علاوہ اس کے وہ علوم بھی جن کو ہم علومِ دنیوی کہتے ہیں، اگر ان کی تعلیم نیک طرح پر ہو تو باعثِ ترقیٔ ایمان اور سببِ محبت اور ترقیٔ معرفتِ ذاتِ باری تعالیٰ جل شانہ کے ہوتے ہیں۔ امام غزالی صاحب احیاء العلوم میں جہاں خدا تعالیٰ کی محبت کے اسباب کو بیان فرماتے ہیں، لکھتے ہیں کہ قوتِ معرفت سببِ قوتِ محبت ہے اور یہ بات خدا تعالیٰ کی صفات اور ملکوتِ سموات و ارض پر دھیان لگانے سے ہوتی ہے، اس لئے کہ کوئی ذرۂ آسمان و زمین سے ایسا نہیں ہے جو اُس کی حکمتوں اور عجیب نشانیوں سے خالی ہو۔ جس ذرہ پر نظر کی جائے وہ اس کی قدرتِ کاملہ پر شہادت دیتا ہے اور جس برگِ درخت پر نظر کی جائے، اُس کی حکمتِ بالغہ پر دلالت کرتا ہے۔ کوئی دانہ زمین سے نہیں اُگتا کہ اپنے اُگانے والے کی توحید پر ہزار زبان سے اقرار نہ کرتا ہو اور اس کی قدرتِ کاملہ پر ہزار طرح سے شہادت نہ دیتا ہو۔ جس درخت پر نظر کی جائے ہر ورق اس کا اللہ جل شانہ کی وحدانیت کا مقر ہے اور جس ورق پر غور سے خیال کیا جائے اس کی معرفت کا دفتر ہے اور ان سب باتوں کا علم باعثِ ایمانِ کامل اس قادرِ مطلق پر ہے جس کی عبادت کرنا عین مسلمانوں کا ایمان ہے۔ پس تمام علومِ دنیوی اس اعتبار سے علومِ دینیہ سے کم نہیں ہیں۔
جس وقت کہ ہم علمِ ریاضی پڑھ کر خدا تعالیٰ کی اس قدرتِ کاملہ سے واقف ہوتے ہیں جو خلقِ آسمان و زمین و کواکبِ سیارہ و ثوابت میں کام آئی ہے اور کتنے بڑے بڑے کُرّات کو کیسی سریع حرکت سے معلق پھرتے دیکھتے ہیں اور اس کی عجائبِ حکمت کو دریافت کرتے ہیں تو کس طرح ہم کو وجودِ صانع اور اُس کی قدرتِ کاملہ پر یقین ہوتا ہے۔
جس وقت کہ ہم علمِ ارض، یعنی جیالوجی1 پڑھتے ہیں اور اُن عجائبات سے واقف ہوتے ہیں جو خدا تعالیٰ نے صرف اس کرۂ خاک میں بنائے ہیں جو دن رات ہمارے پاؤں کے تلے روندا جاتا ہے تو ہم کو کیسا مستحکم اُس خدا کی خدائی پر یقین ہوتا ہے۔
علمِ نباتات اور علمِ حیوانات سے جب ہم کو واقفیت ہوتی ہے تو پھولوں کی پنکھڑیوں کی رنگ آمیزی اور مکھی کی آنکھ کی پچکاری ہی ہم کو اُس حکیمِ مطلق کی حکمتِ کاملہ پر یقینِ کامل دلاتی ہے۔
اسی طرح تمام علوم، کیا علمِ آب اور کیا علمِ ہوا اور کیا علمِ جرثقیل اور کیا علمِ برق و مقناطیس سب کے سب ہماری معرفت کو قوت اور ہمارے ایمان کو خدائے واحد پر پختہ اور مستحکم کرتے ہیں اور حق الیقین، بلکہ عین الیقین کے مرتبہ تک پہنچاتے ہیں۔ پس اگر اس اعتبار سے ہم ان علوم کو بھی علومِ دینیہ کے شامل سمجھیں تو کچھ بعید نہیں۔
بعض علماء نے علمِ معقول اور علمِ کلام دونوں کا پڑھنا ناجائز سمجھا تھا اور بعضوں نے اس کے برخلاف اُن کو ضروری ٹھہرایا تھا۔ ہم اُس کے جائز یا ناجائز ہونے کی بحث سے درگذر کر کے یہ کہتے ہیں کہ وہ علمِ معقول جس پر علماء نے انکار کیا صرف یونانی حکیموں کے عقلی تُکّے تھے۔ وہ اپنی عقلِ ناقص سے خدا کی ذات و صفات سے بحث کرتے تھے جس کا الٰہیات اُنہوں نے نام رکھا تھا۔ وہ علوم اُن کے ساتھ گئے۔ اب جو نئے علوم پیدا ہوئے اور جو انگریزوں کی بدولت ہندوستان میں آئے وہ علوم صرف عقلی نہیں ہیں، نہ الٰہیات سے علاقہ رکھتے ہیں۔ وہ تو اشیائے موجودہ کے حقائق کے علوم ہیں جن سے ہر ایک شے جس کو ہم دیکھتے ہیں، اُس کی حقیقت معلوم ہوتی ہے۔ پس ان علوم کو اُس قدیم یونانی معقولات پر قیاس کرنا کتنی بڑی غلطی کی بات ہے۔ وہ علم تو ہماری عقلوں کو گمراہ کرنے والے تھے اور یہ علم حقیقتِ اشیاء کے بتانے والے اور خدا کی قدرتِ کاملہ اور حکمتِ بالغہ پر یقین دلانے والے ہیں۔
بعضے کٹ ملا یہ کہتے ہیں کہ ان علوم میں بھی جو حقیقت بعض اشیاء کی ثابت کی گئی ہے وہ مذہبِ اسلام کے برخلاف ہے اور اس لئے ان علوم سے بھی عقاید اور مسائلِ اسلام میں نقصان آنے کا احتمال ہے، مگر ایسی رائے پر بجز افسوس اور نفرین کے کیا کہا جا سکتا ہے۔ ایسے شخص کا مطلب یہ ہے کہ نعوذ باللہ مذہبِ اسلام حقیقت کے برخلاف ہے۔ ایسے شخص کی نسبت یہ کہنا چاہئے کہ یا تو وہ مذہبِ اسلام کی حقیقت سے واقف نہیں ہوا یا اُس کو مذہبِ اسلام کے سچے ہونے پر کامل یقین نہیں ہے۔
اب ہم اس خیال کو کہ عبادت صرف علومِ دینیہ ہی کا پڑھنا اور پڑھانا ہے، دوسری طرح پر باطل کرتے ہیں۔ خدا تعالیٰ نے انسان میں وہ تمام قویٰ پیدا کئے ہیں، جن سے وُہ علمِ دین اور وہ علوم جن کو دنیاوی علوم کہتے ہیں، دونوں کو حاصل کر سکتا ہے۔ پس ان دونوں قوتوں کو ہمیں کام میں لانا چاہئے تاکہ ہم نے خالق کی مرضی کے مطابق کام کیا ہو نہ یہ کہ ایک کو شگفتہ و شاداب اور دوسرے کو مُعطل و بیکار کر دیں، کیونکہ یہ امر قانونِ قدرت کے برخلاف ہے اور اس لئے نیکی نہیں ہو سکتا اور جب نیکی نہیں ہو سکتا تو عبادت بھی نہیں ہو سکتا۔ ہاں اتنی بات ضرور ہے کہ ہم ان دونوں قوتوں کو حدِ اعتدال پر رہنے دیں اور ایک کو دوسرے سے مغلوب نہ کر دیں۔
خدا تعالیٰ نے ہم کو ہمارا مذہب ایسا عمدہ دیا ہے جو ہماری معاد اور معاش دونوں کو قانونِ قدرت کے مطابق اصلاح کرنے والا اور ترقی دینے والا ہے۔ جس طرح کہ ہم اس بات کو خیال کر سکتے ہیں کہ اگر تمام لوگ صرف علومِ دنیوی کی تحصیل کیا کریں تو دین کا کیا حال ہوگا اسی طرح اگر تمام لوگ صرف علومِ دینی ہی پڑھا کریں تو ہماری دنیا کا جس کی اصلاح شریعت سے خارج نہیں ہے، کیا حال ہوگا، بلکہ علومِ دنیاوی کے معدوم ہونے سے دین اور علومِ دینی دونوں کے معدوم ہونے کا قوی اندیشہ ہے۔ پس ہمارا فرض ہے کہ ہم دونوں قسم کے علوم کی ترویج پر سعی و کوشش کریں اور ایک کو دوسرے کا آلہ سمجھ کر دونوں کو پڑھنا اور پڑھانا داخلِ عبادت جانیں۔
قطعِ نظر ان سب باتوں کے اکلِ حلال کا پیدا کرنا ہر شخص پر فرض ہے اور اُس کے لئے اسباب و سامان اور ذریعے اور وسیلے بہم پہنچانے بلاشبہ ثواب اور داخلِ عبادت ہوں گے۔ دنیوی علوم بلاشبہ کسبِ حلال کے لئے نہایت عمدہ ذریعے اور وسیلے ہیں۔ پس مسلمانوں کے لئے اُن ذریعوں کا مہیا کرنا بلاشک و شبہ بہت بڑی نیکی اور عمدہ ثواب تصور کیا جائے گا اور اس لئے ٹھیک عبادت ہوگا۔
زہد و ریاضت۔ ایک بڑی غلطی جس میں مسلمان پڑے ہیں وہ یہ ہے کہ اُنہوں نے زہد و ریاضت کو صرف راتوں کو جاگنے اور ذکر و شغل کرنے اور نفل پڑھنے اور نفلی روزہ رکھنے پر منحصر سمجھا ہے۔ قطعِ نظر اس کے کہ اُن کا ایسا کرنا اور حدِ اعتدال سے گذر جانا جو قانونِ قدرت کے برخلاف ہے مقصودِ شارع ہے یا نہیں، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ وہ عبادت صحیح، مگر اس کے سوا اور نیک باتوں کو عبادت نہ سمجھنا جو اُن سے بھی بہت زیادہ مفید ہیں، بہت بڑی غلطی ہے۔
زہد و ریاضت جہاں تک کہ حدِ شرعی سے تجاوز نہ کرے بلاشبہ نیکی و عبادت ہے، مگر عام فلاح پر کوشش کرنا اور، اور ایسے امور پر کوشش کرنا جو اپنے ہم مذہبوں کے دینی اور دنیوی حال اور مال کی بھلائی و بہتری کے ہوں اُس سے بہت زیادہ تر مفید ہے۔ زہد و ریاضت ایک بخیل نیکی ہے جو صرف اپنی ذات کے لئے کی جاتی ہے۔ اُس کی مثال ایسے شخص کی ہے جو ایک کوٹھڑی میں بیٹھ کر کھانا کھائے اور صرف اپنا پیٹ بھر لے۔ عام فلاح چاہنے والا جو اس کام میں زہد و ریاضت کرتا ہے، اُس کی مثال حاتم کی سخاوت کی سی ہے جو ہزاروں آدمیوں کو کھلا کر کھاتا ہے۔ پس کیسی بڑی غلطی ہے جو تن پروری کو تو عبادت سمجھا جائے اور اصلی فیاضی اور سخاوت اور ہمدردی کو عبادت نہ سمجھا جائے۔

