اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

منشی محمد امین صاحب کے نام

خط (1) — 5 مارچ 1908ء

محبی!1

سلامِ شوق، خط پہنچا، جس شخص کی نسبت میں نے لکھا وہ سالِ حال کے فارغ التحصیل ہیں اور حکیم عبدالولی سے مطب کیا ہے، اس لیے ان کی حالت کے لحاظ سے لکھئے۔

ہاں میں نے سنا تھا کہ سرکارِ عالیہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن کی بجائے کسی اور کی تجویز میں ہیں، ڈاکٹر بدرالدین لقمانی دامادِ بدرالدین طبیب جی2 کے لیے خیال ظاہر کیا تھا، اگر یہ صحیح ہے تو بہت اچھی بات ہے، ڈاکٹر موصوف بہت حاذق ہیں اور بمبئی کی دو ماہہ ملاقات میں ان کا پورا تجربہ مجھ کو ہوا۔

آپ خوش ہوں گے کہ گورنمنٹ نے بھی اب ندوہ کو عنایت کی نگاہوں سے دیکھنا چاہا، ڈائرکٹرِ تعلیمات نے ہم سے پوچھا کہ آپ ہم سے کچھ مدد لینا پسند کرتے ہیں، ہم نے زور کے ساتھ ایڈ کی خواہش کی ہے اور کامیابی کی امید ہے۔

اور بھی دل خوش کن خبریں ہیں، ان شاء اللہ پھر سنئے گا۔ والسلام

شبلی

5 مارچ 1908ء

خط (2) — 1 جون 1908ء

محبی!

السلام علیکم، عنایت نامہ پہنچا، حضورِ عالیہ کے ارشاد کی تعمیل کے موافق عرض ہے کہ پردہ کے متعلق میرا ایک مضمون الندوہ میں چھپ چکا ہے، جو نہ صرف مذہبی بلکہ تاریخی ہے اور اس مسئلہ کا قطعی فیصلہ ہے، جس کے بعد ایک حرف نہیں لکھا جا سکتا، باقی تعلیم کے متعلق مصر میں جو دو رسالے لکھے گئے ہیں یعنی تحریر المرأۃ والمرأۃ الجدیدۃ وہ نہایت آزادی اور قابلیت سے لکھے گئے، تحریر المرأۃ کا جواب المرأۃ المسلمۃ بھی غایت عالمانہ اور فلسفیانہ طریقہ سے لکھا گیا، اردو میں جو رسالے لکھے گئے مثلاً حقوقِ نسواں وغیرہ وہ عامیانہ رسالے ہیں، جو قدیم اخلاق کی کتابوں میں مثلاً اخلاقِ جلالی اور احیاء العلوم میں بھی عورتوں کی تعلیم و تربیت کے متعلق جستہ جستہ باتیں ہیں۔ والسلام

شبلی

1 جون 1908ء

خط (3) — 7 فروری 1909ء

محبی!

عنایت نامہ پہنچا، میں سرکاری کام سے حیدر آباد آیا ہوں اور غالباً دو ہفتہ تک یہاں قیام ہوگا، آپ نے کس امر کے متعلق ’’مفصل حالات‘‘ لکھنے کے لیے لکھا ہے، آپ کو معلوم ہے کہ ندوہ کی مستقل آمدنی ابھی تک صرف 200/روپے ہے، گورنمنٹ نے 500/روپے دئے، اس لیے اب خالص مذہبی امور کا صیغہ اس کے مقابلہ میں بہت کم وقعت رہ جاتا ہے، ضرور ہے کہ خود ندوہ کی آمدنی میں اضافہ ہو، ریاست حیدر آباد سے 500/روپے کا وعدہ ہو چکا تھا، لیکن اس حالت میں کہ ریاست پر کئی کروڑ کا بار پڑ گیا جو کئی سال تک قائم رہے گا، زبان نہیں کھل سکتی۔

ربیع الاوّل کی دعوت میں میں آ سکتا ہوں، لیکن مولود کا بیان میں اچھا کیونکر کر سکوں گا، میری تقریر لکچر ہوتی ہے نہ وعظ۔

سفرنامہ3 سامنے ہو تو تقریظ لکھوں، غائبانہ شطرنج کھیلنا ہر شخص کا کام نہیں۔ والسلام

شبلی، حیدر آباد

7 فروری 1909ء

خط (4) — 19 اکتوبر 1909ء

محبی!

