ترکیبِ اخلاط سے انسان یا حیوان کے بدن میں ایک بخارِ لطیف پیدا ہوتا ہے جس کو شاہ ولی اللہ صاحب نے حجۃ اللہ البالغہ میں نسمہ سے تعبیر کیا ہے اور ان ہی بخارات کو روحِ حیوانی یا جان، یعنی زندگی کہا جاتا ہے اور روح جو جوہرِ لطیف مستقل بالذات ہے ان ہی بخارات سے شامل ہوتی ہے اور بذریعہ اس نسمہ کے جسم سے اور یہی شمولیت روح کو سعادت یا شقاوت اختیار کرنے کا سبب ہوتی ہے۔ اس کے دلائل بجائے خود مذکور ہیں اور شاہ صاحب نے بھی اپنی کتاب حجۃ اللہ البالغہ میں ان کو بیان کیا ہے۔ پس روح جب ان بخارات سے ملتی ہے تو مطابق اصولِ کیمیائی کے ایک اور قسم کا جسم حاصل کر لیتی ہے جس کا اس پہلے جسم سے ایک خصوصیتِ خاص کے ساتھ مختلف ہونا لازمی ہے۔ یہ جسم انسان کے اعمالِ نیک اور افعالِ بد سے موثر ہوتا رہتا ہے، جیسے ایک لباس ہو اور اس پر مختلف رنگ کے چھینٹے پڑتے جائیں جس سے اس کی حالت تبدیل ہوتی جائے اور یہی معنی ہیں روح کے کاسب اور مکتسب ہونے کے۔
مرنے کے بعد جب روح بدن سے جدا ہوتی ہے تو جو جسم نسمہ سے مل کر اُس نے حاصل کیا تھا اور جو تغیر اس میں اکتسابِ سعادت یا شقاوت سے ہوا تھا اُس کے بھی روح سے علیحدہ ہو جانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ پس وہ بدن سے علیحدہ ہوتی ہے مع اُس حیثیت یا کیفیت کے جو اس نے مصاحبتِ بدن سے بذریعہ نسمہ کے اختیار کی ہے۔
روح کے سبب جو کمالات انسان سے اور نیز حیوانات سے صادر ہوتے ہیں وہ عجائبِ قدرتِ الٰہی سے ہیں جن میں ایک نمونہ قدرتِ الٰہی کا پایا جاتا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روح کو ایک خصوصیتِ خاص مبداء فیاض سے ہے جو سوائے روح کے اور کسی میں نہیں پائی جاتی۔ اگر قرآنِ مجید پر غور کیا جائے تو اس خصوصیتِ خاص کا ثبوت اُس سے بھی پایا جاتا ہے جہاں خدا نے فرمایا ہے: فَنَفَخْتُ فِیْہِ مِنْ رُوْحِیْ۔ روح کی نسبت جو خدا نے اپنے ساتھ کی ہے یہ ثبوت ہے اُس خاصیتِ خاص کا میں نے ابھی ذکر کیا۔
تمام موجودات میں ہم یہ بات پاتے ہیں کہ اُن کو بالطبع رجوع طرف اپنے حیز4 کے ہے۔ کوئی وجہ نہیں ہے کہ روح میں بھی اس کا میلان طرف اپنے حیز کے نہ ہو اور مقتضا اُس میلان کا ہے راحت و سکون جب کہ وہ اپنے حیز میں پہنچ جائے اور الم یا عدمِ سکون جب تک کہ وہ اپنے حیز میں نہ پہنچے۔
انسان کے مرنے کے بعد جو حالت روح کی ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ اُس کے ساتھ وہ چیزیں شامل ہو گئی ہیں جن کا اُس نے زمانۂ مصاحبتِ بدن میں اکتساب کیا ہے۔ پس اگر وہ اکتساب اخلاقِ حمیدہ اور اعمالِ نیک کا ہے جو منافی جوہرِ روح کے نہیں ہے تو اس کو اپنے حیز تک پہنچنے میں کچھ دقت نہیں ہے اور اگر وہ اکتساب افعالِ ذمیمہ کا ہے جو منافی جوہرِ روح کے ہیں تو اس کو اپنے حیز تک پہنچنے کو اپنے تئیں اُس سے بری کرنا ضرور ہے۔ پس اگر یہ اکتساب ایسا ہے جس پر روح غالب آ جاتی ہے تو وہ بعد غلبہ اس سے بریت حاصل کرتی ہے اور اپنے حیز تک پہنچ جاتی ہے اور اگر وہ اکتساب ایسا ہے جس نے روح کو ایسا ضعیف کر دیا ہے کہ اُس سے اپنے تئیں بری نہیں کر سکتی تو ہمیشہ اپنے حیز سے دور اور آلام یا عدمِ سکون میں مبتلا رہتی ہے۔ شارع نے بتایا ہے کہ صرف شرک ایسی چیز ہے جس کا اکتساب روح کو ایسا ضعیف کر دیتا ہے کہ اُس کی برائی سے اپنے تئیں بری نہیں کر سکتی اور ہمیشہ دوزخ میں رہتی ہے۔
