حلیمہؓ کی روایت آپ نے خوب لکھی اور شعر نے تو مجھ پر ایسا اثر کیا کہ قریباً بے ہوش ہو گیا۔ کئی دن سے طبیعت پر قبض تھی۔ اس شعر نے ایسی کشایش کی۔ دل کا بخار سیال بن کر آنکھوں کی راہ سے نکل گیا۔ الحمد للہ علی ذلک آپ اس کشایش کے محرک ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر دے اور کلام کی تاثیر میں اور اضافہ کرے کل ایک استاد کا شعر سرخوش36 کے تذکرہ میں نظر آیا۔
|
’’کشیدہ ام ز جنوں ساغرے کہ ہوش نماند37 |
دگر معاملہ با پیرِ مے فروش نماند‘‘38 |
گزشتہ رات سینکڑوں دفعہ یہ شعر پڑھا اس امید میں کہ اس کی تاثیر سے دل کی قبض رفع ہو مگر کشایش نہ ہوئی۔ مگر ’’بلکہ عالم یاوہ گردد اندر رو‘‘ نے تیر بہدف کا کام کیا۔ للّٰہ دَرّ مَن قال39 مندرجہ بالا شعر بھی خوب ہے۔ اس پر چند اشعار لکھے۔ چند اشعار ’’دنیاے عمل‘‘40 پر لکھے تھے جو عرض کرتا ہوں۔
|
ہست این میکدہ و دعوتِ عام است این جا |
قسمتِ بادہ باندازۂ جام است این جا |
|
حرف رازے کہ برون از حدِ صوت است ہنوز |
از لبِ جام چکیداست و کلام است این جا41 |
|
نشہ از حال بگیرند و گزشتند ز قال42 |
نکتۂ فلسفہ دُردِ تہِ جام است این جا |
|
ما درین رہ نفسِ دہر برانداختہ ایم |
آفتابِ سحر او لبِ بام است این جا43 |
|
اے کہ تو پاسِ غلط کردۂ خود میداری44 |
آنچہ پیش تو سکون است خرام است این جا |
محمد اقبال لاہور
(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)
خط (42) — 2 دسمبر 1918ء (جلد اوّل، خط 314)
لاہور 2؍ دسمبر 18ء
ڈیر مولانا گرامی۔ السلام علیکم
والا نامہ مل گیا ہے غزل کیا ہے دفترِ معرفت ہے۔ یہ غزل45 کئی دفعہ آپ سے سن کر مزے لے چکا ہوں۔ آج قندِ مکرّر کا مزہ دے گئی۔ ابھی اس کے دو شعر مولانا اکبر کو لکھے ہیں کہ تنہا خوری نہ ہو... مرگ است بخواب اندر سبحان اللہ! فلسفۂ حال کے بعض حقائق اس اشعار میں ایسی خوبی سے نظم ہوئے ہیں کہ اگر ان حقائق کے مغربی معلّم سنیں تو پھڑک جائیں۔ یہ فغانِ فطرت ہے۔ اُدھر کسب و آورد۔ بیگانۂ صوت است ہنوز خوب ہے۔ مگر افسوس ہے کہ ’بیگانۂ صوت‘ راز کی صفت میں واقع ہوا ہے۔ ’حرف‘ کی صفت میں واقع ہونا چاہیئے تھا۔ مجھے اپنا مصرع ابھی تک کھٹکتا ہے طبیعت حاضر ہو تو پھر غور کروں گا۔ اس جگر کاوی کا اندازہ عام لوگ نہیں لگا سکتے۔ ان کے سامنے شعر بنا بنایا آتا ہے وہ اس روحانی اور لطیف کرب سے آشنا نہیں ہو سکتے جس نے الفاظ کی ترتیب پیدا کی ہے۔ جہاں اچھا شعر دیکھو سمجھ لو کہ کوئی نہ کوئی مسیح مصلوب ہوا ہے۔ اچھے خیال کا پیدا کرنا اوروں کے لیے کفارہ ہوتا ہے۔ والسّلام
امید کہ مزاج بخیر ہوگا۔
مخلص محمد اقبال لاہور
(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)
خط (43) — 16 فروری 1919ء (جلد دوم، خط 8)
لاہور 16؍ فروری 19ء
ڈیر مولانا گرامی! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
والا نامہ ابھی ملا ہے۔ الحمد للہ کہ خیریت ہے۔
