میں نے خط اس لیے نہیں لکھا کہ آپ نے تار پر جواب مانگا تھا، تار دیا گیا اور یقین ہوا کہ آپ فوراً علی گڑھ روانہ ہوں گے، اب آپ نہ آئیے، میں خود آتا ہوں، گرمی بہت سخت ہے، میرا ارادہ ہے کہ مستقل بمبئی میں قیام کر کے سیرت کو ختم کر دوں، یہاں روز ایک قصہ رہتا ہے اور اطمینان نصیب نہیں ہوتا، اسٹاف ساتھ لے جاؤں گا، سید سلیمان ساتھ رہیں گے، خوشنویس اور انگریزی مترجم وغیرہ بھی۔
جناب کرنل صاحب6 کا شکریہ وہیں آ کر عرض کروں گا، لیکن کتاب7 کا پہلا اڈیشن میری ملک ہوگا، پھر وقف۔ لیکن ندوہ یا اشاعتِ اسلام پر۔ اور کوئی مصرف میں قبول نہیں کر سکتا۔
ماہوار کے جاری ہونے پر یہاں سے روانگی موقوف ہے، تاکہ اسٹاف کے لوگوں کو کافی اطمینان ہو جائے۔
ماہواری چندے اور یک مشت رقمیں بہت سی آئیں، میں نے سب واپس کر دیں، لوگوں کو شکایت ہے کہ اس سعادت میں ہم کو کیوں موقع نہیں دیا جا سکتا۔
شبلی
10 مئی 1912ء
خط (10) — 6 جون 1912ء
محبی!
سلام مسنون! ماہوار کا روپیہ اب تک نہیں آیا، سخت ہرج ہے، کتابوں کی رقم آئی لیکن ابھی صرف آدھے نوٹ آئے، اس لیے کام اس سے بھی نہیں لیا گیا، انگریزی گریجویٹ کو اس لیے اب تک نہیں بلا سکا کہ ان کا خرچِ راہ نہ بھیج سکا، عجب لوگ ہیں بے فائدہ اطلاع دیتے ہیں کہ منی آرڈر روانہ ہو چکا۔
ابھی تک میں نے لائف کا کچھ کام نہیں کیا، طبیعت مطمئن نہیں، لیکن اب کل شروع کروں گا، آج کل یہاں پیر صاحب بغدادی کا بڑا ہنگامہ ہے، ان کی روشنی اور جلوس پر 75/ہزار روپیہ ایک شب میں صرف ہوا، کل اجمیر جائیں گے، سرکارِ عالیہ نے ان کو جو رقم دو ہزار کی بھیجی میرے سامنے پہنچی تھی گو وہ ان کے خدا ہیں، لیکن مجھ سے پوری ایک گھنٹہ تک خلوت رہی، اتنی دیر تک انھوں نے کسی کو آنے نہ دیا، ورنہ روزانہ صبح سے شام تک ہزاروں کا مجمع رہتا ہے، میں نے مفید مشورے دئے اور انھوں نے قبول کیے، غالباً کوئی مفید نتیجہ نکلے، قریباً چار مہینے تک قیام رہے گا، جا بجا جائیں گے۔
اگر وہاں کتب خانہ میں تفسیر فتح الباری مع تفسیر ابن کثیر موجود ہو تو ضرور لیتے آئیے گا، یہاں نہیں ہے اور میں ساتھ نہیں لایا، سید سلیمان آ گئے، آج خط آیا کہ بیمہ کرا کے نوٹ بھیجے ہیں، دریافت کرتا ہوں اب تک تو کوئی چیز نہیں پہنچی، کرنل صاحب کو خط لکھ دیا۔
شبلی، بمبئی
6 جون 1912ء
خط (11) — 8 ستمبر 1912ء
محبی!
میں آپ کے کام کے لیے ہر وقت حاضر ہوں، کتبِ مذکورہ میں سے کتبِ ذیل مفید اور کار آمد ہیں۔8
اصابہ جلدِ اخیر، ابن خلکان، نفح الطیب، عقد الفرید۔
باقی کتابیں فضول یا بہت کم کار آمد ہو سکتی ہیں، ایک کتاب حال میں مصر میں لکھی گئی ہے، اس وقت اس کا پورا نام9 یاد نہیں، لکھنؤ پہنچ کر لکھ بھیجوں گا، وہ بہت ضخیم ہے اور بہت استقصا کیا ہے۔
ایک کتاب بلاغۃ النسا نہایت قدیم تصنیف ہے، اس میں صرف مشہور خاتونانِ عرب کے لکچر جمع کیے ہیں۔
ترتیب وغیرہ کے لیے آپ سے ملنا ضرور ہے، اس کے علاوہ بغیر ایک اچھے عربی داں کے ہرگز کام نہ چلے گا، اگر عبدالسلام (سابق ایڈیٹر الندوہ) کو آپ کچھ مدت کے لیے بلا سکیں پورا کام چل جائے گا، وہ وسیع النظر ہیں اور استخراج کا پورا ملکہ ہے، وہ غالباً 35/روپے پر وہاں چلے جائیں گے، بشرطیکہ مکان مفت کا ہو اور کھانا پکوانے کے لیے باورچی نہ رکھنا پڑے۔
عورتوں کے متعلق نہایت عمدہ کتاب لکھی جا سکتی ہے لیکن ان معمولی لوگوں کا کام نہیں۔
|
نہ ہر کہ آئینہ سازد سکندری داند |
|
|
ترجمہ اردو جریدہ: ہر وہ شخص جو آئینہ بنا لیتا ہے، سکندری (کا فن) نہیں جانتا |
شبلی، بمبئی
8 ستمبر 1912ء
خط (12) — 2 نومبر 1912ء
محبی!
ریویو ناقدانہ تھا، ڈر تھا کہ ناپسند نہ ہو، مشکور ہوں کہ آپ نے پسند کیا، سیرت کے سو صفحے ہو چکے تھے، لیکن نظرِ ثانی میں پھر کچھ کا کچھ ہو گیا، یورپ کی غلط بیانیوں کا ایک دفتر ہے، ان کے ایک ایک حرف کے لیے سیکڑوں ورق الٹنے پڑتے ہیں، یہ کمبخت لکھتے تو جھوٹ ہیں لیکن بے پتہ نہیں لکھتے، یہاں ہمارے سیرت نگاروں نے خود بہت بے احتیاطیاں کیں۔
میں جانتا ہوں کہ کام دو برس میں نہ ہوگا، یہ بھی احتمال ہے کہ سرکارِ بھوپال رقم بند کر دیں، لیکن اب روپیہ کا نہیں بلکہ میری جان کا معاملہ ہے، ہر حالت میں کام جاری رکھوں گا اور اگر مر نہ گیا اور ایک آنکھ بھی سلامت رہی تو ان شاء اللہ دنیا کو ایسی کتاب دے جاؤں گا جس کی توقع کئی سو برس تک نہیں ہو سکتی ہے۔ والسلام
شبلی
2 نومبر 1912ء
خط (13) — 5 جنوری 1913ء
محبی!
تسلیم، افسوس میں سخت بیمار ہو جانے کی وجہ سے آگرہ نہ آ سکا10 لکچر تیار تھا اور کچھ اشعار بھی۔
نالۂ شبلی11 دیکھا، اشعار غلط چھپے، میں نے ان کو لکھا تھا کہ پروف بھیج دیجئے گا میں تصحیح کر دوں گا لیکن انھوں نے جواب تک نہ دیا۔
بہر حال اگر آپ سیاسی نظمیں بھی چھاپنا چاہتے ہیں تو ضرور ہے کہ میرے تینوں آرٹکل پولیٹکل کروٹ12 والے بھی شامل کیجئے، اس نظم کی وہ نثر شرح ہے، کچھ دیباچہ بھی ہونا چاہیے، وہ میں لکھ دوں گا۔
اتنے ہی دنوں میں ندوہ کی یہ حالت پہنچی کہ گورنمنٹ نے انسپکٹر بھیجا اور اس نے چھ صفحوں کی سخت رپورٹ لکھی اور یہ الفاظ لکھے کہ ایسی ردی حالت کے ساتھ اعانتِ سرکاری دیر تک جاری نہیں رہ سکتی، لیکن یہاں کے خود غرضوں کا یہ حال ہے کہ جب تک ندوہ کو پورا برباد نہ کر لیں گے چھوڑنا نہیں چاہتے، انسپکٹر نے جواب جلد طلب کیا ہے، لیکن ایک مہینہ گذرنے پر بھی اب تک جواب نہیں گیا۔
بڑی بات یہ ہے کہ بورڈنگ کو اس نے لکھا ہے کہ خرگوش خانہ ہے، لیکن خرگوش خانہ کے بدلنے کے لیے پچاس ساٹھ ہزار روپیہ درکار ہے، یہاں یہ لوگ ایک حبہ بھی آج تک نہ جمع کر سکے، نہ کر سکیں گے، لطف یہ کہ مولوی خلیل الرحمٰن موجودہ مدعیِ نظامت خود لکھ پتی ہیں، لیکن آج تک 25/برس میں ان سے ایک پیسہ بھی چندہ ندوہ کو نہیں ملا، خیر یہ بڑی داستان ہے۔
|
غمِ حسنین پایانے ندارد |
|
|
ترجمہ اردو جریدہ: حسنین کے غم کی کوئی انتہا نہیں |
ہاں عربی مطبوعاتِ نادرہ یورپ وغیرہ کا ایک عمدہ ذخیرہ معرضِ فروخت میں ہے، دو ہزار میں ہاتھ آ جائے گا، نواب زادہ صاحب13 کو مطلع کیجئے، میں فہرست بھیج دوں گا، ہارویز صاحب سے جانچ کرا لیں کہ گراں نہیں ہے۔
شبلی
5 جنوری 1913ء
خط (14) — 6 جون 1913ء
محبی!
ہاں اس کتاب کا نام جس میں تمام عورتوں کا تذکرہ ہے، الدر المنثور فی روایات الخذور ہے، اس میں تمام قوموں کی عورتوں کے حالات ہیں، ایک حال کے مصنف مصر کی تصنیف ہے، یہاں ملتی ہے۔
میں تو کیا لکھ سکنے کے قابل ہوں، مولوی عبدالسلام کو تاکید کرتا ہوں، میں تو خط لکھنے کے قابل نہیں، صرف صبح کے وقت جس طرح ہو سکتا ہے سیرت لکھ لیتا ہوں۔
مولوی عبدالسلام سے مضمون لکھوانا ہے تو ان کو الدر المنثور مہیا کر دیجئے، مولوی عبدالسلام حضور سرکارِ عالیہ کی کتاب پر ریویو لکھ رہے ہیں، کیا ظل السلطان میں بھیج دیں۔
شبلی
6 جون 1913ء
خط (15) — 14 جون 1913ء
جنابِ مکرم!
تسلیم، والا نامہ ورود فرما ہوا، جامع ازہر کا نصاب آپ شیخ سلیم بشری شیخ الجامع الازہر قاہرہ سے طلب فرمائیں، میں بھی لکھ سکتا ہوں، لیکن ریاست کی تحریر کا زیادہ خیال کریں گے ورنہ مجھ کو تحریر فرمائیے گا کہ میں خود لکھ دوں گا۔
میرے خلاف چند خوغرضوں نے ندوہ کے معاملہ میں جو طوفان مچایا، آپ نے سنا ہی ہوگا، لطف یہ کہ شرکت سب نے کی اور اب سب الگ ہیں اور لطف یہ کہ گورنمنٹ افسروں سے گورنمنٹ ہی کا پہلو ظاہر کرتے ہیں اور سرخ رو بنتے ہیں، مولوی عبدالکریم کی چند روز معطلی14 جو میں نے کی اس کو نرغہ کر کے منسوخ کرایا پھر…… وغیرہ چپکے خود کمشنر صاحب کے پاس گئے اور ان کی مرضی لے کر مخفی خطوط ارکان کے نام جاری کیے اور چھ مہینہ کے لیے مولوی صاحب کو معطل کرایا اور پبلک کو اب تک دھوکا دیتے ہیں کہ ہم کو ان کی معطلی سے واسطہ نہیں، شبلی نے کیا جو کچھ کیا، میرے پاس تمام اصلی اور مطبوعہ کاغذات ہیں، موقع ہوا تو دکھاؤں گا۔
ہز آنر نے جو خط بھیجا، اس میں لکھا ہے کہ وہ الندوہ کے مضمون کو سخت شرارت انگیز خیال کرتے ہیں۔
مجھ کو یہ پہلے سے معلوم تھا کہ گورنمنٹ ایسا خیال کرے گی، اگر ندوہ کی طرف سے خبر نہ لی جاتی تو گورنمنٹ خود مقدمہ قائم کرتی اور نواب وقار الملک15 کی طرح ہم لوگوں کو عدالت میں جا کر گواہی دینا پڑتا۔
شبلی
14 جون 1913ء
خط (16) — 1913ء
محبی!

