(از تہذیب الاخلاق جلدِ اول نمبر 6 (دورِ سوم) یکم ربیع الاول 1312ھ صفحہ 96 تا 101)
مقدماتِ مسلّمہ
1۔ ایک دوست کہتے ہیں کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ خدائے واحد لا شریک لہ1 ازلی و ابدی علة العلل2 جمیع کائنات ہے۔
2۔ اس کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ روح جوہرِ مستقل بالذات ہے اور انسان میں موجود ہے۔
3۔ اس کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اس کا وجود ثابت ہوتا ہے، الا اس کی ماہیت اسی طرح لامعلوم ہے جس طرح کہ اور چیزوں کی ماہیت بے معلوم ہے۔
4۔ اس کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ روح کاسب اور مکتسب ہے اور انسان کی زندگی میں اخلاقِ حمیدہ اور خصائلِ ذمیمہ کا اکتساب کرتی ہے۔
5۔ اس کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ بعد موت کے روح قائم رہتی ہے۔
6۔ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ انسان کے اخلاقِ حمیدہ سے خدا کی شان میں کچھ زیادتی اور خصائلِ ذمیمہ سے اُس کی شان میں کچھ نقصان نہیں ہوتا۔
7۔ پھر کیوں خدا گناہوں سے ناراض ہو کر سزا دیتا ہے اور شرک سے اُس کی شان میں کیا ایسا نقصان لازم آتا ہے اور روح میں جو جوہرِ مستقل بالذات ہے کیا اثر پیدا ہوتا ہے کہ اُس کو مانعِ نجات قرار دیا ہے اور فرمایا ہے، اِنَّ اللّٰہَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَکَ بِہٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذَالِکَ لِمَنْ یَّشَآءُ3۔
میں نے بھی کچھ کتابیں پڑھی ہیں اور منقولات کی پسند پر میں بھی اس کا جواب دے سکتا ہوں مگر میں صرف عقلی دلائل اور فطرت کی رو سے اُس کا جواب شافی چاہتا ہوں جس سے دل کو طمانیت ہو اور جو خدشات دل میں آتے ہیں وہ دور ہو جائیں۔
اے عزیز دوست! پہلے چھ مقدمے مذکورہ بالا تو بالکل صحیح ہیں مگر ساتویں مقدمہ نے تم کو تردد میں ڈالا ہے جس کو تم اچھی طرح نہیں سمجھے۔
قبل اس کے کہ میں تمہارا خدشہ رفع کروں تم کو یہ بات تسلیم کر لینی چاہئے کہ قرآنِ مجید میں جس قدر اوامر اور نواہی منصوص ہیں، وہ تمام اوامر فطرتاً انسان کی فطرت کو اعلیٰ درجہ پر ترقی دیتے ہیں اور روح کو مجلا اور انسان میں اخلاق عمدگی پیدا کرتے ہیں اور جس قدر نواہی ہیں وہ فطرتاً انسان کی فطرت کو مضرت پہنچاتے ہیں اور روح کو کثیف اور انسان میں خصائلِ ذمیمہ پیدا کرتے ہیں۔ اگر تم چاہو گے تو ہم کسی وقت اس امر کو دلائلِ عقلی سے ثابت کر دیں گے، مگر اس آرٹیکل میں اس پر بحث ضروری نہیں۔
اس امر سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اور تم بھی انکار نہ کرو گے کہ اخلاقِ حمیدہ اور خصائلِ ذمیمہ انسان کے کسی اعضائے جسمانی میں پیدا نہیں ہوتے، بلکہ روحِ انسانی میں جو کاسب اور مکتسب ہے اخلاقِ حمیدہ اور خصائلِ ذمیمہ پیدا ہوتے ہیں۔
اعمالِ حسنہ یعنی مامور بہا اور افعالِ قبیحہ، یعنی منہی عنہا کے ارتکاب سے روح فی الفور سعادت یا شقاوت اکتساب کرتی ہے جیسے آئینہ کہ بمجرد مقابل ہونے کسی چیز کے اُس کا عکس قبول کرتا ہے اور اُس کی صورت اُس میں بن جاتی ہے۔ پس حصولِ سعادت یا شقاوت امرِ فطری ہے اور بمجرد ارتکابِ اعمال و افعال کے اُس کا اثر روح میں ہوتا ہے اور کوئی حالتِ منتظرہ باقی نہیں رہتی۔
