اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

منشی محمد امین صاحب کے نام

خدا سرکارِ عالیہ کو صد و سی سال سلامت رکھے، ان کی بدولت بڑے بڑے اسلامی کام ہو جائیں گے۔

بیگم صاحب جنجیرہ آج کل یہیں ہیں، ان سے اکثر ملنا ہوتا ہے، وہ اور زہرا حضور سرکارِ عالیہ کی مدح میں تر زبان رہتی ہیں اور ان کے وسعتِ علم اور محاسنِ اخلاق پر سخت حیرت ظاہر کرتی ہیں۔

شبلی

30/جون 1914ء

بمبئی میں سارا دن کام لیے ملتا ہے، دن بھر کوئی جھانکتا نہیں، اس لیے برس دن تک یہاں سے ٹلنے کا ارادہ نہیں۔

بھائی کلہ، اکبر بلڈنگ

خط (29) — 28 جولائی 1914ء

محبی!

یہ خط بالکل بہ صیغۂ راز ہے۔

میں نے مسودہ مولوی عبیداللہ صاحب30 کے پاس بھیج دیا کہ وہ دیوبند لے کر جائیں، آج ان کا خط آیا کہ وہ گئے لیکن دیوبند پارٹی کو بھوپال سے اطلاع مل چکی تھی اور ان لوگوں نے مولوی محمود حسن صاحب کو باز رکھا کہ وہ مسودہ کا سرے سے دیکھنا ہی منظور کریں، دیوبند کے خیالات سے مولوی محمود حسن صاحب فی نفسہٖ الگ ہیں، چنانچہ مولوی عبیداللہ صاحب کو ان لوگوں نے کافر بنا دیا، لیکن محمود حسن صاحب کے تعلقات اب تک ان سے وہی ہیں، بہرحال اب غور کرنا چاہیے کہ کیا کیا جائے، چونکہ مولویوں نے ایک جتھا بنا لیا ہے، اس لیے سرِ دست اور کوئی مولوی بھی مسودہ دیکھنے کی ذمہ داری اپنے سر نہ لے گا، ورنہ سمجھے گا کہ برادری سے خارج ہونا پڑے گا۔

اب اگر معاملہ اس پر موقوف ہے تو مجھ کو وظیفۂ بھوپال سے خود دست بردار ہونا چاہیے، اخبارات میں تو یہ پہلے شائع ہو ہی چکا ہے، کوئی بات نہیں، میں بھی کشمکش سے نجات پا جاؤں گا اور کتاب کو مطبع میں بھیج دوں گا۔

میں جانتا ہوں کہ سرکار کو بھی مولویوں کے بدنام کرنے کا لحاظ ہوگا اور ہونا چاہیے، اب اگر سرکار چاہیں تو یا تو سرے سے اس رقم کو بند کر دیں یا دار المصنفین کی طرف منتقل کر دیں یا جو ان کی مرضی ہو، مجھ کو ہر حال میں ان کی رضامندی منظور ہے، یہ معلوم ہے کہ میرا کام رک نہیں سکتا، میں خود مصارف کا متکفل ہو سکتا ہوں، اس کے علاوہ جس ریاست سے خواہش کروں اعانت کے لیے تیار ہوگی، جواب جلد عنایت ہو، ورنہ اسٹاف کا خرچ ابھی سے کم کر دینا ہوگا۔

شبلی

28/جولائی 1914ء

خط (30) — 29 جولائی 1914ء

محبی!

متعدد خطوط ابھی لکھ چکا ہوں کہ آپ کا خط پہنچا، اطمینان ہوا۔

میں جس تحقیق و تدقیق سے سیرت لکھ رہا ہوں ناممکن تھا کہ مولوی محمود حسن صاحب اس کو دیکھتے اور تحسین نہ کرتے، لیکن مخالفوں نے ان کو اس پر آمادہ کیا کہ وہ سرے سے دیکھنے ہی سے انکار کر دیں۔

البتہ مولوی عبیداللہ سندھی مسودہ دیکھ رہے ہیں، ان کی رائے آ جائے گی تو بھیج دوں گا، مولوی عبداللہ ٹونکی پر اگر اطمینان ہو تو ان کے پاس بھیج دوں یا جو مصلحت ہو، یہ بھی ممکن ہے کہ سرِ دست اس قصہ ہی کو خاموش چھوڑ دیا جائے۔

شبلی

29/جولائی 1914ء

خط (31) — 13 اکتوبر 1914ء

محبی!

السلام علیکم! خط ملا31، اگرچہ میں نے کہیں بخاری و مسلم میں روایتوں کو ضعیف نہیں ثابت کیا ہے لیکن بہرحال کتاب کا جھمیلے میں پڑ جانا، بڑا دردِ سر ہے اور آج تک کہیں ایسا ہوا بھی نہیں کہ کسی مصنف پر ایسا دباؤ ڈالا جائے۔

میں اب بالکل دل شکستہ ہو گیا ہوں، برادرم اسحاق کی موت نے دل بٹھا دیا، یہ وطن ہے اور ہر طرف ہمدرد و معین ہیں، یہاں جو کام کیا جائے گا ہر طرف سے مدد ملے گی، بلکہ مل رہی ہے، اس لیے دار المصنفین کا پورا انتظام ہو رہا ہے، کچھ صورت پذیر ہو جائے تو قطعاً آپ کو ایک دفعہ یہاں آنا پڑے گا۔

سیرت کا کام جاری ہے، گو تاخیرِ طبع سے طبیعت اچھی طرح آگے نہیں بڑھتی۔

ندوہ کی عرضداشت بنام حضور سرکارِ عالیہ الہلال نے چھاپی، یہ لوگ جھوٹ بولنے میں کس قدر دلیر ہیں، کہتے ہیں کہ سب نقائص شبلی کے زمانے کے ہیں، ہاں بیشک لیکن نقائص کی اصلاح کس کے ہاتھ میں تھی، ناظم یا نائب ناظم، میں سرے سے ناظم یا نائب ناظم نہ تھا، البتہ معتمد دار العلوم تھا جس کو قانون میں کچھ اختیارات نہ تھے، اس لیے 4 برس تک مجالسِ انتظامیہ میں ان نقائص کا اظہار کرتا رہا، کسی نے نہیں سنا بلکہ صرف میری دشمنی کی تدبیروں میں مصروف رہے، آخر مجبور ہو گیا۔

دو ہفتہ سے کچھ علیل ہوں، اس لیے مفصل خط آیندہ۔

شبلی، اعظم گڑھ

13/اکتوبر 1914ء