اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

پروفیسر عبدالقادر کے نام

خط (1) — 7 جنوری 1908ء

السلام علیکم!1

والانامہ پہنچا، کتابوں کے بھیجنے کا مشکور ہوں، احادیث الخوانین2 کے جوابات ملایانہ ہیں، عالمگیر کی سند مل جائے تو کیا کہنا۔3

آپ کے لیے ضرور تحریک کروں گا4، ممبری کے لیے کتابیں اپنے نام سے منگوا کر کسی کو دینا خلافِ قاعدہ ہے، اس لیے میں معذور ہوں، لیکن شرحِ انوری خود میرے پاس ہے، میں لکھنؤ سے بھیج دوں گا، البتہ مآثرِ رحیمی5 اور کہیں نہیں مل سکتی۔

خسرو کا کوئی عمدہ دیوان6 وہاں نہیں۔

غرۃ الکمال ہوتا تو البتہ منگوانا چاہئے تھا۔

والسلام

شبلی

7؍جنوری 1908ء

خط (2) — 10 فروری 1908ء

محبی!

خط پہنچا، پونہ کا وعدہ حیدر آباد کے سفر کے ساتھ تھا، جانا اور الٹا واپس آنا تو شکستہ پائی کی حالت میں دقت ہے۔

آپ کا یہ فقرہ سمجھ میں نہ آیا۔

’’اور بھی سن رہا ہوں۔‘‘

وہاں آیا تو آپ ہی کے یہاں ٹھہروں گا۔

نواب صاحب جنجیرہ کا دعوتی خط آیا ہے کہ جنجیرہ آؤ، شاید جانا ہو تو اور بھی پونہ آنا مشکل ہوگا۔

فرامرز نامہ7 کی اور کچھ کیفیت لکھئے تو معلوم ہو۔

زنانہ جلسہ8 بہت کامیابی کے ساتھ ہوا، گجراتی اور مرہٹی میں عورتیں خوب بولیں، بعض عورتیں تو مرد معلوم ہوتی تھیں۔

18 کو ٹابلُو ہے۔

والسلام

شبلی

10؍فروری 1908ء

خط (3) — 4 اپریل 1908ء

محبی!

آپ کا مفصل خط ملا اور گذشتہ کی تلافی ہوگئی، میں نے حال ہی میں مسٹر محمد علی کو لکھا تھا کہ آپ کو فرصت نہ ہو تو اور احباب کو تکلیف دی جائے، لیکن انھوں نے کسی طرح نہ مانا، جون سے کام شروع کروں گا۔9

اب پونہ آنے کی کم توقع ہے، یہاں مقامی ضرورتیں زیادہ پیش آگئی ہیں، اس کے سوا سفر میں تصنیف کا سلسلہ برہم ہو جاتا ہے، چاہتا ہوں کہ برسات تک شعر العجم کی دوسری جلد بھی تیار ہو جائے۔

پہلا حصہ چھپ رہا ہے اور بہت اچھا چھپ رہا ہے۔

شعر العجم10 کا ترجمہ آپ کریں، یہ شعر العجم کی قسمت، لیکن مشکل یہ ہے کہ حالات تو یورپین بھی لکھ چکے ہیں، جو چیز اصل ہے وہ شعرا کے کلام پر ریویو ہے، جس میں اصل اشعار کو نقل کرنا پڑتا ہے، اگر آپ اس کی تدبیر کر سکیں تو اس سے کیا بہتر؟

نکلسن11 سے مجھ کو پہلے سے واقفیت ہے، عربی میں یہ لوگ ابھی کوسوں ہم سے دور ہیں۔

شرحِ انوری12 غالباً اعظم گڑھ میں ہے، تلاش کرتا ہوں، اگر کتابوں میں ہے تو فوراً بھیجتا ہوں گو کمیاب چیز ہے۔

بمبئیات چھپ رہی ہے، لیکن نام بدل دیا ہے یعنی ’’دستۂ گل‘‘ تیار ہونے پر بھیج دوں گا، ایک دو غزل حال میں لکھیں وہ بھی شامل ہیں۔

ان شاء اللہ برسات بمبئی اور پونہ میں ہوگی۔

والسلام

شبلی

4؍اپریل 1908ء

خط (4) — 5 مئی 1908ء

مکرمی!

