اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

کتابۃ الاعمال و المیزان و الموازنۃ

(از تہذیب الاخلاق جلدِ اول نمبر 6 (دورِ سوم) یکم ربیع الاول 1312ھ‌2 ستمبر 1894ء)

قال اللہ تعالیٰ وَ انَّ عَلَیْکُمْ لَحَافِظِیْنَ کِرَامًا کَاتِبِیْنَ یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَ (سورۃ انفطار آیت 10-12)۔

ثم قال۔ وَ نَضَعُ الْمَوَازِیْنَ الْقِسْطَ لِیَوْمِ الْقِیَامَةِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا وَ اِنْ کَانَ مِثْقَالَ حَبَّةٍ مِّنْ خَرْدَلٍ اَتَیْنَا بِہَا وَ کَفٰی بِنَا حَاسِبِیْنَ (سورۃ انبیاء آیت 48)۔

ثم قال۔ وَالْوَزْنُ یَوْمَئِذِنِ الْحَقُّ فَمَنْ ثَقُلَتْ مَوَازِیْنُہٗ فَاُولٰئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ وَ مَنْ خَفَّتْ مَوَازِیْنُہٗ فَاُولٰئِکَ الَّذِیْنَ خَسِرُوْا اَنْفُسَہُمْ (سورۃ اعراف 8، 9)۔

ترجمہ: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اور بے شک تم پر نگہبان مقرر ہیں، معزز لکھنے والے، جو جانتے ہیں جو کچھ تم کرتے ہو۔ پھر فرمایا: اور ہم قیامت کے دن انصاف کے ترازو رکھیں گے، پس کسی جان پر کچھ بھی ظلم نہ کیا جائے گا، اور اگر رائی کے دانے کے برابر بھی ہو تو ہم اسے لے آئیں گے، اور ہم حساب لینے کو کافی ہیں۔ پھر فرمایا: اور اس دن وزن حق ہے، پس جن کے پلڑے بھاری ہوئے وہی فلاح پانے والے ہیں، اور جن کے پلڑے ہلکے ہوئے وہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کو نقصان میں ڈالا۔

ان آیتوں کے مطابق جمہور مسلمین کا یہ اعتقاد ہے کہ انسان اپنی زندگی میں جو اچھے یا برے کام کرتے ہیں اُس کو دو فرشتے لکھتے جاتے ہیں۔ قیامت کے دن اُن سے حساب کتاب ہوگا اور اعمال تولے جائیں گے۔ جس کی نیکیاں بھاری نکلیں گی وہ نجات پائے گا اور جس کی بدیاں بھاری ہوں گی وہ عذاب پائے گا۔

مگر بحث اس میں ہے کہ ان آیتوں میں جو بیان کتابۃ الاعمال اور میزان اور موازنہ کا ہے وہ علی حقیقتہ‌اپنی حقیقت پر ہے یا بطور تمثیل ہے۔

جس وقت امام غزالی نے کتاب الاقتصاد فی الاعتقاد لکھی ہے، اُس وقت تک کراماً کاتبین کے لکھنے اور اعمال کے ترازو میں تولے جانے کو بطور حقیقت کے سمجھتے تھے، نہ بطور مثال کے۔ چنانچہ وہ لکھتے ہیں کہ:

قد سئل رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم من ہذا۔ فقال یوزن صحائف الاعمال فان کراما کاتبین یکتبون الاعمال فی صحائف من اجسام فاذا وضعت فی المیزان خلق اللہ تعالیٰ فی کفیہا میلا بقدر رتبہ الطاعات و ہو علیٰ ما تشاء قدیر۔ (صفحہ 110 نسخہ قلمی)۔

’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے یہ بات پوچھی گئی تھی۔ آنحضرتؐ نے فرمایا کہ اعمال کے لکھے ہوئے چٹھے تولے جائیں گے، کیونکہ کراماً کاتبین ہر ایک انسان کے اعمال کا چٹھا لکھتے جاتے ہیں اور وہ مجسم چیز ہے۔ پھر جب اُن چٹھوں کو میزان میں رکھ دیں گے تو اللہ تعالیٰ اُس کے پلڑوں میں ہلکا پن یا بھاری پن اعمال کے رتبہ کے موافق پیدا کر دے گا اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔

مگر اس حدیث کے صحیح و قابلِ تسلیم ہونے کی کوئی کافی دلیل اور سند انہوں نے نہیں بیان کی۔ معلوم ہوتا ہے کہ اس کے بعد امام صاحب کا خیال ترقی کر گیا اور انہوں نے میزان کو ایک مثالی امر تصور کیا ہے، چنانچہ انہوں نے اپنی کتاب ’’المضنون بہ علی غیر اہلہ‘‘ میں لکھا ہے:

تعلق النفس بالبدن کالحجاب لہا عن حقائق الامور و بالموت ینکشف الغطاء کما قال اللہ تعالیٰ فکشفنا عنک غطاءک و مما یکشف لہ تاثیر اعمالہ مما یقربہ الی اللہ تعالیٰ و یبعدہ و ہی مقادیر تلک الاثار و ان بعضہا اشد تاثیرا من البعض و لا یمتنع فی قدرة اللہ تعالیٰ ان یجری سببا یعرف الخلق فی لحظة واحدة مقادیر الاعمال بالاضافة الی تاثیراتہا فی التقریب و الابعاد فحد المیزان ما یتمیز بہ الزیادة من النقصان و مثالہ فی العالم المحسوس مختلف فمنہ المیزان المعروف و منہ القبان لاثقال و الاصطرلاب لحرکات الفلک و الاوقات و المسطرة للمقادیر و الخطوط و العروض للمقادیر حرکات الاصوات فالمیزان الحقیقی اذا مثلہ اللہ عز و جل للحواس مثلہ بما شاء من ہذہ الامثلة او غیرہا فحقیقة المیزان و حدہ موجود فی جمیع ذالک و ہو ما یعرف بہ الزیادة من النقصان و صورتہ یکون مقدرة للحس عند التشکیل و للخیال عند التمثیل و اللہ تعالیٰ اعلم بما یقدرہ من صنوف التشکیلات و التصدیق بجمیع ذالک واجب‘‘ (المضنون بہ علی غیر اہلہ صفحہ 35، 36 مطبوعہ مصر)۔

(ترجمہ) ’’نفسِ انسانی کا تعلق بدن کے ساتھ گویا اُس کے لئے ایک پردہ ہے حقائقِ امور میں اور موت سے وہ پردہ کھل جاتا ہے، جیسا کہ خدائے تعالیٰ نے کہا ہے کہ پھر کھول دیا ہم نے تجھ سے تیرا پردہ اور چیز کہ اس کو منکشف ہوتی ہے وہ اُس کے اعمال کی تاثیر ہے جو قریب کرتے ہیں اُس کو اللہ سے یا بعید کرتے ہیں اور یہی اندازہ ہے اُن اثروں کا اور اُن میں سے بعض زیادہ تاثیر والے ہیں بعض سے اور خدا کی قدرت سے دور نہیں ہے کہ کوئی ایسا سبب نکالے جس سے ایک لحظہ میں تمام خلق اعمال کے مقادیر بہ نسبت اُن کی تاثیروں کے جو نزدیکی یا دوری میں ہیں جان لے۔ میزان حقیقت میں اس چیز کا نام ہے جس سے کسی شیٔ کی کمی یا زیادتی معلوم ہو، مثلاً اس دنیا میں ثقیل چیزوں کے تولنے کے لئے پلڑے دار ترازو ہے۔ آسمانوں کی حرکت اور وقت دریافت کرنے کی میزان، یعنی ترازو اصطرلاب ہے، یعنی میزان الشمس، یعنی آفتاب کی ترازو اور سطروں کے اندازہ کی ترازو مسطر ہے اور حرفوں کے مقدار اور حرکات، یعنی اشعار کی میزان، یعنی ترازو علمِ عروض ہے اور آواز کی حرکات، یعنی گانے کی ترازو علمِ موسیقی ہے۔ پس خدا کو اختیار ہے کہ اعمال کے اندازہ کے طریقہ کو متمثل کر دے جس سے زیادتی و کمی اعمال کی معلوم ہو اور اُس کی صورت محسوس موجود ہو یا صرف خیال میں تمثیل ہو اور خدا کو معلوم ہے کہ وہ اُس کی ایسی صورت پیدا کرے گا جو محسوس ہو یا ایسی پیدا کرے گا جو تمثیلِ خیالی ہو اور اللہ جانتا ہے جس طرح کی وہ بنائے گا تمثیلات کی قسموں میں سے اور اس سب پر تصدیق واجب ہے۔

اس اخیر بیان میں امام صاحب نے میزان کے وجودِ حقیقی کو تسلیم نہیں کیا، بلکہ وجودِ مثالی، یعنی خیالی یا عقلی یا شبہی کو تسلیم کیا ہے اور جب کہ میزان کا وجودِ حقیقی اُن کے نزدیک نہیں رہا تو موازنہ اعمال کا بھی مثالی ہوا اور حقیقی نہ رہا اور جب موازنہ اعمال کا حقیقی نہ رہا تو کراماً کاتبین کا لکھنا بھی حقیقی نہ رہا اور اس لئے جو کچھ ان آیتوں میں مذکور ہے وہ سب مثالی ہو گیا۔

امام صاحب نے اپنی کتاب ’’التفرقۃ بین الاسلام والزندقہ‘‘ میں وجود کی پانچ قسمیں بیان کی ہیں۔ (1) وجودِ ذاتی حقیقی (2) وجودِ حسی جو صرف محسوس ہو اور خارج میں اُس کا وجود نہ ہو (3) وجودِ خیالی جو صرف خیال میں موجود رہے (4) وجودِ عقلی جس سے ہر سہ وجودِ مذکورۂ بالا کی صرف غایت کا وجود مراد ہو (5) وجودِ شبہی بفتح شین و ہائے موحدہ جس سے وہ چاروں وجود مراد نہ ہوں، بلکہ اور شی مراد لی جائے جو اُس پر مبنی ہو۔

اس کے بعد امام صاحب فرماتے ہیں کہ جس شخص نے شارع کے اقوال کو ان قسموں میں سے کسی قسم پر تسلیم کیا وہ شارع کے اقوال کا تصدیق کرنے والا ہے نہ کہ تکذیب کرنے والا۔

ہمارا بھی اعتقاد یہ ہے کہ ان آیتوں میں کتابتِ اعمال اور میزان و موازنہ کا جو ذکر ہے وہ مثالی ہے۔ مقصود اس بات کا بتانا ہے جو کچھ انسانوں نے اپنی زندگی میں اچھا یا برا کیا ہے اُس میں سے کچھ بھی کھویا نہیں جائے گا، بلکہ قیامت کے دن بے کم و کاست سب موجود ہوگا اور اس پر جزا و سزا مرتب ہوگی، جیسے کہ خدا نے فرمایا: فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا وَ اِنْ کَانَ مِثْقَالَ حَبَّةٍ مِّنْ خَرْدَلٍ اَتَیْنَا بِہَا وَ کَفٰی بِنَا حَاسِبِیْنَ1۔

حالاتِ معاد یا واقعات بعد الموت اس قسم کے ہیں جن سے انسان بالکل نا واقف ہے اور اُن کی حقیقتِ واقعی کا عموماً انسانوں کو سمجھانا نہایت دشوار، بلکہ قریب ناممکن ہے اور اس لیے بجز اس کے اور کچھ چارہ نہیں ہے کہ ایسی تمثیلوں سے ان کا بیان کیا جائے کہ انسان کے دل پر اس کا کچھ خیال پیدا ہو۔ خدا خود فرماتا ہے ’’وَ یَضْرِبُ اللّٰہُ الْاَمْثَالَ لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمْ یَتَذَکَّرُوْنَ‘‘2۔

چونکہ انسانوں کی عادت تھی کہ جو حالات واقع ہوں اُن کی یادداشت ایک کاغذ پر لکھ دیں اور ایک چیز کا دوسری چیز سے کم و بیش ہونا دریافت کرنے کو ان کو وزن کر لیں اور ایسا کرنے سے اُن کو لکھی ہوئی یادداشت پر یقین ہوتا ہے اور دونوں چیزوں کے کم و بیش ہونے میں کچھ شبہ نہیں رہتا، اس لئے بطور تمثیل کے خدا نے فرمایا: کِرَامًا کَاتِبِیْنَ یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَ۔ وَ نَضَعُ الْمَوَازِیْنَ الْقِسْطَ لِیَوْمِ الْقِیَامَةِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا3۔