جمیل نے یہ امر ایسے وقت میں اور ایسی حالت میں بیان کیا ہے کہ ہم کبھی جھوٹ کا احتمال نہیں کر سکتے اور اسی سے پتہ چلتا ہے بلکہ ہم یقین کیے لیتے ہیں کہ وہ دنیا سے ناکام و نامراد اور دینی حیثیت سے نہایت ہی پاک و صاف گئے۔ خدا غریقِ رحمت کرے۔ لیکن سچ یہ ہے کہ جو تحمل و صبر اپنے جذباتِ دلی کے مقابلے میں دکھایا انھیں کا کام تھا۔ معشوقہ سے اکثر صحبتوں میں ملنا۔ بے تکلفی اور تنہائی میں اس پر اپنے جذباتِ دلی ظاہر کرنا خود اس کا بھی اُن کی کششِ عشق سے بیتاب ہو جانا۔ اور پھر دونوں کا بیگناہ اور پاکباز بنا رہنا سچ تو یہ ہے کہ نہایت دشوار کام ہے۔ لیکن یہ دشواریاں صرف ہماری نظر میں ہیں۔ اس لیے کہ ہمارے جذبات جھوٹے ہیں اور ان کا مدار صرف نفس پرستی پر ہے۔ جن لوگوں کا عشق سچا تھا۔ ان کی حالت اکثر ایسی ہی دیکھی گئی ہے کہ اُن کی نظر میں وصال اور عدمِ وصال دونوں کیفیتیں برابر ہوتی ہیں۔ ان کو جیسی بیتابی عالمِ ہجراں میں تھی ویسی ہی بیتابی ان سے اُس وقت بھی ظاہر ہوئی جب دلفریب معشوقہ آنکھوں کے سامنے بیٹھی تھی ان کے نزدیک عشق کا منشا اور جذباتِ دلی کا منتہٰے سیاہ کاری اور ذلیل شہوت پرستی نہ تھی بلکہ وہ صرف ایک دلربا صورت کے دیوانے تھے۔ جو اللہ تعالیٰ کے اعلیٰ کمال اور قدرت کی بیمثل صناعی کی خبر دیتی تھی۔ صورت دیکھ کے صرف اتنے خیال نے انھیں اور از خود رفتہ بنا دیا کہ ’’ہائے کیا پیاری صورت ہے؟‘‘ جمیل شاعر جس کی زندگی ایک ہم قبیلہ عورت کے عشق میں گذری اُس کے حالات صاف بتا رہے ہیں کہ وہ غریب بھی اسی قسم کا دیوانہ تھا۔ قیس عامری کی طرح وہ بھی انا لیلیٰ کہنے کا دعویٰ رکھتا تھا۔ اس کے دل میں ہمارے زمانہ کے شہوت پرست عشاق کی طرح کسی بہو بیٹی کی بے عصمتی کے جذبات اور خیالات نہ تھے۔ ایک یہ بھی عجیب بات ہے کہ اس درجۂ عشق کو پہونچے ہوئے عشاق ہمیشہ ناکام رہے اور دنیا سے نامراد ہی گئے جتنے سچے واقعات نامورانِ دنیائے عشق کے ہیں سب بتا رہے ہیں کہ باوجود ہر قسم کی اور ہر طرح کی بیتابیوں کے اور باوجود اس کے کہ معشوقہ بھی اکثر وفا شعار بلکہ ان کے دردِ دل پر آنسو بہانے والی تھی انھیں اپنی آرزؤں میں کامیابی نہ نصیب ہوئی جذباتِ دل اکثر معشوقہ کو ان کے پاس جنگل میں بھی کھینچ لائے۔ لیکن یہ نہ ہوا کہ جائز طور پر دونوں میں رابطۂ محبت قائم ہو جائے۔ اور ناجائز وصال سے ان کو پرہیز رہا۔
الغرض اپنے تمام سچے ہم مذاقوں کی طرح جمیل عذری نے بھی مایوسی ہی کے ساتھ جان دی۔ اور مرتے وقت یقین دلا دیا کہ اُن کی معشوقہ اور وہ خود دونوں اس اختتامِ عشق کی گھڑی تک پاکبازی کے ساتھ خدا سے ڈرتے تھے۔ علامۂ ابو الفرج اصبہانی نے اپنی مشہور کتاب ’’آغانی‘‘ میں نقل کیا ہے کہ اصمعی کسی شخص کی زبانی یہ واقعہ بیان کرتے تھے کہ جب جمیل کا آخری وقت تھا اور زندگی کی پچھلی سانسیں رک رک کے چل رہی تھیں اس وقت انھوں نے اس شخص کو بلا بھیجا۔ وہ سامنے گیا تو کہنے لگے ’’اگر تم میری ایک وصیت بجا لاؤ اور مجھ سے عہد کرو تو میں تمھیں اپنے تمام مال و اسباب کا وارث اور مالک کر دوں‘‘۔ وہ کہنے لگا ’’آپ جو خدمت فرمائیے میں بجا لانے کو موجود ہوں‘‘۔ یہ قابلِ اطمینان وعدہ سن کے بولے ’’اچھا تو میں جب مر جاؤں تم میرا یہ کرتا تو رہنے دینا باقی تمام چیزیں تمھاری ہیں۔ خیر اس کرتے کو لے کے تم سفر کرنا اور ثبینہ کے قبیلہ میں جا کے میرے اس اونٹ پر سوار ہونا اور میرا یہ کرتا خود پہن لینا اور اس کا گریبان چاک کر دینا۔ پھر کسی بلند ٹیلہ پر چڑھ جانا اور بآوازِ بلند یہ تین شعر پڑھنا۔ جن کا مطلب یہ ہے ’’خبرِ مرگ پہونچانے والے نے جمیل کے مرنے کی خبر سنائی۔ وہ مصر میں جا کے ایسا ٹھہرا تھا کہ پھر آنا نہ نصیب ہوا۔ عام وادی قریٰ میں کھیتوں اور جھاڑیوں کے درمیان میں کھڑا تھا کہ سردی کا صدمہ اٹھا کے مر گیا۔ اے ثبینہ اٹھ اور اس پر آنسو بہا۔ اور اپنے اس دوست پر گریہ و زاری کر جو سب دوستوں سے ادنیٰ درجہ پر تھا‘‘۔ خود اس شخص کا بیان ہے کہ میں نے وہ اشعار جا کے پڑھے ہنوز تینوں شعر پورے نہ ہونے پائے تھے کہ ثبینہ نہایت ہی بدحواسی کے ساتھ مجھے آتی ہوئی نظر آئی۔ لیکن ایسی پیاری صورت تھی کہ معلوم ہوتا تھا گویا اندھیری رات میں چاند چلا آتا ہے۔ وہ اپنی چادر میں لپٹی ہوئی تھی۔ اور نہایت ہی حیران و پریشان تھی۔ میرے قریب آ کے اس نے میری طرف خطاب کر کے کہا ’’اے شخص سچ بتا۔ اگر تو نے سچ کہا تو مجھے مار ڈالا۔ اور اگر جھوٹ کہا تو مجھے اس قدر بدحواس کر کے اپنے قبیلہ میں رسوا کر دیا‘‘۔ میں نے جواب دیا ’’خدا کی قسم میں سچ کہتا ہوں‘‘۔ اور یہ کہتے ہی میں نے جمیل کا کرتا اتار کے اس کے سامنے پیش کیا۔ کرتے کی صورت دیکھتے ہی اس نے اپنا منہ پیٹنا اور نوحہ کرنا شروع کیا۔ قبیلۂ عذرہ کی اور عورتیں بھی آ کے جمع ہو گئیں اور اس کے ساتھ مل کے سبھوں نے رونا پیٹنا شروع کیا۔ کچھ دیر یونہیں بزمِ ماتم گرم رہی تھی کہ یکایک ثبینہ غش کھا کے گر پڑی۔ دیر تک غش میں پڑی رہی۔ پھر اٹھی اور انتہا سے زیادہ حسرت و اندوہ کی آواز میں اس نے دو شعر پڑھے وہ ایسے شعر تھے کہ اُنھوں نے ہر چہار طرف عالم پر عجب وحشت ناک حسرت برسا دی۔ اسی شخص کا بیان ہے کہ میں نے اس روز ثبینہ کو جس قدر روتے ہوئے دیکھا تھا اس قدر روتے آج تک کسی کو نہیں دیکھا۔ وہ شخص اس کے بعد چلا آیا اور یہ نہیں معلوم کہ اس غم و اندوہ نے ثبینہ کا کیا حال کیا۔
اسی مقام سے پتہ چلتا ہے کہ ثبینہ کو بھی جمیل کے ساتھ سچا عشق تھا اور اسی پر قیاس کر لینا چاہیے کہ جمیل کی بیتابانہ حسرتوں کا اثر ہمیشہ ثبینہ کے دل کو بے چین رکھتا ہوگا۔ وہ دوشیزگی کے زمانہ سے جمیل کی معشوقہ بنی اور شادی کی لذتوں سے آخر تک محروم رہی۔ جمیل کی جانب سے جو کوششیں نکاح کی بابت ہوئیں ان میں ناکامی ہوئی گو پوشیدہ طور پر ماں باپ سے چھپ چھپ کے صحراؤں اور وادیوں میں آئی۔ اور جمیل اس کی صحبت سے اکثر لطف اٹھایا کیا لیکن چونکہ جمیل اپنے عشق میں سچا اور پاکباز تھا لہذا وہ آخر تک پاکدامن رہی۔
جمیل نے سنہ 83ھ میں اس دنیا سے انتقال کیا جس کے چند روز بعد زمانہ نے اس کی معشوقہ کو بھی اس کے پاس پہونچایا۔ دونوں اُس دوسرے عالم میں ایک دوسرے کی وصل سے لطف اٹھا رہے ہیں۔ عدم کی شہ نشین میں دونوں ہیں اور دونوں کے دل رنج و اندوہ سے پاک و صاف ہیں۔ مگر دنیا والوں کے لیے ایک حسرت ناک داستان چھوڑ گئے ہیں جو آخرِ زمانہ تک یاد آئے گی۔ اور پاک بازانِ محبت ان کی مایوسیوں کو یاد کر کر کے ہمیشہ روئیں گے۔