تسلیم! آپ کی محنت کی داد دیتا ہوں، بیشک ترجمہ13 میں اردو کی غلطیاں بہت ہیں، ان کو صحیح کر کے ایک مختصر تمہید کے ساتھ جس میں آپ کو ملک سے روشناس کراؤں گا، الندوہ میں شائع ہونے کو بھیج دوں گا، آپ کے علمی مذاق کا نہایت معترف ہوں۔

اس اثنا میں زہرا اور عطیہ فیضی14 کے بہت سے خطوط آئے اور بعض میں علمی مضامین بھی تھے، ان ظالموں کی اردو نویسی پر مجھ کو تعجب ہوتا ہے15، آپ کو شاید کبھی دکھلا سکوں۔

شعر العجم میں اب ناچار سعدی کو لینا پڑا اور اب انھیں کی لائف زیرِ قلم ہے، ’’دستۂ گل‘‘ چھپ گیا، عنقریب بھیجوں گا۔

شبلی، ندوہ لکھنؤ

5؍مئی 1908ء

خط (5) — 19 مئی 1908ء

محبی!

بقیہ ترجمہ16 پہنچا، دونوں حصے آج ملا کر دیکھئے، افسوس ہے کہ اشعار اس قدر بھر دئے ہیں کہ نثر بہت کم رہ جاتی ہے اور عام پڑھنے والوں کو دلچسپی نہیں ہو سکتی، سوچ میں ہوں کہ اس کو کیونکر کام میں لاؤں، اشعار چھانٹنے پڑیں گے۔

وہ بات میں نے یونہی لکھ دی تھی لیکن واقعی حیرت کی بات ہے، آپ جانتے ہیں بمبئی میں کسی کو اردو سے مس نہیں، عورتیں جو کچھ سیکھتی ہیں مردوں سے سیکھتی ہیں، ان عورتوں کو اردو داں کہاں ملتے ہیں، باوجود اس کے نہایت بے تکلف صحیح اردو لکھتی ہیں، لطف یہ کہ ان کے مردوں کے خط آتے ہیں، وہ بالکل بمبئی کی خاص اردو ہوتی ہے، غالباً اس کی وجہ یہ ہوگی کہ یہ لوگ اردو لٹریچر کو اچھی طرح مطالعہ نہیں کرتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ کی غلطیاں درست کر دیا کروں، آپ برا تو نہ مانیں۔

شعر العجم میں اب سعدیؒ زیرِ قلم ہیں، ان کے متعلق مزید اطلاع آپ دے سکیں تو عنایت ہے۔

شبلی، ندوہ لکھنؤ

19؍مئی 1908ء

خط (6) — 25 جنوری 1909ء

محبی!

آپ کی مہمان نوازی کا مشکور ہوں۔

مرزا صاحب کے نوٹ کا مجھ کو حال معلوم نہیں، ہوٹل والے سے دریافت کیجئے، مرزا صاحب نے تو مہمان نوازی میں کچھ کمی نہیں کی تھی، یہ رقم کیوں زبردستی ان سے اڑا لی گئی، خیر اس کو بھی میرے ہی نامۂ اعمال میں لکھئے، واقعی افسوس ہے۔

سندِ مرسلہ ایک قسم کی سند لگان17 ہے، قول نامہ اسی کو کہتے ہیں، یہاں بھی رواج ہے، بیدل کی نسبت میں یوں بھی راز دار تھا، وہ خوامخواہ وہم میں پڑتے ہیں۔

شبلی

25؍جنوری 1909ء

خط (7)

میں بخیریت پہنچا۔

عالمگیری سند18 میں صرف اس قدر ہے کہ موضع چنچوڑ فلاں گوسائیں کا مسکن ہے، کوئی اس کو نہ ستائے، اس سے یہ نہیں ثابت ہوتا کہ کوئی زمین اس کو عطا ہوئی تھی، کیا موضع مذکور میں اب بھی کوئی دیول ہے اور اس کا پجاری کوئی گوسائیں اسی خاندان کا ہے۔19

شبلی، حیدر آباد

خط (8) — 7 فروری 1909ء

مکرمی!

جملۂ مستفسرہ، اشاعرہ کا عقیدہ ہے، اشاعرہ سنی فرقہ کی ایک شاخ ہے، لیکن اب تو تمام سنی اسی حماقت میں گرفتار ہیں20، خیر اس فقرہ کو رہنے دیجئے، گو میرے ذاتی عقیدہ کے خلاف ہے۔21

شعر العجم سب سے پہلے آپ کے پاس پہنچے گی۔

رسالہ جزیہ کے لیے میر ولایت حسین سکنڈ ماسٹر کالج علی گڑھ کو لکھئے۔

شبلی، حیدر آباد

7؍فروری 1909ء

خط (9) — 23 اپریل 1909ء

مکرمی!

1-تزکِ تیموری فارسی میں مشہور اور متداول کتاب ہے، میں نے تو علی گڑھ کالج میں قلمی نسخہ دیکھا تھا لیکن غالباً چھپ بھی گئی ہے، تاجرانِ بمبئی سے دریافت کیجئے۔

2-بوعلی شاہ قلندر کا تذکرہ عموماً تذکرہ ہائے فارسی میں اور تذکرۂ اولیا میں ہے، میں اس وقت ندوہ سے دور ہوں، ورنہ کتاب کا حوالہ لکھ بھیجتا، آپ کو نہ ملے تو پھر لکھئے گا۔

3-شعر العجم کا پہلا حصہ شاید دو تین ہفتہ میں شائع ہو۔

ہاں عالمگیری مضامین کے ترجمے کا کیا حال ہے۔

شبلی، شاہجہاں پور

23؍اپریل 1909ء

خط (10) — 18 جون 1909ء

محبی!

عنایت نامہ پہنچا، جب کسی کتابِ مطبوعۂ یورپ کا تذکرہ کیجئے تو اس کی قیمت بھی ضرور لکھا کیجئے کہ خود منگوا سکوں۔

اسدی کے لغت کا کیا طرز ہے، صرف معنی پر اکتفا کرتا ہے یا سند بھی دیتا ہے، کیا برہانِ قاطع وغیرہ سے کچھ زیادہ تفصیل یا جدت ہے؟22

والسلام

شبلی، ندوہ لکھنؤ

18؍جون 1909ء

خط (11) — 18 جولائی 1909ء

یہاں23 بیڈھب پھنس گیا ہوں، دیکھئے کب چھوٹتا ہوں۔

گون24 مسلمانوں سے انگریزوں نے نہیں لیا ہے۔

آپ کی فرمائش کے مطابق سید سلیمان کو لکھتا ہوں، الندوہ میں ان کے مضامین چھپا کرتے ہیں، اگر وہ راضی ہوگئے تو ان سے بہتر آدمی نہیں مل سکتا۔

’’خود‘‘ کو مصر کے مسلمانوں نے کیوں اس کو استعمال میں لایا، یہ سب غلط فقرے ہیں، جو آپ کے خط میں تھے۔

والسلام

شبلی

18؍جولائی 1909ء

خط (12) — 13 اپریل 1910ء

جناب من!

تسلیم! مدت کے بعد آپ کے درشن ہوئے، آپ لکھنؤ آنا چاہتے تھے، لیکن افسوس ہے کہ میں اس زمانہ میں لکھنؤ نہ آتا، تاہم ممکن ہے کہ چند روز کے بعد وہاں جاؤں، اگر ایسا ہوا تو آپ کو لکھوں گا اور آپ تشریف لا سکتے ہیں۔

مضمون پہنچا، شکریہ، الندوہ میں چھپ سکے گا۔25

لیکن اگر اس مصنف کے اس مضمون کا پتہ لگتا تو بڑی بات تھی، جس میں اس نے فارسی شاعری اور فلسفہ پر لکھا ہے۔26

شبلی، الہ آباد پتھر کی گلی

13؍اپریل 1910ء

خط (13) — 31 جنوری 1911ء

جناب من!

یہ آپ نے غضب کیا کہ مجھ کو مدت تک منتظر رکھا، خط کی رسید تو بھیج دی ہوتی۔

اسدی کی کتاب اللغۃ بہ قیمت مجھ کو منگوا دیجئے، قیمت لکھئے تو بھیج دوں۔

شعر العجم حصۂ چہارم کے متعلق مدد دینا، یہ ہے کہ کسی نے انگریزی میں صوفیانہ رزمیہ یا اخلاقی شاعری پر ریویو کیا ہو تو اس کا ترجمہ بھیج دیجئے۔

میں فروری اور مارچ میں مارا مارا پھروں گا اور اپریل میں غالباً بمبئی آؤں۔

شبلی، لکھنؤ

31؍جنوری 1911ء

خط (14) — 14 فروری 1911ء

مکرمی!

عمر بھر میں کبھی آپ مجھ کو اس قدر خوش کر سکے اور نہ کر سکیں گے جس قدر لغۃِ اسدی کے بھیجنے سے لیکن فوراً قیمت لکھئے، ورنہ مسرت میں کمی ہو جائے گی، آپ پر بار ڈالنا مقصود نہیں، بلکہ صرف آپ کی سراغ رسانی کا احسان کافی ہے۔