اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

سرسید کے سفرِ لندن کے حالات

سرسیّد خاص قاعدے سے جو نامور اور مشہور با کمال لوگوں کے لیے مقرّر ہے، دو دفعہ ایتھینیم کلب کے آنریری ممبر مقرر ہوئے اور جب تک لندن میں رہے اس کے ممبر رہے۔ اس کلب کی ممبری کی تحریک سر ایڈورڈ ٹامس13 نے کی تھی جو سرسیّد کی منصفی کے زمانے میں دلی کے جج تھے اور جنھوں نے ان کو آثار الصنادید کو دوبارہ لکھنے اور ترمیم کرنے کی صلاح دی تھی۔

کیمبرج یونیورسٹی‌Cambridge University میں جانا

آثار الصنادید کا مترجم گارسال دتاسی14 جو فرانس کے مشہور مستشرقین میں سے تھا، وہ بھی لندن ہی میں سرسیّد سے خط و کتابت اور شوقِ ملاقات رکھتا تھا مگر یہ تمام اعزاز و امتیاز اور خاطر مدارات جن کا ہندوستان سے چلتے وقت سرسیّد کو سان گمان بھی نہ تھا، یہ سب اجنبی اور غیر متوقع امور تھے۔ ان کے اصلی مقاصد میں سے ایک بڑا مقصد انگلستان کے طریقۂ تعلیم کو دیکھنا اور اس پر غور کرنا تھا؛ چنانچہ انھوں نے اس غرض سے کیمبرج یونیورسٹی کو خود جا کر دیکھا اور بڑی سے بڑی اور چھوٹی سے چھوٹی چیز پر جو یونیورسٹی سے علاقہ رکھتی تھی، غور کی اور اس کا تمام نقشہ ذہن نشین کر لیا، پھر ملک کی عام تعلیمی حالت کا اندازہ کیا۔ تعلیمِ نسواں کو غور سے دیکھا اور تعلیم کے مختلف طریقوں میں سے جو طریقہ ہندوستان کے مسلمانوں کی حالت کے مناسب سمجھا اس کو نگاہ میں رکھا۔ اگرچہ انگریزی زبان کی ناواقفیت کی وجہ سے ضرور ہے کہ ان کو ہر ایک بات کے سمجھنے اور دریافت کرنے میں سخت دقتیں اُٹھانی پڑی ہوں گی اور شاید ان کو پوری واقفیت حاصل نہ ہو سکی ہو مگر جو نتیجے اس ادھوری واقفیت سے ہندوستان میں ظاہر ہوئے وہ بلکہ ان کا عشرِ عشیر آج تک اُن ہندوستانیوں کی پوری واقفیت سے بھی ظہور میں نہیں آیا جو ولایت سے اعلیٰ درجے کی تعلیم پا کر آئے ہیں۔

انگلستان کی تعلیم و ترقی پر غور کرنا

انگلستان کے طریقۂ تعلیم پر غور کرنے کے بعد سرسیّد نے لندن ہی میں ایک پمفلٹ انگریزی میں شائع کیا جس میں ہندوستان کے طریقۂ تعلیم کے نقصانات تفصیل کے ساتھ ظاہر کیے تھے۔ تعلیم کے سوا یورپ کی عام شائستگی اور طرزِ تمدن اور حسنِ معاشرت اور ہر قسم کی ترقیات کے اسباب جیسا کہ ان کی تحریروں سے ثابت ہے، ملاحظہ کیے اور جہاں تک ممکن تھا اپنی معلومات کو وسعت دی۔ یورپ کے طرزِ معاشرت کو دیکھا، وہاں کے امراء کے محل اور مکانات اور طرزِ ماند و بود پر نظر کی، عجائب خانوں اور کتب خانوں میں علوم اور تحقیقات کے ذخیرے ملاحظہ کیے؛ انجینئری کے عجائبات، جہازوں کی تیاری، توپوں کا ڈھلنا، سمندری تار کا بننا، انجینئروں اور عالموں کی سوسائٹیاں، عام کاریگروں اور اہلِ حرفہ کے کام اور عموماً اہلِ انگلستان کے علمی ذوق شوق اور علمی ترقیات کو دیکھا۔ جس سرگرمی کے ساتھ اہلِ مذہب، مذہب کی حمایت کرتے ہیں اور باوجود اس کے نہایت بے تعصبی سے غیر مذاہب والوں کے ساتھ پیش آتے ہیں اور جو اخلاق کہ وہ پڑوسیوں اور مہمانوں کے ساتھ برتتے ہیں، یہ سب کچھ دیکھا، اُن کے عیبوں سے قطع نظر کی اور اُن کی خوبیوں کو چنا اور یہ سب کچھ ایک تماشائی کی طرح سیر تماشے اور دل لگی کے طور پر نہیں بلکہ ایک وطن دوست کی طرح، دلسوزی، غیرت اور عبرت کی نظر سے دیکھا اور انگلستان کی حالت کو اپنے ملک کی حالت سے مقابلہ کر کے اپنے دردِ دل کو بڑھایا اور اس درد کو دوسروں کے دلوں میں درد پیدا کرنے کا ایک ذریعہ بنایا۔

