اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا گرامی کے نام (حصہ دوم)

مجھے ابھی شیخ عمر بخش صاحب سے معلوم ہوا ہے کہ آپ نے ہشیار پور میں یہ خبر مشہور کی ہے کہ اقبال حیدر آباد میں ملازم ہو گیا ہے۔ یہ خبر بالکل غلط ہے مہربانی کر کے ایسی غلط اور بے سر و پا بات کی تشہیر نہ کیجیے۔ ایک دفعہ پہلے بھی اس قسم کی خبر مشہور ہوئی تھی اور اس کے بذریعہ اخبار مشہور کرنے والے مولوی ظفر علی خاں تھے۔ مجھے اس خبر کی تشہیر سے بہت نقصان ہوا13 اور تعجب ہے کہ وہ میرے دوست تھے اور اپنے خیال میں اُنھوں نے میرے فائدے کے لیے اس امر کی تشہیر کی تھی۔ مہربانی کر کے اِس امر کا خیال رکھیے۔ اگر کوئی بات واقع میں ہو جائے تو اس کی تشہیر میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن جب کچھ اصلیت نہ ہو تو اس کی تشہیر سے نہ مجھے کوئی فائدہ ہے نہ حیدر آباد کو۔

باقی خیریت ہے۔ اُمید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ میں نے آپ کی خدمت میں خط لکھا تھا جواب کا منتظر ہوں۔ والسلام

محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنامِ گرامی)


خط (28) — 22 اگست 1917 (جلد اوّل، خط 258)

لاہور 22؍ اگست 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

بھلا میں تو آپ کی طبیعت سے واقف ہوں اور آپ کی وعدہ خلافیوں کا عادی ہو چکا ہوں۔ بیچارے تاج محمد نے آپ کا کیا قصور کیا ہے کہ اس کو یہ امید دلا دی ہے کہ اکٹھے لاہور چلیں گے؟ وہ بزرگ پہلے بھی آپ کے زخم خوردہ ہیں۔ آپ کا دل غیور ضرور ہے مگر غیوری ایسی چیز ہے کہ عدمِ ایفائے وعدہ کے لیے بھی ایسی ہو سکتی ہے جیسی کہ ایفائے وعدہ کے لیے۔ خوب۔ میرے حیدر آباد جانے سے دو روز پہلے آنے کا قصد ہے لیکن میں تو اپنے دل میں امید نہیں پیدا کرتا کیوں کہ آپ نے مجھ سے یہ نہیں پوچھا کہ کون سی تاریخ جاؤں گا۔ بہرحال خود بتا دیتا ہوں۔ میں یہاں سے 30؍ اگست کی رات کو جاؤں گا۔ خط آپ کا بڑے شوق سے کھولا تھا کہ کچھ اشعار کے متعلق ہوگا مگر دیکھا تو سوائے اس کے کہ رنگ و شمیم محاورہ ہیں اور کچھ نہ نکلا۔ یہ تو مجھے معلوم ہی تھا۔ آپ نے مری معلومات میں کیا اضافہ کیا؟ آپ نے حیدری صاحب کا خط نہیں بھیجا14۔ پھر یاد دلاتا ہوں کیونکہ آپ کے آنے کی توقع نہیں ہے۔

دیکھیں آپ کا ضمیر کیا دکھلاتا ہے۔15 مہاراجہ بہادر کا خط آیا ہے لطف یہ ہے کہ ان کو بھی آپ کی رائے سے پورا اتفاق ہے۔ حالانکہ میں نے کسی کو آپ کی رائے سے آگاہ نہ کیا تھا۔ اس سے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ اقبال نظام کا چیف سکریٹری ہو تو گرامی وزیرِ اعظم ہونے کے قابل ہے۔ یا کم از کم معزول شدہ وزیر یا پیشکار۔

مسلمانوں کا کعبہ کے طواف سے متحد ہونا اور اس مرکزِ توحید کا قوم کے قلوب کے کیفیات کو ایک کر دینا ایک مشکل مضمون ہے اس کو اس شعر میں ادا کیا ہے۔ ملاحظہ فرمائیے اور اچھا ہو تو داد دیجیے۔

مِلّتِ بیضا ز طوفش ہم نفس

ہم چو صبح آفتاب اندر قفس16

مندرجہ بالا مضمون کے علاوہ طوافِ کعبہ کا نظارہ اور مسلمانوں کا اس کا محافظ ہونا بھی اس میں مخفی ہے۔ لفظ ’’بیضا‘‘ ملاحظہ طلب ہے۔

محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنامِ گرامی)


خط (29) — 3 ستمبر 1917ء (جلد اوّل، خط 259)

لاہور 3؍ ستمبر 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

میں نے سنا تھا کہ آپ بابو رحمت اللہ17 کے مکان سے کسی اور جگہ چلے گئے اس واسطے خان نیاز الدین خاں صاحب کو زحمت دی گئی۔ مگر معلوم ہوا کہ آپ ابھی تک اسی مکان میں ہیں اور یہ بھی سنا ہے کہ کوئی مقدمہ دیوانی بھی شروع کر رکھا ہے الحمد للہ کہ فوج داری نہیں۔

