(ملکی مصلحتوں کو تو بادشاہ ہی خوب سمجھتے ہیں۔ احمد! تو گدائے گوشہ نشین ہوتے ہوئے کیوں خواہ مخواہ شور مچاتا ہے)۔
مقدمۂ چہارم
صاحبِ فیض کی محبت حاصل ہونے کا بنیادی اُصول اُس کی یاد ہے۔ خدائے بزرگ و برتر فرماتا ہے ’’تم مجھے یاد کرو، میں تمھیں یاد رکھوں گا‘‘۔ اس کے ثبوت میں بے شمار احادیث موجود ہیں لیکن اس مختصر تحریر میں اُن کے درج کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔ عقل بھی اسے تسلیم کرتی ہے۔ لیلیٰ کو مجنوں کے سرِ بالیں کون لایا؟ فرہاد کے غم میں شیریں کو سیاہ پوش کس نے بنایا؟ کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ عاشقانِ مجازی یادِ محبوب سے لذت یاب نہ ہوتے ہوں۔ یہی خیالی وصال محبوب کو سرِ بازار کھینچ لاتا ہے اور اس پر اس قدر گہرا رنگ چڑھا دیتا ہے کہ معشوق خود عاشق بن جاتا ہے:
|
عشق آں خانماں خرابی ہست |
کہ ترا آورد بخانۂ ما |
(عشقِ خانہ خراب تجھے مرے گھر لے آئے گا)۔
ذکرِ محبوب کے وقت محبوب کی ہو بہو تصویر تصور میں موجود رہنی چاہیے اور کوئی وقت اس سے خالی نہ جانا چاہیے۔ جب طالبِ فیض کی یاد آوری، محبت، ذوق و شوق اور عشق پُرجوش ہو گا تو وہ ضرور صاحبِ فیض کی صورت پوری تعین و تشخص کے ساتھ دل میں جاگزیں پائے گا۔
جس طرح یاد کے لیے تصوّر لازمی ہے اسی طرح تصوّر، جو یاد کے لیے لازمی ہے، محبت کا باعث بنتا ہے۔ حسن ابن علی فرماتے ہیں کہ ہند بن ابی ہالہ، رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کا حلیہ بیان کیا کرتے تھے۔ میں نے اُن سے کہا مجھے بھی حضور پُرنور کے حلیۂ مبارک کے متعلق کچھ بتائیے تاکہ حضور کے جمالِ باکمال کے تصور سے آپ کی محبت میرے دل میں جاگزیں ہو۔
ان مقدمات کے مطالعے کے بعد آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے نقشبندیہ حضرات رضوان اللہ علیہم اجمعین اسی مراقبے کا حکم دیتے ہیں۔ طالب کے لیے ہر وقت تصورِ شیخ ضروری ہے تاکہ اس خیالی لیکن دلی یاد سے شیخ کی محبت اس کے دل میں جوش زن ہو اور رفتہ رفتہ ’’فنا فی الشیخ‘‘ کی صورت اختیار کر لے۔ شیخ اور طالبِ فیض کے نفسِ ناطقہ میں ایک گونہ مناسبت پیدا ہو۔ شیخ کا فیضِ صحبت و ارشاد جب طالب کے دل میں جاگزیں ہو گا تو وہ رذائل سے پاک صاف ہو کر مرتبۂ بلند پر فائز ہو جائے گا۔
اس موقع پر اگر میں یہ کہوں کہ یہ تصورِ شیخ رحمتِ الٰہی کا سرچشمہ ہے تو بے جا نہ ہو گا۔ اور اگر یہ سمجھوں کہ تصورِ شیخ کے سوا بارگاہِ خداوندی اور درگاہِ نبوی تک کوئی اور راہ نہیں جاتی تو میں حق بجانب ہوں گا۔
اور یہ محبتِ شیخ دو قسم کی ہو سکتی ہے۔ ایک وہبی دوسری کسبی جو قصد اور ارادی ذکر سے حاصل ہوتی ہے۔ اول الذکر کو ’’رابطہ‘‘ اور موخر الذکر کو ’’تصور‘‘ کہتے ہیں۔ اور نتیجے کے اعتبار سے دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔
یہ کہا جاتا ہے کہ یہ بزرگ اس کے قائل ہیں کہ حالتِ مراقبہ میں شیخ بذاتِ خود موجود ہوتا ہے اور بلا واسطہ ہمیں دیکھتا ہے اور ذاکر کے حال سے بلاوسیلہ واقف ہوتا ہے۔ یہ سراسر جھوٹ ہے اور ان بزرگوں کا دامن اس عقیدے کی آلائش سے قطعاً پاک ہے۔ البتہ مراقبہ اُصولی طور پر صحابۂ کرام، تابعین اور تبعِ تابعین کے حال و واردات سے ماخوذ ہے، اور سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال اس پر دلالت کرتے ہیں۔ اور اس خطاب ’’الصلوۃ والسلام علیک ایہا النبی و رحمۃ اللہ وبرکاتہ‘‘ کے معنی کی اسی طرح تصریح کرتے ہیں۔ پھر کس طرح اس کو بدعت اور ممنوع قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ بزرگ اس مراقبے کو اعلیٰ مدارج کی ترقی کا وسیلہ گردانتے ہیں، کیونکہ اس سے تزکیۂ نفس ہوتا ہے اور ’’فنا فی الرسول‘‘ کا مرتبہ حاصل ہوتا ہے۔ خدا تمام مسلمانوں اور اس خاکسار کو یہ سعادت نصیب کرے۔
ہمیں کسی سے تعرض نہیں ہے۔ ہم نے جو کچھ سمجھا ہے ہمارے لیے کافی ہے، بے سمجھ لاکھ سر پھوڑتے پھریں۔ مولانا اسماعیل علیہ الرحمۃ نے صراط المستقیم میں جو کچھ فرمایا ہے اس کا مقتضا بھی یہی ہے۔
اس بندۂ ناچیز کی سمجھ کے مطابق مولانا کے رگ و پے میں یہی کیفیت رچ بس گئی تھی اور اُن کی تمام تر تصانیف اسی کیفیت پر مبنی ہیں۔ مولانا مرحوم اُن حضرات کو جن کا شب و روز شغل ہی مراقبہ اور رابطہ رہا ہے، ان کو مرتے دم تک اپنا پیشوا اور مقتدا مانتے رہے اور انھوں نے ان بزرگوں کے متعلق کبھی سوء ظن کو اپنی طبیعت میں راہ نہیں دی۔
والسلام علیٰ من اتبع الہدیٰ
اردو جریدہ نے یہ خط «مکتوباتِ سرسید»، جلد دوم (مرتبہ شیخ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع ثانی جون 1985ء)، صفحہ 356 تا 366 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