اُن کا ارادہ تھا کہ انگلستان اور ہندوستان کی حالت میں جو زمین و آسمان کا فرق ہے اُس کو اپنے سفر نامے میں مفصل بیان کر کے اہلِ وطن کو خبردار کریں مگر اہلِ وطن نے اس کو برداشت نہ کیا۔ وہ اپنی پستی کی درد انگیز داستان نہ سن سکے اور اس لیے جو سلسلہ سرسیّد نے اپنے سفر کے حالات کا لکھنا شروع کیا تھا وہ منقطع ہو گیا۔ با ایں ہمہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے سفر کے جستہ جستہ حالات لکھنے سے دست بردار نہیں ہوئے اور جب کبھی موقع ملا انھوں نے کوئی نہ کوئی بات اہلِ وطن کے کان میں ڈال دی۔

خطباتِ احمدیہ کا لکھنا اور چھپوانا

ان سب باتوں کے سوا سرسیّد کا سب سے زیادہ ضروری اور اہم مقصد ولایت کے سفر سے ایک ایسی کتاب کا لکھنا اور انگریزی میں اس کا ترجمہ کرا کے شائع کرنا تھا جس سے اسلام کی اصلیت عیسائی قوموں پر ظاہر ہو اور جو غلطیاں اکثر عیسائی مصنّفوں نے اور خاص کر سر ولیم میور15 نے اپنی کتاب ’’لائف آف محمدﷺ16 ‘‘ میں اسلام کی حقیقت اور بانیٔ اسلام کے کیریکٹر کو ظاہر کرنے میں دانستہ یا نا دانستہ کی ہیں، ان کو رفع کیا جائے۔ سر ولیم میور کی کتاب کی نسبت اکثر انگریزوں کا یہ خیال تھا کہ اسلام کے متعلق جو ٹھیک اطلاعیں سر ولیم نے اہلِ یورپ کو دی ہیں، وہ پہلے کسی دوسرے ذریعے سے اُن کو حاصل نہیں ہوئی تھیں مگر در حقیقت یہ کتاب صرف عیسائیوں ہی کو اسلام اور بانیٔ اسلام کی طرف سے گمراہ کرنے والی نہ تھی بلکہ انگریزی تعلیم یافتہ نوجوان مسلمانوں کو بھی اسلام کی طرف سے شک میں ڈالنے والی تھی۔

سر ولیم میور کا جواب لکھنے سے دوستوں کا منع کرنا

سرسیّد کے بعض خطوں سے جو اُنھوں نے ولایت سے سید مہدی علی خاں کے نام بھیجے ہیں، پایا جاتا ہے کہ ہندوستان سے چلتے وقت جب انھوں نے یہ ارادہ اپنے احباب پر ظاہر کیا تو اُن کے بعض دوست جو سرکاری عہدہ دار اور سر ولیم میور کی گورنمنٹ کے ماتحت تھے، اُن کو سر ولیم میور کی کتاب کا جواب لکھنے سے مانع آئے مگر سرسیّد نے اُن کا کہنا نہیں مانا اور ولایت پہنچتے ہی اس کی فکر میں مصروف ہو گئے۔