یہ خط دراصل مجھ کو جناب منشی منصب علی صاحب4 کے نام لکھنا تھا، لیکن اس وجہ سے کہ جناب موصوف کو فرصت کم ہوتی ہے اور ممکن ہے کہ جواب میں دیر ہو، اس لیے آپ کو لکھتا ہوں کہ یہ خط دکھلا کر ان سے جو کچھ جواب حاصل ہو، فوراً مجھ کو لکھئے۔

آپ کو معلوم ہے کہ مولوی عزیز مرزا صاحب بی اے حیدر آباد سے نکلے تو ان کے مقربین بھی زد میں آئے، ان میں مولوی عبدالحلیم شرر بھی ہیں، یہ بھی آپ جانتے ہیں کہ مولوی صاحب موصوف عربی اردو کے کیسے ماہر اور ساتھ ہی انگریزی داں بھی ہیں، ان کی قابلیت کے آدمی کم ہاتھ آ سکتے ہیں، اگر وہ محکمۂ تعلیمات میں لے لیے جائیں تو بہت مفید ہوگا، اس کے علاوہ حیدر آباد میں علومِ مشرقیہ کی جو یونیورسٹی قائم ہوئی جس میں انگریزی تعلیم بھی لازمی قرار دی گئی، اس کے نصاب اور اسکیم کی تیاری میں مولوی صاحب کا بڑا حصہ ہے اور کئی برس ان کو عملی تجربہ ہو چکا ہے، اس لیے ان کی لیاقت سے کام لینا ریاست کے لیے قطعاً مفید ہوگا، نیز انشا پردازی اور تصنیف کے کاموں میں ان سے بہت مدد ملے گی، اس لیے ریاست کو ان کو ہاتھ سے نہ دینا چاہیے، اگر ان کو روک نہ لیا جائے تو ممکن ہے کہ وہ ریاست رامپور وغیرہ میں پہنچ جائیں، بہر حال جواب جلد عنایت فرمائیے۔

شبلی

19 اکتوبر 1909ء

خط (5) — 19 جنوری 1910ء

محبی!

سلام علیکم، استانی کسی طرح جانا نہیں چاہتی، اس وقت جہاں ہے ان سے معلوم ہوا کہ اس کو اپنی لیاقت پر اعتماد نہیں، اس کے خاندان والے بھی دور مقام میں جانے کے لیے راضی نہیں، میں سخت مجبور ہوں اور نادم بھی۔

ندوہ کا سالانہ جلسہ دلی میں قرار پایا، حکیم اجمل خاں اور دیگر اکابرِ دہلی نے دعوت دی، جلسہ بڑے پیمانہ پر ہوگا، مصارف کا تخمینہ تین ہزار ہے، جس سے ہم کو بہت زیادہ پہنچانا ہوگا کیونکہ دلی والے ابھی مسلم لیگ کے جلسہ کے لیے 6/ہزار دے چکے ہیں۔

ممبری کا ٹکٹ پانچ روپیہ ہے، چند ٹکٹ آپ کے پاس بھی بھیجوں گا، آپ آئیں اور بہتر ہوتا کہ ریاست کی طرف سے رہیں، حیدر آباد سے ہمیشہ ریاست کی طرف سے ڈیلیگیٹ آیا کرتے تھے، ہندو وزارت کے عہد سے بند ہو گیا، تاہم اور ریاستوں کی طرف سے آتے رہے۔

حضور سرکارِ عالیہ کے شکریہ کا رزولیوشن بھی جلسہ میں پیش ہوگا۔ والسلام

شبلی

19 جنوری 1910ء

خط (6) — 23 جنوری 1910ء

محبی!

کیا خدانخواستہ حضورِ عالیہ کا یہ خیال ہے کہ میں حضورِ ممدوحہ کے ارشاد میں کسی قسم کی کوتاہی کروں گا، میرا رونگٹا رونگٹا حضورِ عالیہ کا فدائی ہے، کوئی کام میرے کرنے کا ہو اور حضورِ عالیہ حکم فرما کر دیکھ لیں۔

استانی کمبخت کسی طرح آمادہ نہیں ہوتی، گھر سے کبھی نکلی نہیں، ملازمت کی نہیں، گھر والے راضی نہیں، آج انتہا کی حد تک اس کو لکھتا ہوں، نہ مانے تو اسے خدا سمجھے، دلی آپ ضرور آئیے گا۔

شبلی، ندوہ

23 جنوری 1910ء

خط (7) — 17 اپریل 1912ء

محبی!

