میرے ساتھ اب کے کوئی خوشنویس نہیں آیا، سخت ہرج ہے، اشتہار بھی دیا کوئی درخواست نہیں آئی، اگر وہاں کوئی شخص ہو تو نمونۂ خط بھیج دیجئے 25/روپے ماہوار ملیں گے اور مکان بھی۔
میرے خلاف جو شورش ہوئی، آپ دیکھتے ہوں گے میں ضرور بدنام ضرور ہوا، لیکن ندوہ بچ گیا ڈپٹی کمشنر نے صاف لفظوں میں کہہ دیا تھا کہ یا تو عبدالکریم کو لو یا پانچ سو روپیہ ماہوار، بے شبہ پانچ سو روپیہ چھوڑ دینا اچھا تھا، لیکن کیا قوم اس کے لیے تیار ہے، جن ممبروں نے میری مخالفت میں علمِ جہاد بلند کیا، انھوں نے باوجود دولت مندی اس وقت تک ایک حبہ ندوہ کو نہیں دیا ہے، کاغذات سب میرے پاس ہیں، عند الموقع دکھاؤں گا۔
شبلی، بمبئی
1913ء
خط (17) — 13 اکتوبر 1913ء
محبی! سلام علیکم
عنایت نامہ پہنچا، پرنس صاحب کو مفصل خط لکھ دیتا ہوں، کتاب کا پہلا حصہ جس میں سادہ حالاتِ زندگی ہیں، قریباً تیار ہو گیا ہے، اگرچہ اس میں بھی نہایت کد و کاوش اور تمام کتبِ حدیث و رجال کی چھان بین کرنی پڑی، تاہم اصلی مرحلے آگے ہیں، کتاب 5 جلدوں میں ہوگی، جو حصہ گویا تیار ہے وہ قریباً 500 صفحوں میں ہے، پوری کتاب کو اس کا چوگنا کر لیجئے۔
سید سلیمان اور عبدالسلام کو آپ بلا لیں، اگرچہ ندوہ سرِ دست خالی ہو جائے گا، اس لیاقت کے لوگ ابھی ندوہ میں تیار نہیں ہیں اور اگر ندوہ کے یہی کارکن ہیں تو آئندہ بھی امید نہیں۔
آپ میری تمام اردو نظمیں لے لیں اور جو نفع ہو جو چاہیں کریں، مجھ کو نفع سے غرض نہیں لیکن شرط یہ ہے کہ چھپائی اور کاغذ اعلیٰ درجہ کا ہو، جیسے کہ الغزالی والکلام وغیرہ ہیں۔
ہاں نظمیں میرے پاس نہیں، الہلال سے مہیا کرنی پڑیں گی، بعض نظمیں زمیندار اور ہمدرد میں ملیں گی، میں ان کو مہیا کر دوں گا۔
انوار احمد صاحب نے لکھا تھا کہ مجموعۂ نظم شوال میں چھپ جائے گا، لیکن اب تک تو نہیں پہنچا۔
حیدرآباد نے (خود) میرے منصب میں دو سو کا اضافہ کر دیا، اب تین سو سکہ انگریزی ملیں گے، سیرت کے لیے بھی کچھ کرنا چاہتے تھے، لیکن میں نے پہلو بچایا کہ بھوپال کا تقدم اور یکتائی قائم رہے، گو مستقل صورت میں (جو زیرِ تجویز ہے) اوروں سے مدد لینے کا مضایقہ نہیں، اس صورت میں بھی اصل سرپرستی بھوپال کی رہے گی اور سرکارِ عالیہ پیٹرن اور مربی ہوں گی۔
شبلی، حیدرآباد
13/اکتوبر 1913ء
خط (18) — یکم نومبر 1913ء
محبی!
سلام علیکم، علی گڑھ میں دو پروفیسر فارسی تو اب بھی موجود ہیں، کیا کوئی اور نئی جگہ نکلی ہے۔
ہاں یہ دونوں اچھے بن گئے16، کمبخت مخالفین نے اوقات اور کام میں خلل ڈال دیا، ورنہ اور بھی داغ بیل پڑ رہی تھی، بہرحال یہ طے ہوئے کہ کہاں صدر مقام کروں تو پھر اربابِ قلم کی تربیت شروع کروں، ان شاء اللہ سیرت ہی کے دفتر کو اتنا وسیع کرتا ہوں کہ دائرۃ التالیف بن جائے، ہندوستان میں اور ہر کام کے لیے انجمنیں ہیں لیکن تصنیفی انجمن کا میدان خالی ہے اور یہ سب سے بڑا اہم کام ہے، ایک لائق مصنف ہزاروں آدمیوں کے دل پر حکمرانی کرتا ہے۔
نظموں کے دو حصے17 ہونے چاہئیں، اخلاقیات و سیاسیات، کشاف وصاف کے نام کی نظمیں سیاسیات کے عنوان میں رہیں، دونوں حصے اس طرح چھاپے جائیں کہ مجموعہ بھی اور الگ الگ بھی فروخت ہو سکیں، بہت سے موقع ہوں گے جہاں صرف اخلاقیات کی اشاعت ہو سکے گی، سیاسیات اگر غیر منفک ہوں گے تو مجموعہ رک جائے گا۔
اردو نظمیں جس قدر الہلال میں ہیں، سب لکھوا کر میرے پاس بھجوا دیجئے تو یاد آئے کہ اور کیا کیا باقی ہے، میرے پاس کچھ موجود نہیں لیکن دماغ پر زور ڈال کر پتہ لگا لوں گا۔
ندوہ کا ذکر ابھی رہنے دیجئے، میں نے ابھی کوئی رائے اخیر نہیں قائم کی، خود جا کر دیکھ لوں کہ اب کیا حالت ہے، تو رائے قائم کروں، خط البتہ مایوسی بخش آتے ہیں۔
سیرت کا دیباچۂ اولیٰ جس میں سببِ تالیف اور اس کی تاریخ اور آپ کا ذکر ہے، ہنوز کاغذ پر نہیں آیا، دماغ میں ہے۔
انگریزی داں ابھی دلخواہ نہیں ملا، اس لیے بہت سے کھانچے باقی ہیں، اب ہاشمی صاحب جو مخروجین کالج میں ہیں، ان کا خط آیا ہے، وہ آ جائیں تو کام اچھی طرح چل نکلے۔
جرمن زبان کی کتابیں تحقیقاتِ عرب کے متعلق عجیب و غریب ہاتھ آئیں لیکن ان سے کیونکر کام لوں۔
وایسرائے بہادر کے آنے پر بہت سے تغیرات کا ڈر تھا، لیکن حضور نظام کی اسپیچ سے بظاہر اطمینان معلوم ہوتا ہے۔
ہاں ظل السلطان کی چھپائی اور کاغذ، اس کے نام اور انتساب کے معیار سے ہونی چاہیے۔
شبلی، حیدرآباد
یکم نومبر 1913ء
خط (19) — 9 نومبر 1913ء
محبی!
تسلیم، ہاشمی کو میں تو لکھ چکا، انھوں نے بہت سی سندوں کے حوالے دئے تھے، بہرحال تجربہ ہی سہی۔
مفتی صاحب18 کا خط مجھ کو نہیں ملا، ندوہ کی مدد جاری تو ہونی چاہیے لیکن ضرور کسی قید کے ساتھ ورنہ ہر شخص شیرِ مادر سمجھ کر تصرف کرتا ہے، موجودہ انتظام سراسر بددیانتی اور تمامتر قواعدِ ندوہ کے خلاف کیا گیا ہے اور بری طرح کام ہو رہا ہے، اس صورت میں روک ٹوک نہ ہو تو بددیانتوں کو سخت جرأت ہو جائے گی، میں بالکل خاموش رہا، لیکن قوم کی طرف سے عام مظاہرہ کی تحریک بہتر ہے، ہمدرد اور دلگداز آپ نے پڑھا ہوگا، خیر اس کو پھر لکھوں گا۔
عورتوں کے متعلق کسی ایک کتاب میں بہت کم ملے گا، سیکڑوں مقاموں سے ریزے چننے پڑیں گے، عبدالسلام کو بلا لیجئے، میں ان کو سب پتے بتا دوں گا۔
جناب پرنس حاجی حمید اللہ خاں صاحب نے مجھ کو لکھا کہ سیرت کی مد کے استقلال کے لیے عید الاضحیٰ کی تعطیل میں حضور سرکارِ عالیہ کی خدمت میں گذارش کروں گا، موقع آ گیا ہے، آپ بھی یاد دہانی کرا دیجئے۔
یہاں فی الجملہ طبیعت صحیح رہتی ہے، ارادہ ہے کہ جلدِ اول تمام کر کے یہاں سے اٹھوں، اسٹاف نہیں بلایا ہے، کتب خانہ یہاں بہت اچھا ہے۔
شبلی، حیدرآباد
9/نومبر 1913ء
خط (20) — 31 دسمبر 1913ء
محبی!
سلام مسنون! قرآن مجید کے شبہات کا جواب یورپ کے مقام میں تمام ہندوستان میں کوئی شخص مولوی حمید الدین پروفیسر میور19 کالج سے بہتر بلکہ برابر بھی نہیں کر سکتا، وہ مولانا عبدالحی فرنگی محلی اور علمائے قدیم سے کتابیں ختم کر کے بی اے ہوئے اور 8 برس سے قرآن مجید کی خدمت کر رہے ہیں، قرآن مجید کے اشکالات پر ان کے چھ رسالے عربی زبان میں شائع ہو چکے ہیں، جس پر علمائے مصر نے حیرت ظاہر کی، وہ کالج میں دو سو ماہوار پاتے ہیں، چونکہ یہ مذہبی کام ہے، ممکن ہے کہ وہ اس سے کچھ کم میں راضی ہو جائیں پھر ایک مترجم انگریزی کی ضرورت ہوگی جو عمدہ انگریزی لکھے، اس کا ذمہ آپ لیں یا اشتہار دیں، تب یہ کام حسبِ مراد پورا ہو سکتا ہے اور تمام ملک کو اطمینان ہو سکتا ہے۔
یاقوت مستعصمی20 کے نسخۂ قرآن کو آپ خود یہاں آ کر دیکھئے، تین ہزار میں طے ہو جائے گا پورا نسخہ۔
شبلی، لکھنؤ
31/دسمبر 1913ء
خط (21) — 10 جنوری 1914ء
محبی! سلام مسنون
1-حضور سرکارِ عالیہ لکھنؤ تشریف لائیں گی تو ان کا نہایت پرشان استقبال اہلِ شہر اور ندوہ کی طرف سے ہونا چاہیے، استمزاج کر کے جو مصلحت ہو لکھئے کہ ابھی سے اس کا انتظام کیا جائے۔
2-ندوہ کی حالت یوں درست نہ ہوگی، انسپکٹر نے جو رپورٹ کی وہ مفتی انوار الحق صاحب نے یہاں سے منگوائی ہے، اس کو دیکھئے، مزید یہ کہ تمام کام محض خود مختاری سے کیے جا رہے ہیں اور اب یہ چاہتے ہیں کہ مولوی عبدالکریم کو پرنسپل بنا دیں، جن کے بابت سب جھگڑا ہوا اور جن کے متعلق گورنمنٹ کی چٹھی آئی تھی، اس کے لیے مولوی عبداللہ موجودہ پرنسپل کو تنگ کیا جا رہا ہے کہ وہ استعفا دے کر چلے آئیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اعانت بند ہو جائے بلکہ یہ ہوگا کہ چونکہ اکثر جگہ اظہارِ بے اطمینانی کے جلسے تک ہو چکے ہیں اور انسپکٹر سرکاری ایسی سخت رپورٹ لکھ گئے کہ اور انتظامات کی حالت ناقابلِ اطمینان ہے، اس لیے ریاست کی طرف سے یہ ہدایت ہو کہ ارکانِ ندوہ ایک کمیٹی قائم کریں جو امورِ اصلاح طلب کا فیصلہ کرے اس کے ممبر آزاد اور بے لاگ لوگ مقرر کیے جائیں مثلاً مسٹر محمد علی، مسٹر مظہر الحق، حکیم اجمل خاں یا جو لوگ مناسب معلوم ہوں، اصلی ضرورت یہ ہے کہ ممبروں کا انتخاب آزادی اور بے لوثی سے ہو، اور قواعدِ انتخاب کے موقع پر جیسا یونیورسٹی کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔
3-یہ بھی واضح رہے کہ میرا استعفا جس کمیٹی نے منظور کیا، اس کو حق نہ تھا، نہ جو شخص ناظم مقرر کیا گیا وہ ناظم ہو سکتا تھا، اس لیے اس کو قواعدِ ندوہ کے رو سے ناظم جلسۂ سالانہ میں مقرر کیا جاتا ہے۔