ثواب کیا چیز ہے؟ حاصل ہونا سعادت کا ہے روح میں اور عقاب کیا چیز ہے؟ حاصل ہونا شقاوت کا ہے روح میں۔ پس ثواب اور عقاب دونوں امرِ فطری ہیں جو بمجرد ارتکابِ افعال و اعمال حاصل ہوتے ہیں اور یہ خیال کرنا کہ ثواب اور عقاب معلق رہتے ہیں اور خدا بعد کو ثواب یا عذاب دیتا ہے، صحیح نہیں ہے۔ ہاں اس میں کچھ شبہ نہیں کہ جب روح مجرد عن العلائق ہو جاتی ہے تو اُس کو وہ محسوس ہوتے ہیں اور اسی کو خدا نے ثواب دینے اور عذاب دینے سے تعبیر کیا ہے اور اُس راحت کو جو حصولِ سعادت سے حاصل ہوتی ہے اور اُن آلام کو جو حصولِ شقاوت سے حاصل ہوتے ہیں خدا نے امثالِ نعیمِ جنت اور آلامِ دوزخ سے بیان کیا ہے، کیونکہ اصلی نعیمِ جنت اور آلامِ دوزخ انسان کی سمجھ سے باہر ہیں اور اس لئے امثال سے وہ بیان کئے جاتے ہیں، تاکہ انسان میں اُن کا کچھ خیال پیدا ہو۔
امام غزالی نے اپنی کتاب ’’المضنون بہ علیٰ غیر اہلہ‘‘ میں اس مطلب کو عمدہ طرح پر بیان کیا ہے۔ وہ فرماتے ہیں:
واما العقاب علیٰ ترک الامر وارتکاب النہی فلیس العقاب من اللہ تعالیٰ غضباً و انتقاماً و مثال ذالک ان من غادر الوقاع عاقبہ اللہ تعالیٰ بعدم الولد و من ترک ارضاع الطفل عاقبہ بہلاک الولد و من ترک الاکل والشرب عاقبہ بالجوع و العطش و من ترک تناول الادویة عاقبہ بالم المرض و غضب اللہ تعالیٰ علیٰ عبادہ غیر ارادتہ الایلام کما ان الاسباب و المسیاب یتادی بعضہا الی بعض فی الدنیا بترتیب مسبب الاسباب فبعضہا یغفی الی الالام و بعضہا الی اللذات ولا یعرف عواقبہا الا الانبیاء فذالک نسبہ الطاعات و المعاصی الی امم الاخرہ ولذاتہا من غیر فرق (صفحہ 16-17 مطبوعہ مصر)
(ترجمہ) ’’باقی رہا امر کے چھوڑنے اور نہی کے اختیار کرنے پر عذاب کا ہونا تو یہ عذاب خدا کا غصہ اور انتقام نہیں ہے اور اس کی مثال یہ ہے کہ جو شخص بیوی کے پاس نہ جائے گا خدا اُس کو اولاد نہ دے گا اور جو شخص بچہ کو دودھ نہ پلوائے گا، خدا اُس کے بچے کو ہلاک کر دے گا اور جو شخص کھانا پینا چھوڑ دے گا خدا اُس کو بھوک اور پیاس کی مصیبت میں مبتلا کرے گا اور جو شخص دوا استعمال نہ کرے گا خدا اس کو بیماری میں مبتلا کرے گا۔ خدا کا غصہ اپنے بندوں پر اس طرح نہیں ہے کہ وہ اُن کو دکھ دینا چاہتا ہے۔ جس طرح اسباب اور مسبباب ایک دوسرے کا سبب ہوتے ہیں چنانچہ بعضے تکلیف کا سبب ہوتے ہیں اور بعض آرام کا اور یہ ترتیب خود مسبب الاسباب نے قائم کی ہے اور سبب و مسبب کے اس تلازم کی وجہ پیغمبروں کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ اسی طرح نیکی اور گناہ قیامت کی تکلیف اور آرام کے سبب ہیں بغیر کسی فرق کے‘‘۔
خدا کی رضامندی یا نا رضامندی اور اُس کے اوامر اور نواہی کو بندوں کی سی رضامندی یا نا رضامندی اور اُن کے سے اوامر و نواہی پر قیاس کرنا محض غلطی ہے۔ خدا حقیقت میں راضی ہوتا ہے نہ ناراض، مگر بندے جو کچھ کرتے ہیں اپنے لئے آپ ہی کرتے ہیں۔
اس امر کی نسبت بھی امام غزالی نے اُسی کتاب میں نہایت عمدہ مضمون لکھا ہے۔ وہ فرماتے ہیں:

