بمبئی آنا چاہتا ہوں، شرط یہ ہے کہ حسبِ دلخواہ کوئی کمرہ 30؍روپیے کرایہ پر ٹھہر جائے، جس میں پاخانہ کا تنہا بندوبست ہو اور ٹراموے کا غل نہ پہنچے۔
شبلی
14؍فروری 1911ء
خط (15) — 16 فروری 1911ء
جناب من!
آپ شعر العجم دیکھ چکے، جو باتیں آپ ایسی پائیں کہ شعر العجم پر اضافہ ہو سکتا ہو وہ مجھ کو لکھ بھیجا کریں، رزمیہ یا اخلاقی شاعری انگریزی پر شاعری کا نمونہ چاہتا ہوں کہ اس کو اپنے ہاں سے مطابق کر سکوں۔
شاہ نامہ کا فرنچ ترجمہ27 کہاں مل سکے گا، پبلک لائبریری الہ آباد میں ہو تو منگوا لوں، گزیدہ28 معمولی تاریخ ہے۔
شبلی
16؍فروری 1911ء
خط (16) — 19 مارچ 1911ء
مکرمی!
خط پہنچا، میں اپریل میں وہاں آنا چاہتا تھا لیکن آپ کہتے ہیں کہ وہاں طاعون ہے، مئی کا مہینہ یہاں رہنے کے قابل نہیں ہوتا اور کوئی جگہ نہ ہوگی تو میں کشمیر چلا جاؤں گا، بہر حال جو ارادہ ہوگا اطلاع دوں گا۔
بمبئی کی۔
شعر العجم کا چوتھا حصہ قریباً تیار ہے، اس کا ترجمہ انگریزی میں ہو تو البتہ یورپ کو نظر آئے کہ کیا چیز ہے۔
شبلی
19؍مارچ 1911ء
خط (17) — 13 اپریل 1911ء
مکرمی!
افسوس آپ نے بمبئی سے محروم رکھا، اب کشمیر یا کلکتہ جہاں جاؤں گا آپ کو اطلاع دوں گا۔
سامی کمار29 کو میں جانتا ہوں، تصاویر وغیرہ کا بڑا ذخیرہ وہ لکھنؤ سے لے جاتے ہیں، میرے ایک دوست ہیں، ان سے اکثر چیزیں لی ہیں۔
تیمور30 کی تصویر اس کے دشمنوں نے بنائی ہے۔
باز بہادر31 کا قصہ منظوم ہے، لیکن اس وقت مصنف کا نام یاد نہیں، ڈھونڈ دوں گا، آج کل ندوہ کے جلسہ ہائے انتظامیہ کی وجہ سے مطلق فرصت نہیں، خط بمشکل لکھا ہے۔
بنارس میں ایک کایستھ خاندان میں وہ تمام خطوط فارسی میں موجود ہیں، جو سیوا جی نے مرزا راجہ جے سنگھ کو لکھے تھے، جے سنگھ کے جوابات بھی ہیں32، میں نے کئی دن تک اس کو دیکھا تھا، لیکن اب وہ حیلہ کرتا ہے، باقی پھر
شبلی
13؍اپریل 1911ء
خط (18) — جون 1911ء
جناب من!
السلام علیکم! سیرتِ نبوی جو زیرِ تصنیف ہے، میں چاہتا ہوں کہ یورپ کے مصنفین نے جو کچھ آنحضرت ﷺ کے متعلق لکھا ہے اس سے پوری واقفیت حاصل کی جائے تاکہ ان کے تائیدی بیان حسبِ موقع حجتِ اسلامی کے طور پر پیش کیے جائیں اور جہاں انھوں نے غلطیاں اور بددیانتیاں کی ہیں نہایت زور شور کے ساتھ ان کی پردہ دری کی جائے۔
اس بنا پر انگریزی کی کثرت سے تصنیفات مہیا کی گئی ہیں جو آنحضرت ﷺ کے متعلق تصنیف ہو چکی ہیں، لیکن ان سب کا اردو میں ترجمہ کرنا ناممکن ہے، اس لیے یہ رائے قرار پائی ہے کہ جن صاحبوں کو اس سے ذوق ہو ان کے پاس ایک کتاب بھیج دی جائے وہ مطالعہ کر کے قابلِ ترجمہ مقامات پر نشانات کرتے جائیں اور پھر کتاب واپس بھیج دیں تاکہ دفتر کے مترجمین سے ترجمہ کرایا جائے، اس بنا پر آپ سے درخواست ہے کہ آپ بھی اس کام میں حصہ لینا پسند فرمائیں گے۔
شبلی نعمانی
جون 1911ء
خط (19) — 14 جون 1911ء
مکرمی!
آج مسٹر بوا33، اڈیٹر اسلامک ورلڈ کا خط پھر آیا، زیب النساء کے متعلق آپ جواب جلد لکھ بھیجئے۔
مولوی سید علی کا مضمون متعلق کلیلہ دمنہ کالج بک ڈپو علی گڑھ سے مل سکتا ہے۔
ابھی تک آپ کی مرسلہ کتاب متعلق شاہ نامہ نہیں آئی۔
شبلی، بمبئی
14؍جون 1911ء
خط (20) — 22 اگست 1911ء
|
اے وقت تو خوش کہ وقتِ ما خوش کردی |
|
|
ترجمہ اردو جریدہ: اے وقت! تو خوش رہے کہ تو نے ہمارا وقت خوش کر دیا |
کتابیں یا انتخابات تو جب آئیں گے آئیں گے لیکن خوش تو میں ابھی ہو لیا اور کئی دن تک کے لیے یہ سامان کافی ہوگا، واقعی مجھ کو ان علمی ذخیروں کے پتہ سے بھی خوشی ہوتی ہے۔
مسیو بوا کو میں نے بھی بمبئی سے خط لکھا تھا، لیکن رسید نہیں آئی۔
لڑکے کے انتقال کا افسوس ہے۔
شعر العجم سے جلد فارغ ہوتا ہوں۔
شبلی، لکھنؤ
22؍اگست 1911ء
خط (21) — 11 ستمبر 1911ء
آپ کی عنایتوں کی بارش برابر جاری ہے، شاہ نامہ34 کا لغۃ ترکی میں ہے، اس سے آپ کیونکر کام لیتے ہیں، انگریزی کتاب کیا اس کتاب35 کے علاوہ ہے جو اسی پروفیسر نے آنحضرت ﷺ کے حالات میں لکھی ہے۔
شبلی، لکھنؤ
11؍ستمبر 1911ء
خط (22) — 13 فروری 1912ء
تسلیم! مدت سے آپ نے یاد نہیں کیا، خیام کا جبر و مقابلہ مجھ کو ہاتھ آ گیا36، اس لیے اب آپ کا نسخہ واپس کر دیتا ہوں، جواب خط کا انتظار ہے لیکن لغاتِ اسدی اس وقت تک نہ دوں گا جب تک آپ دوسرا نسخہ نہ منگوا دیں گے۔
آپ نے یہاں آنے کا وعدہ تو خوب پورا کیا۔
شعر العجم جلد 4 اس مہینہ میں نکل جائے گی۔
شبلی
13؍فروری 1912ء
خط (23) — 26 فروری 1912ء
مکرمی!
خط پہنچا، جبر و مقابلہ37 آج یا کل رجسٹرڈ بھیج دوں گا۔
نظامی کے متعلق مونوگراف38 کا ترجمہ آپ بھیج دیں تو میں اس سے کام لوں گا۔
چوتھی جلد کے بھی دو حصے کرنے پڑے، پہلا حصہ ایک دو ہفتہ میں نکل جائے گا، یہ حصہ انگریزی میں ترجمہ ہوا تو البتہ یورپ والوں سے داد مل سکتی ہے۔
شبلی
26؍فروری 1912ء
خط (24) — 18 مارچ 1912ء
تسلیم! اپریل میں تو یہاں میرا رہنا مشکل ہے، بمبئی یا کلکتہ جاؤں گا، 8؍اپریل تک یہاں سالانہ جلسے ہیں، اس وقت تک رہنا البتہ ضروری ہے، ندوہ کے سالانہ جلسہ کی شرکت کے لیے مصر کے نامور عالم سید رشید رضا مصر سے چل چکے اور 22؍مارچ 1912ء کو بمبئی پہنچ جائیں گے، ممکن ہو تو آپ بھی ان کا استقبال بندرگاہ پر کیجئے۔
ابھی ماہوار رقم سیرتِ نبویؐ نہ روانہ کیجئے گا، میں اس کے لیے بہت متردد ہوں۔
ہاں سوانحِ نبویؐ کے متعلق جو لٹریچر انگریزی میں ہے وہ جمع فرمائیے۔
شعر العجم جلد 4 چھپ گئی، صرف فہرستِ مضامین باقی ہے، لیکن بہت غلط چھپی ہے۔
شبلی
18؍مارچ 1912ء
خط (25) — 25 جولائی 1912ء
میں ان شاء اللہ کل کلکتہ روانہ ہوں گا اور سید سلیمان آج مدراس جائیں گے39، 5؍اگست کو ڈھاکہ میں کمیٹی ہے40 جس کی شرکت کے لیے جا رہا ہوں۔
سیرتِ نبویؐ کے متعلق آپ کی قلمی امداد کا امیدوار ہوں۔
شبلی
25؍جولائی 1912ء
خط (26) — 8 ستمبر 1913ء
مکرمی!
تسلیم، عنایت نامہ متعلق بکہ41 پہنچا، تکلیف فرمائی کا بہت ممنون ہوں، براہِ کرم اسی کتاب سے فاران کے متعلق جو تحقیق ہو لکھ بھیجئے، اس کی بہت بہت ضرورت ہے۔
پونا آنا رہا جاتا ہے، لیکن اکتوبر میں آپ ضرور میرے پاس رہئے، میں کہیں رہوں۔
شبلی، بمبئی
8 ستمبر 1913ء
خط (27) — 22 نومبر 1913ء
مکرمی!
والا نامہ پہنچا، مشکور ہوں۔
کتاب42 لے لی، قیمت بھیج دوں گا، لیکن پڑھوا کر سنا نہایت جاہلانہ اور متعصّبانہ کتاب ہے، نہایت عامیانہ معلومات پر آنحضرت ﷺ کو ہر جگہ مکار اور فریبی لکھا ہے۔
سید سلیمان کو سر دست تین چار مہینہ کے لیے تو میں خود چاہتا تھا43، لیکن آپ فرمائیں گے تو میں ان کو بھیج دوں گا44، لیکن حقیقت یہ ہے کہ خالص فارسی دانی میں عبدالسلام کو ان پر ترجیح ہے۔
بہر حال آپ جو فرمائیں گے مجھ کو انکار نہ ہوگا، لیکن ان لوگوں کے پاس سند نہیں، اس لیے تقرری دشوار ہے، انگریز صرف سند دیکھتے ہیں۔
شبلی، حیدر آباد
22 نومبر 1913ء
خط (28) — 22 نومبر 1913ء
جنابِ من!
تسلیم، میں اس سے پہلے خط میں لکھ چکا ہوں کہ سید سلیمان کسی قدر انگریزی جانتے ہیں، بولنے کے لیے نہیں بلکہ مطالعہ کے لیے۔
اگر ان کا تقرر منظور ہو جائے تو اتنا ضرور کیجئے کہ دو تین مہینے کے بعد ان سے کام لیا جائے، اس وقت مجھ کو ان سے بہت کام ہے45، بہر حال آپ کی سفارش پہلے منظور تو ہو جائے۔
شبلی
22 نومبر 1913ء
خط (29) — 28 دسمبر 1913ء
مکرمی!
تسلیم، آپ کا خط کل ملا، میں سفر میں تھا، اس لیے امانت رہا، بے شبہہ سید سلیمان کی کامیابی حیرت انگیز ہے46، لیکن اصل حیرت انگیز آپ کا زورِ اثر ہے، بہر حال ایک قابل شخص کی قدر دانی منتجِ نتائجِ مفیدہ ہوگی۔
سید سلیمان اس قدر قانع شخص ہیں کہ اس عہدہ کے قبول کرنے پر راضی نہیں ہوتے تھے اور متعدد دفعہ مجھ کو سمجھانا پڑا بلکہ گویا میں نے ان کو مجبور کیا، وہ چاہتے تھے کہ آزادانہ علمی اشغال میں مصروف رہیں، بہر حال وہ روانہ ہو چکے تھے کہ آپ کا خط ملا، راہ میں آگرہ کانفرنس دیکھتے جائیں گے۔
کتبِ مطلوبہ میرے ہاں ایک بھی نہیں، آپ عبداللہ خاں کتب خانۂ آصفیہ حیدر آباد سے طلب فرمائیں، میں آگرہ نہ جا سکا بیمار ہو گیا۔47
جرمن کتاب خطوط نابتین48 کا بہت انتظار ہے اور جغرافیہ فارسٹر کا۔
شبلی، لکھنؤ
28 دسمبر 1913ء
خط (30) — 15 مارچ 1914ء
مکرمی!
آپ نے لکھا تھا کہ حیدر آباد نے تین کتابیں واپس مانگی ہیں اور خط بعینہٖ بھیج دیا تھا، میں نے آپ کو لکھا کہ فارسٹر صاحب صرف ایک جلد یہاں ہے، دوسری جلد آپ دے آئے ہوں گے، اسی طرح ویسٹڈ یہاں نہیں ہے، آپ نے کچھ جواب نہیں دیا جلد مطلع فرمائیے۔
سید سلیمان سے کہیے کہ احتمال ہے میں گرمیوں میں کلکتہ رہوں۔
آج کل تو الہ آباد کی آب و ہوا میرے لیے نہایت صحت بخش ہے۔
سیرت کی کاپیاں لکھوا رہا ہوں، خوشنویس مستقل نوکر رکھ لیا ہے، گو دیر نویس ہیں،
الہلال میں بھی جو صفحہ نمونہ کے لیے چھپوایا، لیکن عام لوگ متفق نہیں۔
شبلی، الہ آباد
15 مارچ 1914ء

