اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

منشی محمد امین صاحب کے نام

4-میرا لکچر تحریری نہ تھا، میں کبھی لکھ کر لکچر نہیں دیتا، نظم البتہ لکھ دیتا ہوں۔

نوجوانوں سے خطاب

کیے تھے ہم نے بھی کچھ کام جو کچھ ہم سے بن آئے

یہ قصہ جب کا ہے باقی تھا جب عہدِ شباب اپنا

اور اب تو سچ یہ ہے، جو کچھ امیدیں ہیں وہ تم سے ہیں

جواں ہو تم لبِ بام آ چکا ہے آفتاب اپنا

سیرتِ نبویؐ کی تکمیل

مصارف کی طرف سے مطمئن ہوں میں بہرصورت

کہ ابرِ فیضِ سلطانِ جہاں بیگم زر افشاں ہے

رہی تالیف و تنقیدِ روایت ہائے تاریخی

تو اس کے واسطے حاضر مرا دل ہے، مری جاں ہے

غرض دو ہاتھ ہیں اس کام کے انجام میں شامل

کہ جس میں اک فقیرِ بے نوا ہے، ایک سلطاں ہے

5-پرنس حمید اللہ خاں صاحب کے نام ایک خط ابھی کالج کے پتہ سے روانہ کر چکا تھا کہ آپ کا خط پہنچا، ترجمۂ قرآن (بلگرامی) اب بھوپال کے پتہ سے ان کو بھیجتا ہوں۔21

لوگ شاکی ہیں کہ نالۂ شبلی کی قیمت بہت رکھی ہے۔

نواب علی حسن خاں سے بالواسطہ پوچھا تھا جواب نہ ملا، آج ان کے گھر جا کر پوچھتا ہوں، ترجمۂ قرآن کے نوٹ کے متعلق ایک خط آپ کو بھیج چکا ہوں۔

شبلی

10/جنوری 1914ء

خط (22) — 12 جنوری 1914ء

محبی!

ندوہ کی حالت بہت ابتر ہو گئی، اس قدر جباری اور خود مختاری سے کام لیا جا رہا ہے کہ حیرت ہو گئی، پھر ترقی کی کوئی کوشش نہیں، ہر چیز بگڑتی جاتی ہے۔

مجھ کو مجبوراً اپنے ہاتھ میں کام لینا پڑے گا، مطلع فرمائیے کہ اگر میں اطلاع دوں کہ میں نے پھر کام اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے تو وظیفۂ ماہوار بدستور جاری ہو جائے گا یا نہیں، یہ ایک بہت ضروری معاملہ ہے ورنہ ندوہ تباہ ہو جائے گا، انسپکٹر کی رپورٹ اگر مفتی انوار الحق کے پاس گئی ہو تو منگوا کر دیکھئے۔

لڑکے ہمیشہ مجھ سے کوئی نہ کوئی سبق پڑھا کرتے تھے، اب یہ حکم دے دیا ہے کہ کوئی شخص نہ پڑھنے پائے اور جو پڑھتے ہیں، ان کے نام خارج کر دئے جائیں۔

آج ترجمۂ بلگرامی22 کی ایک، کاپی بھیجتا ہوں، حضور سرکارِ عالیہ کو ملاحظہ کر کے پرنس حمید اللہ خاں صاحب کی خدمت میں پہنچا دیجئے، میں نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ ترجمہ ان کے دیکھنے کو بھیج دوں گا، وہ دیکھ کر مجھ کو لکھنؤ کے پتہ سے واپس بھیج دیں۔

باقی امور پھر۔

شبلی

12/جنوری 1914ء

خط (23) — 25 جنوری 1914ء

محبی!

یہ تو بڑا ظلم ہے کہ سرکارِ عالیہ جو نہ صرف میری بلکہ تمام قوم کی محسن ہیں، ہمارے گھر آئیں اور ہم اپنے عقیدہ کا کچھ اظہار نہ کرنا چاہیں، خیر آپ تو ضرور ساتھ آئیے اور دو چار روز پہلے مطلع فرمائیے، حسبِ مرضی ہم کچھ پبلک طور پر نہ کریں گے۔

جناب کرنل صاحب سے معاملہ جلد طے ہونا چاہیے، میں نے انگریزی مترجموں سے گفتگو شروع کر دی، انگریزی اچھے لکھنے والے مسلمان قریباً ناپید ہیں اور غیر مذہب والے اس کام کو اچھی طرح انجام نہیں دے سکتے23، قرآن مجید کے متعلق میں آپ کو لکھ چکا کہ صرف مولوی حمید الدین اس کام کو اچھی طرح کر سکتے ہیں اور میں ان کو راضی کر سکتا ہوں، اس معاملہ کو بھی طے کر دیجئے، تو یہ کام شروع ہو جائے، ترجمۂ سیرت اور حواشیٔ قرآن کا اسٹاف یکجا ہو جائے گا تو دونوں کو مدد ملے گی۔

شبلی، لکھنؤ

25/جنوری 1914ء

خط (24) — 30 جنوری 1914ء

محبی!

ان شاء اللہ آپ کا نام کسی تقریب سے دیباچۂ اولین24 میں آ جائے گا، جب اصل کتاب نکلے گی، کام مستعدی سے ہو رہا ہے۔

ہمایوں نامہ تو لندن میں چھپا ہے، تزکِ جہانگیری سید صاحب نے علی گڑھ میں چھاپی تھی، لیکن اس کا نسخہ اب نہیں ملتا، لوگوں کے پاس جا بجا ہے، بابر نامہ نہایت برا بمبئی میں چھپا ہے، مرزا ملک الکتاب شیرازی، امر کھاڑی نمبر 119 بمبئی سے طلب فرمائیے۔

مسلمان عورتوں کے حال میں عربی زبان میں ایک بسیط کتاب مصر میں چھپ گئی ہے، وہ تمام کتابوں کی جامع ہے، بمبئی، سورتی صاحب بھنڈی بازار کو لکھ بھیجئے، اس قدر پتہ غالباً کافی ہو یعنی عورتوں کے حالات میں عربی زبان میں مفصل کتاب مطبوعۂ مصر25۔

مسعود علی صاحب آدمی بہت سنجیدہ ہیں، انگریزی بھی اچھی لکھتے ہیں جو محکمہ وہاں ترجمہ و تالیف کا کام کر رہا ہے، اگر ہندوستان میں ہوتا اور سرکارِ بھوپال کی طرف سے تو زیادہ مفید ہوتا، میرا ایک خاص خیال ہے کسی خط میں لکھوں گا۔

سیرت کی رقم بھی مستقل ہو جاتی تو بہت اچھا تھا، اسی مد کی تصنیف کا مستقل سلسلہ قائم رہتا، کانوں میں بھنک تو ڈال دیجئے، یہ وسیع سلسلہ ہے مثلاً سیرۃ الصحابہؓ، سیرتِ ازواجِ پیغمبر علیہ السلام وغیرہ وغیرہ۔

شبلی

30/جنوری 1914ء

خط (25) — 12 مارچ 1914ء

محبی!

ترجمۂ انگریزی26 کے متعلق کوئی یکسو فیصلہ کرا دیجئے، اگر وہاں کے بندوبست میں تامل ہو تو اجازت دیجئے کہ میں اور کچھ بندوبست کروں، کام فوراً شروع ہوتا ہے، نواب ڈھاکہ ان الفاظ میں مستدعی ہیں کہ ’’مجھ کو بھی اس سعادت کی شرکت کا موقع دیجئے‘‘، حیدرآباد سے عماد الملک نے خود مجھ کو لکھا اور میں پہلو بچا گیا، اس بنا پر اس مسئلہ کو صاف کرا دیجئے۔

اردو حصہ مطبع میں جاتا ہے۔

جواب لکھنؤ کے پتہ سے دیجئے۔

شبلی

12/مارچ 1914ء

خط (26) — 8 جون 1914ء

محبی!

نہایت ضروری خط لکھ چکا ہوں، اعتراضات کا جواب میں کہہ چکا27، نہایت مہمل اور محض معاندانہ اعتراضات تھے، لیکن عبدالشکور کو میں مخاطب نہیں کر سکتا، اس لیے کسی اور کے نام سے وہ چھپ سکتا ہے، میں اپنے نام سے نہیں چھپوا سکتا، غرض اظہارِ حقیقت ہے نہ اظہارِ نام۔

ہاں الگ رسالہ چھپے یا الہلال میں بھیج دیا جائے، میں بارش کے قبل نہیں آ سکتا، بہت ضرورت ہو تو ایک دو دن کے لیے آ جاؤں، لیکن اگر اسی درجہ کے لوگوں کے لکھنے پر میری دار و گیر ہوتی رہے گی تو میں نہیں سمجھتا ہوں کہ اعانت سے مستعفی ہو جاؤں۔

شبلی، بمبئی

8/جون 1914ء

خط (27) — 18 جون 1914ء

محبی!

کیا اب تک میری تحریر سرکاری مراسلہ کے جواب میں پہنچ نہیں چکی، میں نے لکھا تھا کہ کسی مستند عالم کو تجویز کیا جائے تاکہ میں مسودہ وہاں بھیج دیا کروں، البتہ کاتب کو ڈھونڈھنا پڑے گا، یہاں نہیں ملتے، نہ لکھنؤ سے یہاں آتے۔

میں نے دیباچہ کو بہت کچھ بدل دیا ہے، اگرچہ اعتراضات میں علانیہ خیانت کی ہے یعنی میری عبارت جو نقل کی ہے اس کے الفاظ تک بدل دئے ہیں اور اکثر اعتراضات محض غلط تعبیری پر مبنی ہیں، تاہم میں نے دیباچہ کو ان اعتراضات کی زد سے بھی الگ کر دیا ہے، باوجود اس کے بہتر ہے کہ کوئی عالم نظرِ ثانی کر لیں کہ ملک کے اعتماد کا باعث ہو، مولوی محمود حسن دیوبندی مسلم شخص ہیں، میری نسبت چاہے ان کی جو رائے ہو، لیکن وہ کوئی رائے دیانت کے خلاف نہ دیں گے، مولوی عبیداللہ صاحب سندھی کو اس کا متوسط بنایا جا سکتا ہے۔

یہاں کام نہایت سکون اور اطمینان سے ہو رہا ہے، ارادہ تو یہ ہے کہ اب بغیر تکمیلِ کتاب یہاں سے نہ ٹلوں۔

ہندوستان میں سخت پریشان خیالیاں پیش آ جاتی ہیں اور ملنے والے بہت سا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔

میرے ماموں زاد بھائی مولوی حمید الدین مشرقی یونیورسٹی حیدرآباد کے پرنسپل مقرر ہو گئے، 550/روپے ماہوار تا ترقی ایک ہزار، ہر سال 50/روپے کا اضافہ، امید ہے کہ ان کے وجود سے فائدہ پہنچے۔

شبلی، بمبئی

18/جون 1914ء

خط (28) — 30 جون 1914ء

محبی!

مسودہ کی نقل کے لیے لکھنؤ سے بھی ایک خوشنویس بلایا ہے، ایک یہاں پہلے سے تھا، مولوی محمود حسن اور مولوی عبیداللہ سندھی کو خط لکھتا ہوں۔

سیرتِ عائشہؓ سید سلیمان مدت سے اس کا ذخیرہ فراہم کر رہے تھے28، حضرت عائشہؓ نے صحابہؓ کی روایتوں پر جو تنقیدات کی تھیں، ان کو علامہ سیوطی نے یکجا کر دیا تھا، سید سلیمان نے کہا وہ نہیں ملتی، بس اس کا انتظار ہے، میں نے کئی مہینے ہوئے ان کو حیدرآباد سے مستعار منگوا دی، آج میں نے ان کو خط لکھا ہے کہ اب کیا انتظار اور کیا دیر ہے، ادھر29 وہ عربِ جاہلیت کی تاریخ لکھنے میں مصروف ہو گئے تھے، نہایت محققانہ کئی سو صفحوں کا ایک رسالہ لکھا ہے، بہرحال سیرتِ عائشہؓ تو وہ لکھ دیں گے، بقیہ ازواجِ مطہراتؓ کو میں نے سیرت میں لے لیا ہے، لیکن بہت پھیلا کر نہیں یہ حصہ اپنی زیرِ ہدایت میں نے عبدالسلام سے تیار کرایا، گو ابھی نظرِ ثانی نہیں کی، ان لوگوں کے حالات اتنے نہیں کہ الگ الگ رسالے لکھے جا سکیں، بلکہ سب کو ایک رسالہ کرنا ہوگا، تاکہ ایک معقول ضخامت کی کتاب ہو جائے، لیکن عبدالسلام الہلال میں سو روپیہ پر مقرر ہو گئے اور جولائی سے ان کا قیام کلکتہ میں ہوگا، الہلال کے سب ایڈیٹر ہوں گے، اس لیے نہیں کہہ سکتا کہ دونوں کام کر سکیں گے یا نہیں، بہرحال ان کو لکھتا ہوں اور ذرائع بھی سوچتا ہوں۔