اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

خلافت

(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)

رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کی ذاتِ مبارک میں تین صفتیں جمع تھیں۔

اول۔ نبوت، یعنی شریعت کے احکام کا خدا کی طرف سے آپ کے پاس پہنچنا۔

دوم۔ ان احکام کی لوگوں میں تبلیغ۔

سوم۔ ملکی سیاست اور نفاذِ احکام اور محافظتِ احکامِ شریعت کی قوت اور اہلِ ملک کی حفاظت اور قوت اور طاقت سے مخالفین کی مدافعت۔

پہلا امر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کے انتقال پر ختم ہو گیا۔

اور اس امر میں کوئی شخص رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کا خلیفہ اور نائب نہ تھا اور نہ ہے اور نہ ہو سکتا ہے۔

دوسرے امر میں تمام فقہاء اور علماء اور محدثین جو احکامِ شریعتِ محمدیہ علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام‌اس کے لانے والے پر درود و سلام ہو کی لوگوں میں تبلیغ کرتے ہیں، رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کے خلیفہ یا نائب تصور ہو سکتے ہیں اور اسی واسطے بعض مفسرین نے آیت یَا اَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا اَطِیْعُوا اللہ وَاَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ وَاُولی الْاَمْرِ مِنْکُمْ1 میں جو لفظ اُولی الْاَمْر کا ہے، اس میں اَئمۂ اہلِ بَیت علیہم السلام اور علماء اور فقہاء کو داخل کیا ہے۔

تیسرے امر میں وہ لوگ جو کسی ملک کو اپنے قبضہ میں رکھتے ہیں اور اس کی سیاست کے مختار ہیں اور نفاذِ احکام اور محافظتِ احکامِ شریعت کی قوت اور اہلِ ملک کی حفاظت اور قوت اور طاقت سے مخالفین کی مدافعت کر سکتے ہیں، وہ لوگ اس امر میں خلیفہ یا نائبِ رسول تصور ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ خود صفات اور اخلاقِ محمدی سے موصوف اور تمام احکامِ شرعی کے پابند ہوں اور تقدیسِ ظاہری اور باطنی ان کو حاصل ہو اور بعض مفسرین نے سردارانِ لشکرِ اسلام کو بھی اولی الامر میں شامل کیا ہے جن کے ماتحت بہت سے لوگ ہوتے ہیں۔

سلاطینِ اسلام جو کسی ملک پر سلطنت رکھتے ہوں، ممکن ہے کہ اس تیسرے امر کے لحاظ سے اپنے تئیں خلیفہ کے لقب سے ملقب کریں مگر اُن کی خلافت یا سلطنت اسی ملک پر اور اسی ملک کے مسلمان باشندوں پر محدود رہے گی جو ان کے قبضۂ اقتدار میں ہے، نہ اُس ملک کے مسلمان باشندوں پر جو اُن کے قبضۂ حکومت میں نہیں ہیں، اس لئے خلیفہ کو ضرور لازم ہے کہ وہ ملک پر قبضہ اور سلطنت رکھتا ہو اور احکامِ حدود قصاص اس میں جاری کر سکتا ہو۔ اس کا حکم اس میں جاری ہو، دین کی حمایت کرتا ہو، دشمنوں کے ہاتھ سے اس ملک کے باشندوں کو محفوظ رکھ سکتا ہو اور اس ملک میں امن قائم رکھنے کی قوت اُس کو حاصل ہو۔ پس جس ملک میں کسی مسلمان بادشاہ کو ایسا اختیار اور اقتدار نہ ہو، وہ اس ملک کے لئے یا اس ملک کے مسلمان باشندوں کے لئے خلیفہ نہیں ہو سکتا نہ خلیفہ کہلایا جا سکتا ہے۔

