اتنا سنتے ہی ثبینہ نے اپنے پردے کے کونے پر ہاتھ مارا اور کہنے لگی ’’خدا تجھے غارت کرے۔ خدا تجھے غارت کرے‘‘۔ یہ سن کے اس کے باپ نے کہا ’’کیوں ثبینہ کیا ہوا؟‘‘ کہنے لگی ’’جب لوگ سو جاتے ہیں اس پشتہ کے ادھر سے ایک کتا آ کے ہمیں ستایا کرتا ہے‘‘۔ اس کے بعد اپنی لونڈی سے کہنے لگی ’’جا مقل کے جنگل میں سے کچھ لکڑیاں توڑ لا تاکہ ہم اپنی ایک بکری ذبح کر کے اس مہمان کی دعوت کریں‘‘۔ یہ سن کے میں نے کہا ’’نہیں مجھے ٹھہرنے کی فرصت نہیں ہے۔ ایک ضروری کام پر جانا ہے۔ اور اسی وقت جاؤں گا۔ یہ جواب دے کے میں جمیل کے پاس گیا۔ ساری سرگزشت اس سے بیان کر دی۔ میں اس شوخ طبع لڑکی کا مطلب نہ سمجھ سکا تھا مگر جمیل فوراً سمجھ گیا۔ کہنے لگا ’’مقل کے جنگل میں ملنے کا اس نے وعدہ کیا ہے‘‘۔ الغرض دوسرے دن جمیل اپنے پیامبر کثیر کو ہمراہ لے کے اس جنگل میں پہونچا دیکھا تو ثبینہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ وہاں موجود تھی۔ رات بھر اس جنگل میں لطفِ صحبت رہا۔ اور صبح ہوتے ہی دونوں ایک دوسرے کو حسرت کی نگاہوں سے دیکھ کے رخصت ہوئے۔ کثیر کہتا ہے میں نے کوئی صحبت اس سے زیادہ دلچسپ زندگی بھر نہیں دیکھی۔ اور نہ جمیل اور ثبینہ سے زیادہ کسی کو ایک دوسرے کے دل سے واقف پایا۔ دونوں ایک دوسرے کے جذباتِ دلی کو فوراً سمجھ جاتے تھے۔
جمیل کے اشعار دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ سارا دیوان گویا ثبینہ کو یا اس مہ لقا کے دلفریب خیال کو آنکھوں کے سامنے بٹھا کے لکھا گیا ہے کہتا ہے۔
|
ماذلت ابغی الحی اتّبع فَلّھُمْ |
حتّٰی وقعت الی ربیبۃ ھودج |
|
ترجمہ: میں برابر اس قبیلہ میں جاتا تھا اور اس کے شکست خوردہ لوگوں میں چلا جاتا تھا یہاں تک کہ ایک صاحبِ محمل نازنین تک پہونچا۔ |
|
|
فدنوت مختفیًا الم بیتھا |
حتّٰی دلجت الی خفی المولج |
|
ترجمہ: میں چھپ کے اس کے قریب گیا اور اس کے گھر میں جانے لگا۔ آخر پوشیدہ کمرہ میں داخل ہو گیا۔ |
|
|
فتناولت راسی لتعرف مسہ |
بمخضّب الاطراف غیر مشنّج |
|
ترجمہ: اس نازنین نے اپنی کشادہ اور مہندی میں رنگی ہوئی انگلیاں بڑھائیں کہ میرے سر کو ٹٹول کے دریافت کرے کہ کون ہوں۔ |
|
|
قالت وعیش اخی ونعمۃ والدی |
لانبھن القوم ان لم تخرج |
|
ترجمہ: اور کہنے لگی مجھے بھائی کی عیش و عشرت اور ابا جان کی نعمت و دولت کی قسم اگر اس وقت تم چلے نہ گئے تو میں سب کو جگا دوں گی۔ |
|
|
فخرجتُ خیفۃ قولھا فتبسمت |
فعلمتُ ان یمینھا لم تلجج |
|
ترجمہ: بس اُس کی باتوں سے ڈر کے میں وہاں سے نکلا اور وہ ہنس پڑی تب میں سمجھا کہ اس کی قسم کا اعتبار نہ تھا۔ |
|
|
فلثمت فاھا اخذًا بقرونھا |
شرب النزیف بماء برد الحشرج |
|
ترجمہ: پھر میں نے اس کی زلفیں ہاتھ میں لے کے اس کے ہونٹ چوسے اسی طرح جس طرح کسی بدمست کے گلے سے رک رک کے ٹھنڈا پانی اترتا ہے۔ |
|
جمیل کی زندگی اسی طرح برابر بیتابانہ عشق۔ شاعرانہ ولولوں اور مسلسل ناکامیوں میں گذری۔ گو کہ وفادار اور قدردانِ الفت معشوقہ اکثر ان سے مل کے ان کی مراد پوری کر جاتی تھی۔ مگر یہ آرزو نہ بر آنا تھی نہ بر آئی کہ کبھی اس دلربا نازنین کی ہم آغوشی کا لطف اٹھا سکیں۔ انھیں بے مرادیوں میں مصر کا ارادہ کیا۔ قاضی ہرون بن عبد اللہ کا بیان ہے کہ ان دنوں عبد العزیز بن مروان والیٔ مصر تھا۔ اور اس کی نکتہ سنجی اور دقیقہ فہمی کا شہرہ تھا۔ خدا نے اسے اہلِ علم اور نازک خیال شعرا کا قدردان بنایا تھا۔ مصر میں یہ اس سے ملنے کی غرض سے گئے تھے۔ اس نے اپنے ملک میں ایسے باکمال کے آنے کو نہایت افتخار کی نظر سے دیکھا اور ان کی بہت کچھ خاطر و مدارات کی۔ جمیل نے اس کی شان میں قصائد کہے اس نے ان کو سنا۔ اور انعام و اکرام سے نہال کر دیا۔ اگر جمیل کے دل میں دولت اور مرفہ حالی کی آرزوئیں تھیں تو مصر پہونچ کے اور عبد العزیز بن مروان کے ایسے فیاض والیٔ ملک سے مل کے سب پوری ہو گئی تھیں۔ لیکن نہیں۔ ان کے دل میں جو کانٹا کھٹک رہا تھا وہ کسی کے نکالے سے نہیں نکل سکتا تھا۔ یہ ثبینہ کے شہیدِ ناز تھے۔ اور اس کے حسنِ گلو سوز کی تمنا میں ہر وقت بیقرار رہا کرتے تھے۔ اس عشق کا تذکرہ عبد العزیز سن چکا تھا۔ موقع دیکھ کے اور ہمدردی کے لہجہ میں اس نے خود ہی ثبینہ کا ذکر چھیڑا۔ اور ان کے دردِ دل کا حال پوچھنے لگا۔ بس چھیڑنے کی دیر تھی۔ اُنھوں نے رو رو کے اپنا دکھڑا بیان کرنا شروع کیا۔ اپنی ناکامیوں اور مایوسیوں کو ایسی درد بھری آواز اور ایسے بیتابی کے لہجے میں بیان کیا کہ والیٔ مصر کا دل بھر آیا۔ اس نے ان کی دل دہی اور تسلی کی۔ اور کہا ’’آپ مطمئن رہیے۔ انشاء اللہ آپ کو آپ کی ثبینہ سے ملا دوں گا۔ بلکہ خدا نے چاہا تو اسے کوشش کر کے آپ کی بی بی بناؤں گا۔ تاکہ آپ ہمیشہ کے اس کی ہم آغوشی سے مسرور و محظوظ ہوں‘‘۔ اس کے بعد اس نے انھیں ایک عمدہ مکان رہنے کو دیا اور اپنے ہی دل عاطفت میں ٹھہرایا۔ لیکن عشق کا وار اُن کے دل پر ایسا کاری پڑ چکا تھا کہ ان تسلی کے الفاظ نے ان پر کوئی اثر نہ کیا۔ ٹھہرنے کو تو وہاں ٹھہر گئے مگر چند ہی روز کے بعد بیمار پڑ گئے اور بیماری نے بھی رفتہ رفتہ ترقی کر کے پہلے صاحبِ فراش اور پھر لبِ گور کر دیا۔
زبیر بن بکار کا بیان ہے مجھ سے عباس بن سہیل بیان کرتے تھے کہ ایک روز میں مصر کے بازار میں چلا جاتا تھا۔ اتفاقًا راستہ میں ایک شخص ملا اس نے صاحب سلامت کے بعد کہا ’’آپ کو کچھ جمیل کی بھی خبر ہے؟ وہ بہت بیمار ہیں۔ چلیے ذرا اُن کی عیادت کر آئیں‘‘۔ یہ سن کے میں نے اسے اپنے ہمراہ لیا۔ اور جمیل کے گھر پر گیا۔ دیکھا تو وہ جسمانی تکالیف میں مبتلا ہیں۔ اور کسی پہلو پر انھیں قرار نہیں آتا۔ میری طرف دیکھتے ہی بولے ’’اے ابن سہیل اس شخص کے بارے میں تمھاری کیا رائے ہے جس نے نہ کبھی شراب پی۔ نہ کبھی زنا کیا۔ نہ کسی شخص کو قتل کیا۔ نہ کبھی چوری کی اور کلمۂ طیب لا الہ الا اللہ کا معترف ہے‘‘۔ میں نے کہا ’’بظنِ غالب اس کی نجات ہوگی۔ اور امید کی جاتی ہے کہ وہ جنت میں جائے گا‘‘۔ اس کے بعد میں نے کہا ’’اچھا یہ تو بتائیے کہ آپ کس شخص کا تذکرہ کرتے ہیں؟‘‘ بولے ’’خود اپنا‘‘۔ اتنا سنتے ہی مجھے حیرت ہو گئی۔ اور میں نے کہا ’’خدا کی قسم مجھے کبھی اس کا خیال بھی نہ تھا کہ آپ معاصی سے اس قدر محفوظ ہوں گے۔ حالانکہ بیس برس سے ثبینہ کے عشق میں مبتلا ہیں۔ اور اس سے ملنے اور لطف اٹھانے کو شاعرانہ خیالات میں برابر ادا کرتے رہتے ہیں‘‘۔ یہ سن کے جوش میں آ کے بولے ’’تم دیکھتے ہو کہ یہ میری زندگی کی پچھلی گھڑیاں ہیں اور اب مجھے عالمِ اخری سے بہت جلد سابقہ پڑنے والا ہے۔ اس وقت میں قسم کھا کے کہتا ہوں کہ مجھے جناب رسالت آپ صلعم کی شفاعت نہ نصیب ہو۔ اگر میں نے کبھی بدنیتی سے اس کی طرف اپنا ہاتھ بھی بڑھایا ہو‘‘۔ جس روز کا یہ واقعہ ہے وہ دن ہنوز تمام نہ ہونے پایا تھا کہ جمیل نے دنیا کو رخصت کیا۔ اور رہ نوردِ عالمِ بالا ہوئے۔

