جو مصر کے سامنے اس راہ میں ہے، جس سے اسور کو جاتے ہیں بستے تھے، ان کا قطعۂ زمین ان کے سب بھائیوں کے سامنے پڑا تھا‘‘
ان عبارتوں سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ حضرت اسمٰعیلؑ و ہاجرہ عرب میں نہیں آئے، اس کے متعلق تمہاری کیا تحقیق ہے، اور کیا توراۃ سے بالکل قطعِ نظر کر لینی چاہیے،