سلطانِ ترکی کے خلیفہ ہونے کی نسبت جو اس پر بحث کی جاتی ہے کہ وہ نسلِ قریش سے نہیں ہیں اور جو لوگ ان کو خلیفہ جانتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ وہ روایت جس میں خلیفہ کے قریشی النسل ہونے کا ذکر ہے صحیح نہیں ہے۔ ہم ان تمام بحثوں سے قطع نظر کرتے ہیں اور سلطان کو خلیفہ تسلیم کرنے کے بعد کہتے ہیں کہ اگر وہ خلیفہ ہیں تو اس ملک کے اور اس ملک کے مسلمان باشندوں کے خلیفہ ہو سکتے ہیں، جس میں ان کی حکومت ہے اور جس میں اُن کو قتل و قصاص اور احکامِ دین کے قائم رکھنے کا اختیار اور اقتدار حاصل ہے، نہ اس ملک کے جہاں ان کو مطلق اقتدار اور اختیار حاصل نہیں ہے۔ نہ وہ قتل و قصاص کے احکام کو جاری کر سکتے ہیں، نہ دین کو قائم رکھ سکتے ہیں، نہ وہاں کے مسلمانوں کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ ایسے ملک میں وہ شرط نہیں پائی جاتی جو خلیفہ ہونے کے لئے ضرور ہے اور اس لئے وہ اس ملک یا اس ملک کے مسلمان باشندوں کے لئے خلیفہ نہیں ہو سکتے۔

ہم مسلمان ہندوستان کے رہنے والے گورنمنٹ انگریزی کی رعیت ہیں اور گورنمنٹ انگریزی میں مستامن ہو کر رہتے ہیں۔ گورنمنٹ انگریزی نے ہم کو امن دیا ہے اور ہم کو ہر طرح پر مذہبی آزادی بخشی ہے۔ باوجودیکہ گورنمنٹ انگریزی عیسائی مذہب رکھتی ہے، اگر کوئی عیسائی مسلمان ہو جائے تو وہ اسی طرح کچھ مزاحمت نہیں کرتی۔ جس طرح کہ کسی مسلمان کے عیسائی ہو جانے سے نہیں کرتی۔ مشنری پادریوں کو گورنمنٹ سے کچھ تعلق نہیں ہے جس طرح کہ وہ وعظ کرتے ہیں، اسی طرح سینکڑوں مسلمان مذہبِ اسلام کا وعظ کرتے پھرتے ہیں۔ اگر مسلمان عیسائی ہو جاتا ہے تو ہمیشہ کوئی نہ کوئی عیسائی بھی مسلمان ہو جاتا ہے۔ پس گورنمنٹ انگریزی نے ہم مسلمانوں کو جو بطور رعیت کے مستامن ہو کر اس کی عملداری میں رہتے ہیں، کافی طور پر مذہبی آزادی دے رکھی ہے۔ علاوہ اس کے گورنمنٹ انگریزی میں ہماری مال و جان کی حفاظت ہوتی ہے۔ ہمارے تمام حقوق جو نکاح، طلاق، وراثت، وصیت، ہبہ و وقف سے متعلق ہیں بموجب شرعِ اسلام کے ہم کو ملتے ہیں، گو کہ اس قسم کے مقدمات ایک عیسائی حاکم کے سامنے پیش ہوں، کیونکہ عیسائی حاکم مجبور ہے کہ ان کو بموجب شرعِ اسلام کے فیصل کرے اور اس لئے ہمارا مذہبی فرض ہے کہ ہم گورنمنٹ انگریزی کے خیر خواہ اور وفادار رہیں اور کوئی بات قولاً و فعلاً ایسی نہ کریں، جو گورنمنٹ انگریزی کی خیر خواہی اور وفاداری کے بر خلاف ہو۔

سلطان عبدالحمید خاں خلد اللہ ملکہ2 کی ہم رعیت نہیں ہیں، نہ ان کو ہم پر یا ہمارے ملک پر کسی قسم کا اقتدار حاصل ہے۔ پس وہ بلاشبہ ایک مسلمان بادشاہ ہیں اور بوجہ اتحادِ اسلامی کے ہم ان کی بھلائی سے خوش اور ان کی برائی سے ناخوش ہوتے ہیں، مگر کسی طرح نہ شرعاً نہ مذہباً نہ خلیفہ ہیں نہ خلیفہ ہو سکتے ہیں۔ اگر ان کو کوئی حقِ خلافت ہے تو وہ اسی ملک پر اور اسی ملک کے مسلمانوں پر محدود ہے جو اُن کی علمداری میں رہتے ہیں۔