سچ پوچھئے تو

اے بادِ صبا ایں ہمہ آوردہ

ترجمہ اردو جریدہ: اے بادِ صبا! یہ سب کچھ تیرا ہی لایا ہوا ہے

واقعہ یہ ہے کہ علی گڑھ اور ندوہ کو ریاست سے جو فوائد پہنچ رہے ہیں، اس کے سنگِ بنیاد آپ ہیں، فجزاک اللہ خیراً5

ریاست کے عطیہ کی درخواست تو کی، لیکن اب قبول کرتے ایک بڑا بار محسوس کرتا ہوں۔

میں آج کانپور روانہ ہوتا ہوں، نو مسلموں پر آریہ جو جال ڈال رہے ہیں وہ سخت خطرناک درجہ تک پہنچ گیا ہے، اس غرض سے تمام اضلاع میں دفاعی انجمنیں اور دیہات میں مکاتب قائم کرنا مقصود ہے، لیکن چونکہ گرمی سخت ہو رہی ہے، اس لیے یہ دورہ مختصر ہوگا، اسی طرف سے بھوپال آؤں گا، پھر بنگلور یا بمبئی جاؤں گا، کتابیں ساتھ نہیں جا سکتیں، نہ اسٹاف ساتھ جا سکتا ہے، اس لیے سیرۃ نبویؐ کا کام باضابطہ بارش سے شروع ہوگا، یہ بھی خیال ہے کہ یہ کام کسی طرح دو برس میں انجام نہیں پا سکتا، اس پر مستزاد یہ ہے کہ ایک آنکھ میں پانی اتر رہا ہے، اس لیے جلدی بھی کرتا ہوں کہ کچھ کر لوں ورنہ جس قدر میں کر سکتا ہوں اتنا کرنے والا ابھی نظر نہیں آتا، کتابوں کی فہرست تیار ہو رہی ہے، بہت سی کتابیں تو خود ندوہ میں موجود ہیں، زائد جو مطلوب ہیں ان کو منگوانا ہے، اشاعت کی فکر نہ کیجئے میں خود کر سکتا ہوں۔

شبلی

17 اپریل 1912ء

خط (8) — 2 مئی 1910ء

محبی!

نہیں قرآن مجید میں متعہ کے جواز کی کوئی آیت نہیں، البتہ جنگِ خیبر میں عارضی طور سے آنحضرت ﷺ نے اس کو جائز کر دیا تھا اور پھر حرام کر دیا گیا، متعہ کا جواز زنا سے کچھ ہی کم درجہ پر ہے، ازدواج کا مقصود زوجین کا ابدی تعلق ہے، نہ فوری نہ وقتی۔

دوازدہ امام نے ہم لوگوں کی روایت کے موافق کبھی متعہ کو جائز نہیں کہا۔

سرکارِ عالیہ منظور فرمائیں یا نہ فرمائیں لیکن ہم لوگوں کا تو فرض ہے کہ ہم درخواست کریں اس لیے یہی رائے قرار پائی ہے کہ براہِ راست سرکارِ عالیہ کے نام بھیجی جائے کہ لکھنؤ بھی تشریف لائیں اور بورڈنگ کی بنیاد رکھیں، آپ کی کیا رائے ہے۔

ہاں مدرسہ…… نے ندوہ کو نقصان پہنچانا چاہا، پریسیڈنٹ بھاولپور سے یہ کہلوایا کہ میں نے مغالطہ سے عمارت کے لیے روپیہ دلوایا، لیکن حکیم اجمل خاں صاحب نے خاص جلسہ کر کے ان کے شکوک رفع کر دئے۔

ایک پرچہ…… نام وہاں سے نکلنا شروع ہوا ہے، جو الندوہ کے چوٹ پر ہے، آفتاب احمد خاں صاحب نے درخواست کی تھی کہ دیوبند کے طلبہ ہم کو ملیں تو ہم ان کو انگریزی پڑھا دیں، لیکن ان لوگوں نے انکار کیا اور چند علما ناراض ہو کر جلسہ سے اٹھ گئے کہ ریش تراشیدہ اور نیچری کو بولنے کیوں دیا، خیر ہم کو اپنا کام کرنا چاہیے، مخالفت تو ہمیشہ سے ہوتی آئی ہے۔

شبلی، ندوہ

2 مئی 1910ء

خط (9) — 10 مئی 1912ء

محبی!