تقریظ کے اشعار آپ نے خوب لکھے مگر یہ اشعار تو پہلے حصہ کی تقریظ کے لیے زیادہ موزوں ہیں۔ دوسرے حصّہ میں جو اب شائع ہوگا حیاتِ ملّی یعنی اجتماعی زندگی کے اصول پر بحث ہے اور خالص اسلامی نکتۂ خیال سے۔ اس کے علاوہ یہ اشعار بہت تھوڑے ہیں۔ میرا مقصد کچھ شاعری نہیں بلکہ غایت یہ ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں میں وہ احساسِ ملّیہ پیدا ہو جو قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کا خاصہ تھا۔ اس قسم کے اشعار لکھنے سے غرض عبادت ہے نہ شہرت ہے۔ کیا عجب کہ نبی کریمؐ کو میری یہ کوشش پسند آ جائے اور ان کا استحسان میرے لیے ذریعۂ نجات ہو جائے۔

حیدر آباد سے جو مفصل خط آپ کو آیا ہے اس کے مضمون سے مجھے بھی آگاہ کیجیے آپ لکھتے ہیں ’’لاہور آن کر عرض کروں گا‘‘۔ مگر اس پیش گوئی کے لیے کہ گرامی لاہور کبھی نہ آئے گا کسی پیغمبر کی ضرورت نہیں۔ جالندھر اور ہشیار پور کا ہر شیر خوار بچہ بلا تامّل ایسی پیش گوئی کر سکتا ہے۔

یونیورسٹی18 کی تکمیل کے لیے ابھی عرصہ کی ضرورت ہے اور کچھ عجب نہیں کہ شاید یونیورسٹی کبھی بروئے کار بھی نہ آئے۔ ایک گروہ حیدر آباد میں مخالف ہے اور جس طریق پر انھوں نے یہ کام شروع کیا ہے اس سے یہ بیل منڈھے چڑھتی نظر نہیں آتی۔ یونیورسٹی کامیابی کے ساتھ چلانے کے لیے آدمیوں کی ضرورت ہے اور آدمی وہاں پر موجود نہیں۔ جو آدمی وہاں پر موجود ہیں وہ اپنے ذاتی مفاد کی غرض سے اپنے سے قابل تر اور زیادہ کار کن آدمیوں کو حیدر آباد میں نہ گھسنے دیں گے۔ یونیورسٹی کا معاملہ ان وجوہات سے مشتبہ نظر آتا ہے۔ باقی رہی چیف ججی سو اس کا کوئی امکان نہیں کہ وہاں پر یہ جگہ خالی نہیں ہے اور اگر خالی بھی ہو تو وہاں کے حق دار لوگ موجود ہیں۔ ایک گمنام خط حیدر آباد سے مجھے آیا تھا جس میں حیدری صاحب کے خلاف بہت کچھ لکھا گیا تھا۔ راقمِ خط کے مضمون کا لبِ لباب یہ ہے کہ ہم لوگ شب و روز دعا کر رہے ہیں کہ آپ یہاں پر تشریف لائیے مگر بعض آدمی جو بظاہر آپ کے دوست ہیں حقیقت میں آپ کے یہاں پر آنے سے خوش نہیں۔ وغیرہ وغیرہ۔ معلوم ہوتا ہے کہ لکھنے والا حیدری صاحب کا مخالف ہے۔ بہرحال ایک مدّت سے اقبال اپنے سارے معاملات خدا کو سونپ چکا ہے، اور اپنے آپ کو محض ایک لاش جانتا ہے جس کی حس و حرکت خدا کے ہاتھ میں ہے۔ باقی خیریت ہے۔ امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ والسلام

مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنامِ گرامی)


خط (30) — 6 اکتوبر 1917ء (جلد اوّل، خط 262)

لاہور 6؍ اکتوبر 17ء

ڈیر مولانا گرامی۔ السلام علیکم

آپ کا خط آج ملا الحمدللہ کہ آپ خیریت سے ہیں کل پرسوں مجھے معلوم ہوا تھا کہ آپ جالندھر میں ہیں۔ میں حیدر آباد جانے کو تھا مگر بخار کی وجہ سے رک گیا اس کے بعد حیدری صاحب کا پھر تار آیا اور میں نے پھر جانے کا قصد کیا اور ان کو تار بھی دیا کہ اکتوبر کی کسی تاریخ یہاں سے روانہ ہوں گا مگر کل ان کا خط آیا کہ ممکن ہو سکے تو نومبر میں آؤ۔ نومبر میں مجھے فرصت نہیں۔ اس واسطے اب بظاہر کوئی صورت نظر نہیں آتی کہ وہاں جا سکوں۔ حیدر آباد سے اور خطوط بھی مجھے آئے ہیں جن سے وہاں کے حالات پر کچھ روشنی پڑتی ہے۔ مفصّل گفتگو آپ سے اس وقت کروں گا جب آپ لاہور تشریف لاویں گے۔ کب تک آنے کا قصد ہے۔ میرے والد مکرّم آپ سے ملنے کے بہت مشتاق ہیں۔ وہ یہاں 9؍ اکتوبر کو آئیں گے اور کچھ روز قیام کریں گے۔ اگر آپ ان سے ملنے کے لیے دو چار یوم کے لیے آ جائیں تو بہت اچھا ہو۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے والسلام۔

آپ کا مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (31) — 11 اکتوبر 1917ء (جلد اوّل، خط 265)

لاہور 11؍ اکتوبر 17ء

جنابِ مولانا گرامی

السلام علیکم آپ کا خط ابھی ملا الحمدللہ کہ خیریت ہے۔ لاہور ضرور تشریف لائیے۔ حیدر آباد سے حیدری صاحب کا پھر کوئی خط نہیں آیا البتہ مہاراجہ بہادر کا ایک خط آیا تھا۔ آپ سے ملاقات ہو گی تو مفصّل باتیں ہوں گی۔