غرضکہ موحدین نجات پاتے ہیں اور مشرکین ہمیشہ دوزخ میں رہتے ہیں اور یہ کہ یہ بہت بڑی بحث ہے کہ موحدین کا اطلاق کن کے اوپر ہوتا ہے جو آخر کو نجات پاتے ہیں اور مشرکین کا کن پر جو نجات نہیں پائیں گے، مگر اس بحث کو اس آرٹیکل میں لکھنے کی ضرورت نہیں۔
جو کچھ کہ ہم نے اس مقام پر محض بدلائلِ عقلی بیان کیا ہے جیسے کہ اے میرے دوست تمہاری خواہش تھی، اُسی کے قریب قریب شاہ ولی اللہ صاحب نے حجۃ اللہ البالغہ میں بیان کیا ہے اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ اس آرٹیکل کے آخر میں اس کو نقل کر دوں۔ وہ فرماتے ہیں:
اذا مات الانسان کان للنسمۃ نشاۃ اخری فینشی فیض الروح الالہی فیہا قوۃ فیما بقی من الحس المشترک نکفی کفایۃ السمع والبصر والکلام بمدد من عالم المثال اعنی القوۃ المتوسطۃ بین المجرد والمحسوس المنبثۃ فی الافلاک کشیء واحد وربما تستعد النسمۃ حینئذ للباس نورانی او ظلمانی بمدد من عالم المثال ومن ہنالک تتولد عجائب عالم البرزخ ثم اذا نفخ فی الصور ای جاء فیض عام من باری الصور بمنزلۃ الفیض الذی کان منہ فی بدأ الخلق حین نفخت الارواح فی الاحساد واسس عالم الموالید اوجب فیض الروح الالہی ان یکتسی لباسا جسمانیا او لباسا بین المثال والجسم فیتحقق جمیع ما اخبر بہ الصادق المصدوق علیہ افضل الصلوات وایمن التحیات ولما کانت النسمۃ برزخا متوسطا بین الروح الالہی والبدن الارضی وجب ان یکون لہا وجہ الی ہذا ووجہ الی ذالک والوجہ المائل الی القدس ہو الملکیۃ والوجہ المائل الی الارض ہو البہیمیۃ وانقتصر من حقیقۃ الروح علی ہذہ المقدمات لنسلم فی ہذا العلم وتفرع علیہا التفاریع قبل ان تنکشف الحجاب فی علم اعلی من ہذا العلم واللہ اعلم (حجۃ اللہ البالغہ صفحہ 18)۔
(ترجمہ) جب انسان مر جاتا ہے تو روحِ حیوانی کے لئے ایک دوسری زندگی ہوتی ہے تو روحِ الٰہی اس کے حسِ مشترک میں جو باقی رہ گیا ہے، ایک قوت پیدا کرتی ہے جو سننے، دیکھنے اور بولنے کا کام دیتی ہے عالمِ مثال کی مدد کے ذریعہ سے، یعنی اس قوت کے ذریعہ سے جو مجرد اور محسوس کے بیچ میں ہے اور جو افلاک میں پھیلی ہوئی ہے شیئی واحد کی طرح سے اور اکثر اس حالت میں روحِ حیوانی مستعد ہوتی ہے نورانی یا ظلمانی لباس کے لئے بذریعہ عالمِ مثال کے اور یہاں عالمِ برزخ کے عجائبات پیدا ہوتے ہیں، پھر جب نفخِ صور ہو گا، یعنی ایک عام فیض خدا کی طرف سے آئے گا جیسا کہ ابتدائے خلق کے وقت اور عالمِ موالید کی بنیاد پڑنے کے وقت ہوا تھا تو روحِ الٰہی کا فیض اس بات کو واجب کرے گا کہ وہ جسمانی لباس پہنے یا ایک ایسا لباس جو مثال اور جسم کے بیچ میں ہے تو اُس وقت وہ تمام چیزیں متحقق ہوں گی جس کی خبر رسول اللہ صلعم نے دی ہے جو سچے ہیں اور سچے کہے گئے ہیں اور جن پر عمدہ درود اور مبارک تحیۃ ہے اور چونکہ روحِ حیوانی ایک برزخ ہے درمیانِ روحِ الٰہی اور خاکی بدن کے تو ضرور ہے کہ اس کا ایک رخ اس کی طرف ہو اور ایک اُس کی طرف، اور جو رخ عالمِ قدس کی طرف ہے وہ ملکیہ ہے اور جو رخ خاک کی طرف ہے وہ بہیمیہ ہے اور روح کی حقیقت میں سے ہم انہی مقدمات پر اکتفا کرتے ہیں تاکہ اس علم میں وہ تسلیم کر لی جائے اور اس پر تفریعیں متفرع ہوں قبل اس کے کہ جو علم اس سے اعلیٰ ہے اُس کے حجاب اٹھ جائیں اور خدا زیادہ جاننے والا ہے۔
(حجۃ اللہ البالغہ صفحہ 18)
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 203 تا 215 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

