اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

عبادت

علاوہ اس کے درجۂ ثواب و عبادت تبدلِ حالات سے بالکل بدل جاتا ہے۔ فرض کرو کہ اگر کسی مقام میں پانی کا قحط ہو تو اُس جگہ بیٹھ کر نفل پڑھنے یا قرآن مجید کی تلاوت کرنے یا ذکر و شغل کی ضرب لگانی زیادہ ثواب کی بات ہے یا کندھے پر پانی لانا اور لوگوں کو پلانا زیادہ ثواب ہے۔ پس جو حالت کہ اس زمانہ میں مسلمانوں کی ہے، اگر اُن کی بہتری پر سعی کی جائے تو نفل و رات کے جاگنے کی ریاضت سے بلاشبہ زائد ثواب ہے۔ انصاف سے دیکھو کہ اگر پیر جی صاحب مریدوں سے حلوا مانڈے لینے کے بدلے مسلمانوں کی تعلیم کے لئے کچھ جمع کریں اور جناب مولوی صاحب قبلہ جو منبر پر بیٹھ کر دنیا کے ہیچ اور اہلِ دنیا کے کافر ہونے کا وعظ فرماتے ہیں، مگر جب سفید گول گول نذر پیش ہوتی ہے تو جھٹ ہاتھ لمبا کر کر اور ایک عجیب شتر غمزہ سے اُٹھا کر جیبِ مبارک میں رکھ لیتے ہیں، اگر اُسی پلید و ناپاک دنیا، یعنی نذر کو مسلمانوں کی تعلیم میں، دنیوی نہ سہی، دینی ہی تعلیم میں صرف کریں تو کیسا کچھ ثواب کمائیں۔ پس جھوٹ موٹ کی عبادت اور دکھلاوے کی ریاضت جس سے انسان کا دل بعوض نرم ہونے کے پتھر سے بھی زیادہ سخت ہو جاتا ہے، ہماری سمجھ میں تو کچھ کام کی نہیں ہے۔

ترکِ دنیا۔ ایک اور جھوٹا اور غلط خیال یہ ہے کہ ترکِ دنیا عبادت ہے۔ یہ ایک ایسا غلط اور جھوٹا قول ہے کہ اس سے زیادہ دوسرا نہیں ہو سکتا۔ دنیا کا ترک کرنا جس طرح کہ لوگ سمجھتے ہیں، غیر ممکن ہے۔ البتہ جس طرح شارع نے فرمایا ہے اور ترکِ دنیا سے جو اُس نے مراد لی ہے، وہ بالکل صحیح اور نہایت درست اور بالکل قانونِ قدرت کے مطابق ہے، مگر اس زمانہ کے لوگوں کے خیال کے مطابق شارع والی ترکِ دنیا عینِ شقاوت اور کمالِ دنیاداری ہے۔ نعوذ باللہ منہا‌اس سے اللہ کی پناہ۔ دنیا ہمارے لئے پیدا ہوئی ہے اور ہم دنیا کے لئے۔ پھر ہم اُس کو اُس طرح پر جس طرح کہ جھوٹے دنیا ترک کرنے والے ترک کرنے کو کہتے ہیں، کیونکر ترک کر سکتے ہیں۔ ہاں جس طرح کہ شارع نے دنیا کا ترک کرنا بتایا اُس طرح پر ترک کرنا سچا ہے اور وہ یہ ہے کہ ہم دنیا کو اس طرح پر پکڑیں جس طرح کہ شارع نے بتایا ہے، نہ اپنے جذباتِ نفسانی کی مرضی پر اور اُس کو اس طرح پر کام میں لائیں جس طرح قانونِ قدرت نے ہم کو سکھایا ہے، نہ اپنی ہوائے نفسانی کے مطابق۔

لنڈن میں ایک یوروپین لا مذہب میرا دوست تھا۔ اس کو اس بات کے معلوم ہونے سے کہ میں حضرت مسیح علیہ السلام کو اور اُن کی وعظ و نصائح کو جو انجیلوں میں مندرج ہیں، مانتا ہوں، نہایت تعجب تھا۔ لنڈن میں دستور ہے کہ اتوار کے دن تمام دوکانیں بند ہو جاتی ہیں اور اگر ایک دن پہلے نہ خرید لیں تو کھانے پینے کی بھی کوئی چیز نہیں ملتی۔ ایک دفعہ وہ دوست اتوار کے دن کھانے کے وقت مجھ سے ملنے آیا اور میز پر تمام کھانے کی چیز چنی ہوئی دیکھ کر تعجب سے پوچھنے لگا کہ آج یہ سب چیزیں آپ کو کیونکر میسر ہوئیں؟ میں نے کہا کہ ہفتے کے دن سب کچھ لے رکھا تھا۔ وہ ہنس کر بولا کہ خوب ہوا جو آپ نے حضرت مسیحؑ کے اس قول پر کہ ’’اس بات کی فکر مت کرو کہ کل کیا کھاؤ گے‘‘ عمل نہیں کیا، ورنہ آج بھوکے رہ جاتے۔ میں نے ہنس کر یہ کہا کہ یہ مطلب اُس کا نہیں۔ پس جو مسلمان کہ خلافِ قانونِ قدرت ترکِ دنیا کا وعظ فرماتے ہیں وہ اسی طرح سے اپنے مذہب کو مضحکہ بناتے ہیں اور غور کر کے دیکھو تو وہ خود جو کچھ کرتے ہیں دنیا ہی کمانے کو کرتے ہیں۔ پس یہ بات سمجھنا کہ اموراتِ دنیا میں مصروف ہونا عبادت نہیں ہے، عینِ غلطی ہے۔ ہاں اُس کو قانونِ قدرت کے برخلاف استعمال میں لانا شقاوت اور اُس کے مطابق برتاؤ میں لانا عینِ عبادت ہے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 144 تا 155 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