اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا گرامی کے نام (حصہ دوم)

سیّد صاحب19 نے جو رقعہ لکھا ہے اس سے اُن کا مقصود واضح نہیں ہوتا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ رواج ہر ضلع بلکہ ہر گاؤں کا مختلف ہوتا ہے۔ اگر کسی خاص مقام کا رواج معلوم کرنا ہو تو وہاں کے واجب العرض وغیرہ کو دیکھنا چاہیئے۔ البتّہ بعض بعض جگہوں اور قبائل کے رواج کے متعلّق چیف کورٹ نے فیصلہ جات کر دیے ہیں۔ وہ ان کے پڑھنے سے معلوم ہو جائے گا۔ پنجاب کے عام رواج پر ریٹیگن2021 کی کتاب مستند ہے، جس کی قیمت سولہ روپیہ ہے۔ اگر شاہ صاحب کو مطلوب ہو تو یہاں سے بھجوائی جا سکتی ہے۔ مگر شاہ صاحب کو اس سے کچھ فائدہ نہ ہو گا اُن کو چاہیئے کہ وہ اپنے معاملے میں کسی وکیل سے مشورہ کریں۔ ممکن ہے کہ ان کے ضلع یا قصبے کے رواج کے متعلّق چیف کورٹ کا کوئی فیصلہ موجود ہو۔ اگر کوئی فیصلہ موجود نہ ہوا تو پھر فیصلہ فریقین کی شہادتِ زبانی و تحریری پر ہو گا والسلام

مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (32) — 13 اکتوبر 1917ء (جلد اوّل، خط 266)

لاہور 13؍ اکتوبر 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

کل ایک خط لکھ چکا ہوں امید کہ پہنچ کر ملاحظۂ عالی سے گزرا ہو گا۔ یہ دریافت کرنا بھول گیا کہ آپ نے جو گولیاں مجھ کو دی تھیں ان کے استعمال کا کیا طریقہ ہے؟ کیا ایک روز کھائی جائے گی یا دو صبح و شام۔ اور نیز یہ کہ کس چیز کے ساتھ کھائی جائے اور پرہیز وغیرہ کس چیز سے ہو، تو اس سے آگاہ کیجیے۔ اُمید کہ آپ کا مزاج بخیر ہو گا۔ محرم میں ضرور تشریف لائیے۔ میں آپ کا منتظر ہوں۔

محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (33) — نومبر 1917ء (جلد اوّل، خط 270)

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط ابھی ملا ہے الحمدللہ کہ خیریت ہے۔

تعمیل ارشاد میں میں نے ایک خط لالہ شوچرن داس صاحب22 کے نام اور ایک خط پنڈت کیول کرشن23 بیرسٹر ایٹ لاء کے نام لکھا ہے۔ امید کہ وہ آپ کی مدد کریں گے۔ جو واقعات آپ نے لکھے ہیں ان سے تو مقدمہ آپ کے حق میں ہونا چاہیئے۔ کیا جو مکان آپ نے ہبہ کیا تھا وہ آپ نے خود خریدا تھا یا باپ سے ورثہ میں ملا تھا؟ کیا یہ مکان کبھی کرایہ پر دیا گیا اور اگر دیا گیا تو کرایہ نامہ کس کے نام کا تھا؟ ہبہ کیے ہوئے کس قدر عرصہ ہوا؟ اور اتنا عرصہ کون قبضے میں رہا؟

والسلام

امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ ہمشیرہ صاحبہ کی خدمت میں آداب۔

محمد اقبال لاہور24

میں نے عرض کیا تھا کہ جو مفصل خط آپ کو حیدر آباد سے آیا ہے اس کے مضمون سے مجھے آگاہ کیجیے۔ آپ نے اس کا ذکر تک نہیں کیا۔ وہ خط اگر آپ نے تلف نہ کیا ہو تو بھیج دیجیے۔ مقدمہ کا فکر نہ کیجیے ان شاء اللہ آپ کے حق میں ہوگا۔ کاغذات کی ایک نقل مجھے بھجوا دیجیے کہ میں دیکھ کر اپنی رائے مفصل عرض کروں گا۔ والسلام

محمد اقبال

جو سوال میں نے لکھے ہیں ان میں سے پہلے سوال کا جواب نہایت ضروری ہے۔

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (34) — 8 دسمبر 1917ء (جلد اوّل، خط 271)

ڈیر مولانا گرامی

السلام علیکم۔ مجھے ابھی پنڈت کیول کرشن صاحب بیرسٹر جالندھر کا خط آیا ہے، جس میں لکھتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ مقدمہ اب 9 جنوری 1918ء کو پیش ہوگا، مگر وہ لکھتے ہیں کہ پیشی کے وقت دونوں فریق غیر حاضر تھے۔

بہر حال آپ ان کی خدمت میں جائیں اور مقدمہ کے حالات سے انھیں آگاہ کریں اور جو کچھ وہ مشورہ دیں اس کے مطابق عمل درآمد کریں۔ مسماۃ فجاں25 پر تعمیل سمن نہیں ہوئی۔ اس کا پتہ بہت جلد داخل کرنا چاہیئے — اُمید ہے آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ والسلام

محمد اقبال

8؍ دسمبر 17ء

(مکاتیب اقبال بنام گرامی)


خط (35) — 12 دسمبر 1917ء (جلد اوّل، خط 272)

لاہور 12؍ دسمبر 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط مل گیا ہے جو واقعات مقدمہ آپ نے تحریر کیے ہیں ان سے یقینی امید ہے کہ مقدمہ26 آپ کے حق میں ہوگا۔ آپ پنڈت کیول کرشن صاحب سے ضرور ملیں۔ وہ میرے دوست بھی ہیں اور شاگرد بھی اور شعر کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں اور نہایت محبّت کرنے والا دل اس پر مستزاد۔ وہ ضرور آپ کے معاون ہوں گے۔ مہربانی کر کے لکھیں کہ آیا آپ ان سے ملے یا نہیں۔

