اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا گرامی کے نام (حصہ دوم)

بہت عرصے کے بعد آپ کا والا نامہ ملا جس کے لیے سراپا سپاس ہوں۔ الحمدللہ کہ آپ بخیریت ہیں۔ مقدمہ کا راضی نامہ ہو گیا اس سے مجھے بڑی خوشی ہوئی۔ اب شکوہ شکایت کیا ہوگی۔ آپ نے کام تو وہی کیا جس کے لیے میں ابتدا سے مصر تھا۔ اور یہ اصرار فریقِ ثانی کی ہمدردی کی وجہ سے نہ تھا بلکہ آپ کی عزت و آبرو کے احساس کی وجہ سے۔ مجھ سے صدہا لوگوں نے پوچھا اور اس مقدمہ بازی پر استعجاب کیا۔ گرامی سے پنجاب کے لوگوں کو محبت ہے بلکہ بعض لوگ جن میں میں خود بھی شامل ہوں، اس کو ولی مانتے ہیں پھر اس قسم کی مقدمہ بازی کو خلافِ توقع جان کر ان کے دل میں طرح طرح کے خیالات پیدا ہوتے ہیں۔ میری دلی کیفیت تو یہ ہے کہ ایسے معاملے میں روپیہ کا نقصان بھی برداشت کر جاؤں اور پروا نہ کروں۔ اسی معیار کی عینک سے آپ کو بھی دیکھتا ہوں۔ باقی رہا میرا گواہی دینے کے لیے نہ آنا سو اس کے لیے میں حاضر تھا جیسا کہ میں نے آپ کو لکھا بھی تھا۔ جب کہ آپ مقدمہ کے خوف سے بھاگ کر دہلی میں نواب سراج الدین خاں سائل کے یہاں پناہ گزیں تھے۔ اگر آپ مجھے لکھتے تو اس سے محفوظ تر جگہ آپ کے لیے تجویز کر دیتا۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔

لاہور تشریف لانے کے متعلق جو کچھ ارشاد ہوا اس پر لاہور کی تمام آبادی میں کسی کو بھی اعتبار نہیں حتیٰ کہ سادہ لوح بچے بھی اس پر اعتبار نہیں کر سکتے۔ اشعار آپ نے خوب لکھے30 میرا دل تو آپ کے ہر ہر لفظ پر پھڑک جاتا ہے

شورِ شیریں را زبانِ تیشۂ فرہاد دہ

اے سبحان اللہ للہ درک31

پنجاب یونیورسٹی میں اب فارسی کے ایم۔ اے۔ کا امتحان بھی ہوا کرے گا۔ میں اس کے لئے کورس تجویز کر رہا ہوں۔ آپ کا مطبوعہ کلام کچھ ہو تو اس میں درج کروں۔ وہ مثنوی جو آپ نے شائع کی تھی کیا اب بھی کہیں سے مل سکتی ہے۔ میرا ارادہ ہے کہ اس امتحان میں ایک پرچہ ہندوستان کے فارسی شعراء کا ہو اس زمرے میں آپ بھی آ جائیں گے۔ لیکن افسوس ہے کہ آپ کی لاپروائی نے کلام جمع نہ ہونے دیا۔ بہرحال مثنوی کا وہ حصہ جو آپ نے شائع کیا تھا اگر مل سکتا ہو تو اس کا پتا دیجیے یا اس کو پھر شائع کیجیے۔

نواب ذوالفقار علی خاں آپ کو بہت یاد کرتے رہے۔ دو چار روز ہوئے شملہ چلے گئے۔ طبائع کی پریشانیاں بڑھ رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنا فضل کرے۔ مولوی ظفر علی خاں بھی حیدرآباد پہنچ گئے آپ نے اخباروں میں پڑھ لیا ہوگا۔ مقدمہ میں راضی نامہ ہو گیا ہے تو بہن کے ساتھ صلح (یعنی حقیقی معنوں میں) بھی رکھیے اللہ تعالیٰ برکت دے گا۔ ہمشیر دنیا میں ماں کی قائم مقام ہے۔ والسّلام

آپ کا مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (39) — 12 اکتوبر 1918ء (جلد اوّل، خط 304)