مصرع ’’ایں سرِّ خلیل است‘‘ الخ حاضر ہے۔ تصرفِ بے جا کی کون سی بات ہے، آپ کا مال ہے مگر آپ نے جو مصرعے لگائے ہیں ان سے قلب کو تسکین نہیں ہوئی۔ قلب کچھ اور مانگتا ہے اور معلوم نہیں کیا؟ چند اشعار خان نیاز الدین خاں صاحب کے خط میں تھے۔ غزل پوری کر کے ارسال فرمائیے۔ پھر ایک ہی دفعہ داد دوں گا۔ ’’باسوختگاں قصہ ز کوثر نتواں گفت‘‘ خوب مصرع46 ہے۔ اقبال بھی غزل ضرور لکھے گا مگر گرامی کی لطافت اور حلاوت کہاں سے لائے گا۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔ عجیب و غریب مضامین خیال میں آرہے ہیں مگر ان کی تکمیل کے لیے فرصت اور وقت کہاں سے آئے گا۔
گذشتہ شب سے بارش ہو رہی ہے۔ سردی پھر عود کر آئی ہے۔ والسلام!
مخلص محمد اقبال
(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)
خط (44) — 26 فروری 1919ء (جلد دوم، خط 13)
ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم47
خط ملا۔ الحمد للہ کہ خیریت ہے۔
میں ابھی تک علیل ہوں، کسی قدر افاقہ ضرور ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک، دو چار روز میں دہلی جانے کا قصد ہے کہ حکیم صاحب اور ڈاکٹر انصاری سے مشورہ کروں۔ اُمید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔
بھائی صاحب سیالکوٹ تشریف لے گئے تھے۔ والدِ مکرم ابھی یہیں ہیں اور سلام کہتے ہیں۔ علی بخش کے پھوڑے کا آپریشن کرا دیا تھا۔ اب بالکل اچھا ہے گو کسی قدر کمزور ہے۔ والسلام۔
آپ کا مخلص محمد اقبال
(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)
خط (45) — 16 مارچ 1919ء (جلد دوم، خط 15)
لاہور 16؍ مارچ سنہ 19ء
جناب مولانا گرامی السلام علیکم
کیا خوب! گرامی تو اقبال کو پورا سال ٹالتا رہے اور اقبال ایک ہی خط سے آجائے، یہ کیونکر ممکن ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ شاعر جس قدر بلند نظر ہوگا اس قدر سادہ دل بھی ہوگا۔ حضرت یہ توقع آپ کی مبنی بر انصاف نہیں۔ پہلے آپ لاہور تشریف لائیں، پھر اقبال بھی جالندھر آئے گا۔
نیاز الدین خاں صاحب کا خط مجھے بھی آیا تھا۔ آپ نے تو ان کو شاعر بنا دیا۔ واقع میں اوروں کی انتہا اُن کی ابتدا ہے۔ کل کسی ہندو فارسی شاعر کا ایک شعر نظر سے گذرا۔ کیا لطیف و نازک مضمون پیدا کیا ہے
|
’’بسکہ بے روئے تو در پرواز رنگِ گلشن است48 |
رشتۂ نظارہ بندد بر ہوا گلدستہ را‘‘ |
دہلی میں نواب صاحب لوہارو سے ملاقات ہوئی تھی، وہ آپ کے بڑے مداح ہیں۔ مجھ سے بھی شعر کی فرمائش کرتے تھے، میں نے عرض کیا کہ آپ کے سامنے شعر پڑھنا سوءِ ادب ہے۔
بہر حال کچھ نہ کچھ اشعار انہیں سُنانے پڑے۔ تعجب ہے کہ لوگ مجھے شاعر سمجھ کر مجھ سے شعر کی فرمائش کرتے ہیں حالانکہ مجھے شاعری سے کچھ سروکار نہیں۔
آپ کی غزل لاجواب ہے: ’’عشوہ49 مفروش کہ محمود غلام است اینجا‘‘ للہ درک۔
گرامی خود بوڑھا، مگر اس کا فن جوان ہے۔
|
جب پیر ہو گئے ہیں تو یہ فن جواں ہوا |
’’آفتابِ لبِ بام‘‘ بھی خوب نکلا۔ لیکن ’’خام‘‘ ابھی باقی ہے۔ اس پر ضرور لکھیے۔ زیادہ کیا تحریر کروں۔ اُمید ہے کہ مزاج بخیر ہوگا۔
مخلص محمد اقبال
خان صاحبان نیاز الدین خاں و امیر الدین خاں کی خدمت میں آداب عرض ہو۔
(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)
خط (46) — 4 جنوری 1920ء (جلد دوم، خط 88)
لاہور، 4 جنوری 20ء
جناب مولانا گرامی!
