اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

منشی سراج الدین کے نام

چونکہ کشمیر میں یہ معاملہ ہندو مسلمان سوال بن گیا ہے اس واسطے ممکن ہے رحمان راہ کے وارثوں کو یہ خیال ہو کہ گورنمنٹ آف انڈیا کا قانونی ممبر بھی تو ایک کشمیری پنڈت ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور دقت بھی ہے اور وہ یہ کہ جہاں تک مجھے معلوم ہے مہاراجہ کی طرف سے اگر کسی کو پھانسی کا حکم ہو تو اس کی اپیل گورنمنٹ آف انڈیا میں ہوتی ہے۔ قید کا اگر حکم ہو تو اس کی اپیل نہیں ہوتی۔ بہر حال اگر ان کا ارادہ ہو تو مجھے اس میں کچھ عذر نہ ہوگا۔ اس صورت میں آپ ان سے کہہ دیں کہ میری بحث کے مفصل نوٹ اور دیگر کاغذات بھیج دیں۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔ امید ہے آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ والسلام!

مخلص محمد اقبال لاہور

20؍ اپریل 22ء

(انوارِ اقبال)


خط (8) — بلا تاریخ (جلد سوم، ضمیمہ)

مخدومی جناب میر صاحب42

السلام علیکم! ایک بزرگ علامہ عبدالعزیز بلہاروی43 تھے جن کا انتقال44 1260ھ‌1844ء میں ہوا۔ انھوں نے ایک رسالہ ’’سرالسما‘‘ کے نام سے لکھا، جس کی تلاش مجھے ایک مدت سے ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ علامہ موصوف کا کتب خانہ ایک بزرگ مولوی شمس الدین بہاولپوری کے قبضہ میں چلا گیا تھا۔ شاید مولوی شمس الدین ان کے کوئی عزیز تھے یا کیا؟ بہرحال اس عریضے کا مقصود یہ ہے کہ از راہِ عنایت آپ مذکورہ بالا رسالے کی تلاش میں مجھے مدد دیں۔ قابلِ دریافت امر یہ ہے کہ کیا علامہ عبدالعزیز مرحوم کا کتب خانہ بہاولپور میں محفوظ ہے؟ ممکن ہے مولوی شمس الدین کے خاندان میں وہ کتب محفوظ ہوں۔ اگر مولوی شمس الدین کے خاندان میں وہ کتب محفوظ ہوں تو رسالہ بالا ممکن ہے ان کتب میں مل45 جائے۔ آپ مہربانی کر کے اپنے اثر و رسوخ کو اس مقصد کے لیے کام میں لائیں جس کے لیے میں آپ کا نہایت ممنون ہوں گا۔ اس کے علاوہ جو مقصد زیرِ نظر ہے وہ قومی ہے۔ انفرادی نہیں ہے۔ امید ہے کہ آپ کا مزاج بخیر ہوگا۔ اس خط کے جواب کا انتظار رہے گا۔

مخلص محمد اقبال بیرسٹر۔ لاہور

(غیر مدون)

مآخذ

1۔ ماہنامہ ’’المعارف‘‘، لاہور، دسمبر 1983ء

2۔ متین کاشمیری؛ احوال و آثار، حضرت علامہ عبدالعزیز پرہاروی (ص 65-66۔) مجلس خدام اسلام لاہور 1413ھ/1992ء


اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحات 64 تا 67، 71 تا 74، 412 تا 416؛ جلد دوم (1991ء)، صفحات 259 تا 261، 267 تا 269، 349 تا 351؛ اور جلد سوم (1993ء)، صفحہ 1059 تا 1061 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