خطباتِ احمدیہ کے لیے میٹیریل جمع کرنا

انھوں نے انڈیا آفس کے کتب خانے سے کتابیں بہم پہنچائیں، برٹش میوزیم‌British Museum کی لائبریری سے بہت سی اطلاعیں حاصل کیں، سیر کی عربی کتابیں جو مصر و فرانس اور جرمنی میں چھپی تھیں، وہاں سے منگوائیں اور چند لیٹن‌Latin اور انگریزی کی پرانی کتابیں جو نایاب تھیں، بہت گراں قیمت پر لندن کے بازار سے خریدیں اور شب و روز کی لگاتار محنت سے بارہ ایسے یعنی خطبے یا مضمون لکھ کر ایک لائق انگریز سے انگریزی میں ترجمہ کرائے اور لندن ہی میں خطباتِ احمدیہ کے نام سے اُس کو چھاپ کر مشتہر کیا۔

خطبات کے لکھنے میں سرگرمی

اس کتاب کے لکھتے وقت جس قدر جوش سرسیّد کے دل میں تھا اور جو مالی مشکلات اُن کو اُس کے شائع کرنے میں پیش آئیں اور جو سخت محنت اُس کے لکھنے میں اُن کو کرنی پڑی، اُس کا کسی قدر اندازہ اُن کے خطوں سے ہوتا ہے جو اُنھوں نے ولایت سے مولوی سید مہدی علی خاں کے نام بھیجے ہیں17۔ معلوم ہوتا ہے کہ سرسیّد اس کتاب کے لکھنے کو مذہبی فرائض میں سب سے زیادہ اہم اور ضروری فرض خیال کرتے تھے اور جب کہ وہ حسبِ دلخواہ تیار ہو گئی تو اُن کو بے انتہا خوشی اور فخر اس کے لکھنے پر ہوا تھا۔

انگلستان میں صرف یادداشتوں کا خلاصہ چھپا تھا

ولایت میں سرسیّد نے کتاب کی لاگت بڑھ جانے کے خوف سے صرف اپنی اُردو یادداشتوں کا خلاصہ انگریزی میں ترجمہ کر کے چھپوایا تھا مگر ہندوستان میں پہنچنے کے بعد اُنھوں نے اُس کو اُردو میں بھی اپنی پوری یادداشتوں سے از سرِ نو مرتب کر کے تصانیفِ احمدیہ کے ساتھ، بڑی تقطیع پر ٹائپ میں چھپوایا تھا جس میں ہر ایک مضمون بہ نسبت انگریزی کے زیادہ وسعت کے ساتھ بیان ہوا ہے مگر چونکہ اس کی جلدیں بہت کم چھپوائی گئی تھیں اس لیے اُس کی زیادہ اشاعت نہیں ہو سکی۔

اسلام کی بعض اور خدمتیں

خطباتِ احمدیہ لکھنے کے سوا انھوں نے ولایت ہی میں اور بھی اسلام کی بعض خدمتیں سرانجام دی ہیں۔

جان ڈیون پوٹ‌John Davenport کی کتاب کا چھپوانا

جان ڈیون پوٹ کی کتاب ’’اپالوجی فار محمدﷺ اینڈ قرآن18 ‘‘ کو جو انھوں نے عیسائیوں کے برخلاف اسلام کی حمایت میں لکھی تھی خود اپنے روپے سے چھپوایا۔ سرسیّد کے خطوں سے جو سید مہدی علی خاں کے نام ہیں معلوم ہوتا ہے کہ لندن کا کوئی پبلشر اس کتاب کو چھاپنے کی حامی نہیں بھرتا تھا اور خود مصنف کو اس قدر استطاعت نہ تھی کہ اپنے روپے سے اُس کو چھپوا کر شائع کر دے۔ سرسیّد نے وہاں پہنچ کر جب اُس کتاب کے مضامین سنے تو اُنھوں نے فوراً اپنے پاس سے روپے کی تدبیر کر کے وہ کتاب چھٹ پٹ چھپوا دی اور اس کی کئی سو جلدیں ہندوستان بھجوا دیں۔ یہاں اُس کا ایک اُردو ترجمہ مولوی عنایت الرحمن خاں صاحب دہلوی نے اور دوسرا مولوی ابوالحسن نے کیا اور دونوں ترجمے چھپ کر شائع ہو گئے۔