تاریخ سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ جن مسلمان بادشاہوں نے لقبِ خلیفہ کا اختیار کیا، ان کی خلافت اسی ملک اور اسی ملک کے باشندوں پر محدود رہی ہے جو ان کی سلطنت میں شامل اور ان کے قبضۂ اقتدار میں داخل تھے اور جو ملک اُن کی سلطنت میں نہ تھے ان کی خلافت یا امامت یا سلطنت سے ان کو کچھ تعلق نہ تھا۔ چنانچہ اس مقام پر ہم تاریخانہ طور سے خلفاء کے سلسلہ کو بیان کرتے ہیں جس سے معلوم ہوگا کہ ان کی خلافت اُسی حد تک محدود تھی جس قدر ملک کہ ان کے قبضہ میں تھا۔

حضرت ابوبکرؓ جو بعد وفاتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جانشین ہوئے، بلاشبہ وہ پسند فرماتے تھے کہ خلیفۂ رسول اللہ کہلاویں، مگر جب حضرت عمرؓ ان کے جانشین ہوئے تو یہ بات پسندیدہ نہیں تھی کہ حضرت عمرؓ خلیفۂ رسول اللہ کہلاویں، اس لئے بجائے اس لقب کے امیر المومنین کا لقب اختیار کیا گیا جس کے معنی ہیں مسلمانوں کے سردار۔ یہ ہی لقب حضرت عمرؓ کا اور حضرت عثمانؓ اور حضرت علی مرتضی کا اور حضرت امام حسن علیہم السلام کا رہا۔

جب حضرت امام حسنؑ نے خلعِ خلافت کی اور معاویہؓ بن سفیان کے ہاتھ حکومت آئی اور 41 ہجری مطابق 661 عیسوی کے دمشق دارلخلافہ ٹھہرا، اس وقت ان کا لقب بھی امیر المومنین رہا اور آج تک امیر معاویہؓ کے لقب سے مشہور ہیں، مگر جو کہ خلیفہ کا لقب زیادہ مقدس سمجھا جاتا تھا کہ اس میں اشارہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جانشینی نکلتا تھا، اس لئے وقتاً فوقتاً جو کوئی بنی اُمیہ میں سے جانشین ہوا، سب نے اپنا لقب خلیفہ کا اختیار کیا۔ خلفائے جو درحقیقت بمعنی سلطان کے تھا۔

اس کے بعد بنی عباس نے بنی اُمیہ کو مغلوب کیا اور 137 ہجری مطابق 754 عیسوی کے السفاح نے حکومت حاصل کی اور المنصور نے بجائے دمشق کے بغداد کو دارالخلافہ بنایا اور جو لوگ وقتاً فوقتاً بنی عباس میں سے جانشین ہوتے گئے سب نے اپنا لقب خلیفہ کا اختیار کیا۔ خلفائے بنی اُمیہ معدوم ہو گئے اور خلفائے بنی عباس کا دور دورہ ہو گیا۔

المقتدر باللہ عباسی بغداد میں خلیفہ موجود تھا، اسی کے عہد میں ایک خلافت افریقہ میں قائم ہو گئی، یعنی 297 ہجری مطابق 909 عیسوی میں عبداللہ المہدی نے افریقہ میں بمقام قیروان خلافت کی بنیاد ڈالی اور 341 ہجری مطابق 952 عیسوی میں المعز باللہ نے قیروان سے مصر کو دارالخلافہ ٹھہرایا۔ عُبداللہ المہدی اور اس کے جانشین سب علوی تھے اور سب نے خلیفہ کا لقب اختیار کیا تھا۔ اب اسلامی دنیا میں دو خلیفہ مستقل با اقتدار و اختیار پیدا ہو گئے۔ ایک خلفائے بنی عباس بغداد میں دوسرے خلفائے علوئین قیروان یا مصر میں۔