لاہور 12؍ اکتوبر 18ء

جناب مولانا گرامی مدظلہ العالی

گرامی کو خاکِ پنجاب جذب کرے گی یا خاکِ دکن؟ اس سوال کے جواب کے لیے حسب الحکم مراقبہ کیا32 جو انکشاف ہوا معروض ہے۔

گرامی ’’مسلم‘‘ ہے اور ’’مسلم‘‘ تودۂ خاک نہیں کہ خاک اسے جذب کر سکے یہ ایک قوّتِ نورانیہ ہے کہ جامع ہے جواہرِ موسویت و ابراہیمیت کی۔ آگ اسے چھو جائے تو بَرد و سلام بن جائے۔ پانی اس کی ہیبت سے خشک ہو جائے۔ آسمان و زمین میں یہ سما نہیں سکتی کہ یہ دونوں ہستیاں اس میں سمائی ہوئی ہیں۔

پانی آگ کو جذب کر لیتا ہے، عدم بود کو کھا جاتا ہے، پستی بلندی میں سما جاتی ہے مگر جو قوت جامعِ اضداد ہو اور تحلل تمام تناقضات کی ہو اسے کون جذب کرے؟ مسلم کو موت نہیں چھو سکتی کہ اس کی قوتِ حیات موت کو اپنے اندر جذب کر کے حیات و ممات کا تناقض مٹا چکی ہے۔

شاید نضیر نام ایک شخص تھا کہ ہجرت سے پہلے حضور علیہ السلام کو سخت ایذا دیتا تھا۔ فتحِ مکہ کے بعد جب حضور شہر میں داخل ہوئے تو ایک مجمعِ عام میں آپ نے علی مرتضیٰؓ کو حکم دیا کہ اس کی گردن اڑا دو۔ ذوالفقارِ حیدری نے ایک آن میں اس کم بخت کا خاتمہ کر دیا۔ اس کی لاش خاک و خون میں تڑپ رہی تھی، لیکن وہ ہستی جس کی آنکھوں میں دوشیزہ لڑکیوں سے زیادہ حیا تھی، جس کا قلب تاثراتِ لطیفہ کا سرچشمہ تھا، جو اہلِ عالم کے لیے سراپا رحمت و شفقت تھی اس درد انگیز منظر سے مطلق متاثر نہ ہوئی۔ نضیر کی بیٹی نے باپ کے قتل کی خبر سنی تو نوحہ و فریاد کرتی اور باپ کی جدائی میں درد انگیز اشعار پڑھتی ہوئی (یہ اشعار حماسہ میں منقول ہیں33) دربارِ نبوی میں حاضر ہوئی۔ اللہ اکبر! اشعار سنتے تو حضور اس قدر متاثر ہوئے کہ اس لڑکی کے ساتھ مل کر رونے لگے یہاں تک کہ جوشِ ہمدردی نے اُس سب سے زیادہ ضبط کرنے والے انسان کے سینے سے بھی ایک آہِ سرد نکلوا کے چھوڑی! پھر نضیر کی تڑپتی ہوئی لاش کی طرف اشارہ کر کے فرمایا ’’یہ فعل محمد الرسول اللہ کا ہے‘‘ اور اپنی روتی ہوئی آنکھ پر انگلی رکھ کے کہا ’’یہ فعل محمد بن عبداللہ کا ہے‘‘۔ پھر حکم دیا کہ نضیر کے بعد کوئی شخص مکہ میں قتل نہ کیا جائے گا۔ غرض کہ اس طرح مسلم، حنیف جذباتِ متناقض یعنی قہر و محبت کو اپنے قلب کی گرمی سے تحلیل کرتا ہے اور اس کا دائرۂ اثر اخلاقی تناقضات تک ہی محدود نہیں بلکہ تمام طبعی تناقضات پر بھی حاوی ہے۔ پھر ’’مسلم‘‘ جو حامل ہے محمدّیت کا اور وارث ہے موسویت و ابراہیمیت کا کیونکر کسی ’’شے‘‘ میں جذب ہو سکتا ہے؟ البتہ اس زمان و مکان کی مقیّد دنیا کے مرکز میں ایک ریگستان ہے جو مسلم کو جذب کر سکتا ہے اور اس کی قوّتِ جاذبہ بھی ذاتی اور فطری نہیں بلکہ مستعار ہے ایک کفِ پا سے جس نے اس ریگستان کے چمکتے ہوئے ذروں کو کبھی پامال کیا تھا۔

شیخ محمد اقبال صاحب34 آپ کا دستی خط لائے تھے۔ جو کسی مسلم کا عزیز ہے وہ میرا عزیز ہے۔ وہ جب چاہیں تشریف لائیں۔ میرا دروازہ کسی پر بند نہیں اور اگر میں کچھ جانتا ہوں تو وہ مسلمانوں کا مال ہے۔ اس کے معاوضہ میں نہ اطاعت چاہتا ہوں، نہ محبت، نہ عزّت نہ روپیہ۔ اشعار کی داد نہ دوں گا جب تک آپ لاہور میں تشریف نہ لائیں۔ ابھی نیاز الدین خاں صاحب کا خط ملا ہے۔ وہ بھی لکھتے ہیں کہ گرامی صاحب لاہور آنے کا وعدہ کرتے ہیں مگر مشکل یہ ہے کہ کسی کو اعتبار نہیں آتا۔ بخار لاہور میں ہر سال ہوتا ہے۔ اب کے سال نسبتاً کم ہے۔

زیادہ کیا عرض کروں۔

خدا کا فضل ہے امید کہ آپ مزاج بخیر ہوگا۔ الحمدللہ کہ آپ کو صحت ہو گئی ابھی آپ کی بڑی ضرورت ہے۔

والسلام

مخلص محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (40) — 4 نومبر 1918ء (جلد اوّل، خط 309)

ڈیر مولانا گرامی، کئی روز ہوئے ایک خط لکھا تھا معلوم نہیں آپ تک پہنچا یا نہ پہنچا۔ وہ خط آپ کے دستی خط کے جواب میں تھا۔ آج آپ کا خط ملا الحمد للہ کہ آپ بخیریت ہیں۔ یہاں بھی تا دمِ حال خدا کا فضل ہے اور ہم سب بخیریت ہیں۔ لاہور میں اب بیماری کمی پر ہے اللہ تعالیٰ جلد اس بلائے بے درماں کو دفع کرے اور اپنی عاجز مخلوق پر رحم فرمائے۔

باقی خیریت ہے امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ گرامی سال خوردہ ہے۔ یعنی سالوں اور برسوں کو کھا جاتا ہے پھر بوڑھا کیوں کر ہو سکتا ہے بوڑھا تو وہ ہے جس کو سال اور برس کھا جائیں۔ والسلام۔

مخلص محمد اقبال لاہور 4۔ نومبر 18ء

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (41) — 20 نومبر 1918ء (جلد اوّل، خط 312)

لاہور 20؍ نومبر 18ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

والا نامہ مع غزل ملا۔ سبحان اللہ کیسی دلآویز غزل ہے ایک ایک شعر پر دل تڑپتا ہے۔ کس کس کی داد دوں۔ اگر آپ اس طرح کلام ارسال فرماتے رہیں تو میں تھوڑے عرصے میں آپ کا مجموعہ تیار کر کے دنیا کے سامنے اس بیش بہا خزانے کو پیش کر دوں گا۔ افسوس ہے آپ نے اب تک اس طرف توجہ نہ کی۔ جو کچھ یاد آتا ہے لکھتے جائیے اور مجھے بھیجتے جائیے۔ اس زمانۂ انحطاط میں کسی مسلمان کا ایسا کلام ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ قوم میں زندگی کی قوتیں ابھی باقی ہیں۔

آپ ہمیشہ لکھتے ہیں کہ آتا ہوں مگر آ بھی چکیے۔ اب لاہور میں بیماری نہیں ہے۔ نواب ذوالفقار علی خاں جو بیماری کے خوف سے اب تک شملے میں تھے وہ بھی لاہور پہنچ گئے اور آپ تو اللہ والے ہیں آپ کو کیا خوف ہو سکتا ہے۔

وَلا خوفٌ علیھم ولا ھُم یحزنُون35