تھوڑے سے حالات تو حیدر آباد کے لکھنے چاہیئے جو آپ کو خط سے معلوم ہوئے ہیں۔ ہاں ترک گرامی27 کے اشعار نہایت عمدہ ہیں۔ زبان خوب، بندش چست اور مضامین نفیس۔ اس سے بڑھ کر اور کیا چاہیئے۔ میں نے عرصہ سے کوئی شعر نہیں لکھا۔ فارسی کا کوئی نہایت شگفتہ مصرع لکھیے، شدید قبض کی حالت مبدل بہ بسط و انشراح ہو جائے۔

باقی خدا کے فضل سے خیریت ہے۔ امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔

محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (36) — 27 دسمبر 1917ء (جلد اوّل، خط 274)

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط کئی دن ہوئے ملا تھا۔ الحمدللہ کہ خیریت ہے۔ کل خان نیاز الدین خاں صاحب کا خط آیا تھا جالندھر بلاتے ہیں، میں ضرور حاضر ہوتا مگر چونکہ والدِ مکرم پرسوں تشریف لائے ہیں اس واسطے معذور ہوں۔ کل شیخ عمر بخش صاحب سے ملاقات ہوئی تھی اُن کی معرفت میں نے اپنا عذر خاں صاحب کی خدمت میں پہنچا دیا ہے۔ خاں صاحب بڑی خوبی کے آدمی ہیں اور مجھے ان سے اُنس ہے مگر افسوس کہ جالندھر لاہور سے دور ہے ورنہ ان سے ہر روز ملاقات ہوتی۔

امید کہ آپ کو اپنے مقدّمے سے جلد فرصت ہو جائے گی۔ کیول کرشن صاحب کام بھی خوب کریں گے۔ آپ کے فارسی اشعار نہایت مزے کے ہیں28

کہ با شکستہ دلان ذوقِ امتحان بخشد

سبحان اللہ کیا خوب مصرع ہے۔

گرامی عمر میں بڑھتا ہے مگر اس کا دل جوان رہتا ہے۔

کہیئے حیدر آباد کا کب تک قصد ہے۔ امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔

باقی خیریت۔ والسلام

محمد اقبال لاہور

27؍ دسمبر 17ء

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (37) — دسمبر 1917ء (جلد اوّل، خط 276)

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط ابھی ملا۔ مثنوی کی داد کا شکر گزار ہوں اور ایک کاپی ڈاک میں ڈالتا ہوں۔ اگر اقبال حکیم سنائی ہے تو گرامی کیا ہوگا؟

تعجب ہے آپ نے میرے عذرات سے یہ سمجھا کہ میں حق گوئی سے پہلو تہی کرتا ہوں۔ یہ بات صحیح نہیں ہے: جو کچھ مجھے معلوم ہے مجھے اس کے کہنے میں کوئی عذر نہیں ہو سکتا اور حق امر کے اخفا کو میں گناہِ عظیم جانتا ہوں۔ واقعی میں اور شیخ عبدالقادر آپ کے یہاں گئے تھے اور دعوت کھائی تھی۔ لیکن جو عذرات میں نے کیے تھے ان کا مقصود صرف یہ تھا کہ گواہی لاہور میں ہو جائے اور مجھے جالندھر جانا نہ پڑے۔ مصارف کے متعلق جو عذر کیا گیا تھا اس کا مقصود بھی سوائے اس کے اور کچھ نہ تھا ورنہ آپ جانتے ہیں کہ مصارف خواہ پانچ ہوتے خواہ پچاس وہ ہر صورت میں آپ کو واپس ملنے تھے۔

لیکن ان تمام امور سے یہ نتیجہ نکالنا کہ میں حق گوئی سے پہلو تہی کرتا ہوں یہ مجھ پر صریح ظلم ہے۔ آپ کے ساتھ تو تعلقات ہیں، جس آدمی کے ساتھ کسی قسم کا تعلق نہ ہو میں اس کے لیے بھی حق گوئی کے لیے تیار ہوں۔ ان شاء اللہ۔

گذشتہ چند ہفتوں سے میری طبیعت بوجہ دردِ گردہ خراب تھی اور اب تک ہے۔ اور سفر میں مجھ کو ہمیشہ تکلیف ہو جایا کرتی ہے۔ بہر حال اگر آپ یہ پسند کرتے ہیں کہ میں ضرور جالندھر جا کر ہی گواہی دوں29 تو میں آپ کے لیے یہ تکلیف برداشت کرنے کو ہر وقت تیار ہوں۔ آپ کے لیے میرا جالندھر جا کر گواہی دینا اور لاہور میں بذریعہ کمیشن گواہی دینا بالکل برابر ہے اس میں قطعًا کوئی فرق نہیں۔ تاہم آپ کی خواہش کے مطابق عمل درآمد کرنے میں مجھے کیونکر دریغ ہو سکتا ہے۔ باقی رہا یہ امر کہ میری گواہی کا فائدہ ہوگا یا نہیں یا اس میں نقصان کا احتمال ہے یا نہیں اس پر بحث کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ میرا فرض صرف اس قدر ہے کہ حق بات کہوں اور آپ کی خواہش کے مطابق عمل کروں۔

والسلام

مخلص محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (38) — 10 جون 1918ء (جلد اوّل، خط 290)

لاہور 10؍ جون 18ء:

ڈیر مولانا گرامی۔ السلام علیکم