السلام علیکم۔ شیخ عمر بخش صاحب سے معلوم ہوا کہ آپ اپنے علاج کے لئے لاہور تشریف لاتے ہیں مگر حسبِ معمول آپ تشریف نہ لائے۔ میں اس سے پہلے بھی کئی دفعہ آپ کو لکھ چکا ہوں کہ اپنا علاج لاہور آکر کرائیے۔ مگر آپ نے اپنی غفلت سے مرض کو پرانا کر لیا ہے۔ اس مرض میں دوا سے زیادہ فائدہ پرہیز میں ہے، جو آپ سے ناممکن ہے۔ بہتر ہو کہ آپ کچھ مدت کے لیے یہاں آکر ڈاکٹر محمد حسین صاحب سے علاج کرائیے بشرطیکہ پرہیز کرنے کا ارادہ مستحکم ہو جائے۔ شاعرانہ کمال نے آپ کی قوتِ ارادی کو فنا کر دیا ہے۔ تخیل کی قیمت عزم و ارادہ ہے؛ جو شاعر کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ باقی توفیقِ الٰہی ہو تو کچھ مشکل نہیں۔ تمام وہ چیزیں جو شکر پیدا کرنے والی ہوں یک قلم چھوڑ دینی چاہئیں اور چند روز نعمائے دنیا کی طرف سے مستغنی ہو جانا چاہیے۔ میرے جہاد کو دیکھیے کہ چوبیس گھنٹے میں صرف ایک دفعہ کھاتا ہوں اور تمام ثقیل اور دیر ہضم چیزوں سے پرہیز کرتا ہوں۔ امید کہ آپ بھی ایسا کریں گے۔ زیادہ کیا عرض کروں بجز اس کے کہ خدا کے فضل و کرم سے سب طرح خیریت ہے۔ جنوری کے مہینے میں لاہور میں خوب رونق ہوتی ہے۔ سردی بھی خوب ہے۔ امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔
مخلص محمد اقبال
(مکاتیب اقبال بنام گرامی)
خط (47) — جولائی 1920ء (جلد دوم، خط 107)
ڈیر مولانا گرامی50
عید مبارک ہو۔ آپ حیدرآباد چلے گئے یا ابھی ہشیارپور ہی میں مقیم ہیں۔ لاہور آئیے تو آپ کا علاج اچھی طرح کرایا جائے، پھر تندرست و توانا ہو کر یہ سفر کیجیے۔ بھلا یہ شعر دیکھیے کیسا ہے
|
کم نہ شود خزانۂ مدّت بے نہایتست |
یک دو نفس زیادہ کن غنچۂ نیم باز را51 |
مقصود یہ ہے کہ تیرے پاس وقت کا لازوال خزانہ ہے، پھر غنچے کی عمر اگر تھوڑی سی زیادہ کر دے تو اس میں کوئی کمی نہ ہوگی۔ بہ نظرِ انتقاد ملاحظہ کیجیے۔
مولوی میر حسن صاحب کی خدمت میں بھی میں نے یہ شعر سیالکوٹ لکھا ہے۔ دیکھیں اُن کی رائے کیا ہے۔
میں ایک روز دانت کے درد سے لاچار رہا۔ مسوڑا پھول گیا تھا۔ آخر ڈاکٹر کے نشتر نے آرام دیا۔
محمد اقبال لاہور
(مکاتیب اقبال بنام گرامی)
اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 624 تا 786 کے درمیان (14 مقامات)؛ اور جلد دوم (1991ء)، صفحات 55، 64 تا 67، 163، 185 تا 188 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔

