گاڈ فری ہنگنز کی کتاب کا ترجمہ کرنا
انگلستان کے ایک اور ذی وقعت مصنّف گاڈ فری ہنگنز کی کتاب جو کسی زمانے میں مصنّفِ مذکور نے اسلام کی تائید میں لکھی تھی اور اب نایاب ہو گئی تھی، ایک جرمن کتاب فروش کی مشہور دکان سے جہاں ہر زبان کی پرانی اور نایاب کتابیں بکتی ہیں، سرسیّد نے دس گنی قیمت پر لندن میں خریدی۔ اصل مطلب اس کے خریدنے سے یہ تھا کہ خطباتِ احمدیہ کی تصنیف میں اس سے مدد لی جائے مگر اُنھوں نے ہندوستان میں آ کر اُن لوگوں کے لیے جن کو مشنریوں سے مذہبی گفتگو کرنے کا اتفاق ہوتا ہے، پانچ سو روپے خرچ کر کے اُس کا اُردو ترجمہ بھی جو حمایتِ اسلام کے نام سے مشہور ہے، شائع کر دیا۔
سرسید کے انگلستان جانے سے ملک اور قوم کو بے انتہا فائدہ ہوا
سچ یہ ہے کہ سرسیّد نے جس تحریر کے ذریعے سے ولایت جانے کے لیے گورنمنٹ سے اجازت چاہی تھی، جو کچھ اس تحریر میں لکھا تھا اُس سے بہت زیادہ اپنے ارادوں کو پورا کر دکھایا۔ وہ لندن سے نہایت قیمتی اطلاعیں لے کر ہندوستان میں آئے، جن سے انھوں نے ملک اور قوم کو بے انتہا فائدہ پہنچایا۔ شمالی ہندوستان میں اُن سے پہلے ظاہراً کسی ہندو یا مسلمان نے اپنی اولاد کو تعلیم کے لیے ولایت نہیں بھیجا تھا۔ غالباً سید محمود شمالی ہندوستان میں پہلے شخص ہیں جو ولایت سے بیرسٹری کا ڈپلوما لے کر آئے؛ محض انھیں کی ریس سے اس ملک کے ہندو و مسلمانوں کو اپنی اولاد کے ولایت بھیجنے کا حوصلہ پیدا ہوا اور انھیں کی دیکھا دیکھی ولایت جانے والے دیسی طالب علموں کا ہندوستان سے انگلستان تک تانتا بندھ گیا۔ جس زمانے میں سرسیّد ولایت گئے انہیں دنوں میں سائنٹیفک سوسائٹی اخبار علی گڑھ میں چھپا تھا کہ سیّد احمد کے ولایت جانے سے ہندوستان کے واسطے ایک عمدہ مثال قابلِ تقلید قائم ہو گئی ہے؛ چنانچہ کلکتہ کے ایک نوجوان مسلمان سیّد امیر علی19 لندن روانہ ہوئے ہیں اور بہت سے ولایت جانے کو تیار ہو رہے ہیں۔ سیّد امیر علی نے صرف ولایت کا سفر کرنے ہی میں سرسیّد کی تقلید نہیں کی بلکہ اسلام کی خدمت کرنے میں اور اس کی خوبیاں یورپین قوموں پر ظاہر کرنے میں بھی سرسیّد کا پورا پورا اتباع کیا ہے۔ اُن کی دو با وقعت کتابیں ’’لائف آف محمدﷺ‘‘ اور ’’اسپرٹ آف اسلام20‘‘ جو انگریزی میں شائع ہو چکی ہیں، اس دعوے کی شاہد ہیں۔
نواب محسن الملک اپنی ایک تحریر میں آنریبل حاجی اسماعیل خاں کو لکھتے ہیں
’’سیّد احمد خاں ولایت گئے مگر اس مطلب سے کہ اپنی آنکھ سے اس قوم کو جو اُس وقت تمام اقوامِ روئے زمین پر شرف رکھتی ہے انھیں کے گھروں اور انھیں کے ملک میں دیکھیں۔ اور جو کچھ وہاں دیکھا ہے واپس آ کر اپنی قوم میں پھیلائیں۔ لوگ ولایت میں جا کر تماشا گاہ، تھیٹر، پارک، میوزیم اور عمارات کی سیر کرتے ہیں اور یہ حامیٔ دینِ اسلام کتب خانے میں بیٹھا ہوا خطباتِ احمدیہ کی تصنیف میں منہمک تھا اور کالجوں اور یونیورسٹیوں کے انتظام پر غور کر رہا تھا۔ اس شخص کا ولایت جانا قوم کے واسطے تھا، رہنا قوم کے واسطے اور واپس آنا قوم کے واسطے‘‘۔
ولایت میں مسلمانوں کی خیرخواہی کے خیالات
الغرض - - - ولایت کا سفر جو سرسیّد نے 1869ء میں کیا، اگرچہ بظاہر اس غرض سے معلوم ہوتا ہے کہ بیٹے کو تعلیم کے لیے انگلستان لے جا کر اُس کے آرام و آسائش و تعلیم و تربیت کا انتظام اپنی آنکھوں کے سامنے کریں اور اس کی طرف سے ہر طرح کا اطمینان حاصل کر کے واپس چلے آئیں مگر جن مشغلوں اور جن منصوبوں میں اُنھوں نے سترہ مہینے لندن میں بسر کیے، اُن سے صاف پایا جاتا ہے کہ بیٹے کی تعلیم کا صرف ایک بہانہ تھا ورنہ اصل منشاء اس سفرِ دور دراز کا قوم کی خیر خواہی اور اسلام کی حمایت کے جوش کے سوا کچھ نہ تھا۔ اُس وقت اسلام اور مسلمانوں کی لگن میں سرسیّد کا حال بعینہ اس شعر کا مصداق تھا ؎
|
ترکت للناس دنیاہم و دینہم |
شغلاً لحبک یا دینی و دنیائی21 |
|
ترجمہ اردو جریدہ: میں نے لوگوں کے لیے ان کی دنیا اور ان کا دین چھوڑ دیا، آپ کی محبت میں مشغول ہو کر، اے میرے دین اور میری دنیا۔ |
|
دلسوزی کے آرٹیکل
اُن کے سفرنامے سے اور ان کے آرٹیکلوں سے جو وقتاً فوقتاً وہ سوسائٹی کے اخبار میں چھپنے کے لیے ولایت سے ہندوستان میں بھیجتے رہے، ہر شخص بآسانی سمجھ سکتا ہے کہ ہندوستان سے جاتے وقت جو حالت کہ وہ مسلمانوں کی دیکھ گئے تھے، اُس سے اُن کے دل پر عجب بے چینی اور قلق کا عالم تھا؛ خصوصاً اُن کے دل کی کیفیت اور تلاملی ان پرائیویٹ خطوں کے دیکھنے سے بالکل آنکھوں کے سامنے آ جاتی ہے جو اُنھوں نے اپنے ہمدرد اور دلی دوست سید مہدی علی خاں کو ولایت سے بھیجے۔ صاف پایا جاتا ہے کہ ایک شخص قوم کے سوز میں انگاروں پر لوٹ رہا ہے، کبھی یورپ کی ترقی کے مقابلے میں مسلمانوں کی پستی و تنزل کا اندازہ کر کے نہایت مایوسی کے الفاظ لکھتا ہے، کبھی کسی انگریزی اخبار میں کوئی مضمون مسلمانوں کے برخلاف دیکھ کر پیچ و تاب کھاتا ہے، کہیں یہ صلاح دیتا ہے کہ ہندوستان میں کوئی انجمن مسلمانوں کی طرزِ معاشرت کی اصلاح کے لیے جلد قائم کرنی چاہیے، کبھی اسی غرض سے کوئی قومی اخبار یا میگزین ہندوستان میں جاری کرنے کا ارادہ ظاہر کرتا ہے، کبھی انگریزی میں ایسی کتابیں لکھوانے پر کمر باندھتا ہے جن میں یورپ کے مؤرخوں کے اُن بے جا اعتراضات کا جواب دیا جائے جو اُنھوں نے مسلمان بادشاہوں یا خلیفوں پر وارد کیے ہیں اور جن کا اثر ہندوستان کے مسلمانوں کی پولیٹیکل حالت پر بہت برا پڑتا ہے اور اس کام کے لیے ہندوستان سے چندہ طلب کرتا ہے، کبھی ایسی کتابیں لکھوانے کا ارادہ کرتا ہے جن سے مسلمانوں کو اپنی گذشتہ عظمت کا خیال پیدا ہو اور اُن کو سلف کی ترقی اور اپنے تنزّل کا اندازہ کرنے سے غیرت آئے، کبھی کسی ہندوستان کے مسلمان کے اعزاز کی خبر سن کر نہایت خوشی ظاہر کرتا ہے اور کبھی کسی ایسے قانون کے نافذ ہونے پر جس سے ہندوستانیوں کے حقوق کو صدمہ پہنچنے کا اندیشہ ہے افسوس کرتا ہے۔ اسی طرح سرسیّد کے تمام خطوں میں جو ولایت سے انھوں نے سید مہدی علی خاں کو لکھے ہیں، اسلام اور مسلمانوں کا دکھڑا رونے کے سوا کوئی مضمون نظر نہیں آتا۔
مسلمانوں میں انگریزی تعلیم پھیلانے کی تدبیریں
سرسیّد کے تمام منصوبے جو وہ ابتداء سے مسلمانوں کی بھلائی کے لیے برابر باندھتے رہتے تھے، اس رائے پر آ کر ختم ہو گئے کہ ہندوستان میں چل کر قوم کی تعلیم کے لیے ایک محمدن کالج یا محمدن یونیورسٹی قائم کی جائے۔ انھوں نے دیکھا کہ مسلمانوں کی سوشل اور پولیٹیکل حالت درست کرنے کے لیے ایسوسی ایشن قائم کرنی یا کاغذ کی ناؤ سے اس دریا کو طے کرنا کسی طرح ممکن نہیں بلکہ جب تک اُن میں انگریزی تعلیم نہ پھیلائی جائے گی، اُن کی بھلائی کی تمام تدبیریں ایسی ہی فضول اور بے کار ثابت ہوں گی جیسے کسی کھیت میں تخم ریزی سے پہلے آب پاشی کرنا۔ اُنھوں نے پختہ ارادہ کر لیا کہ اپنی تمام زندگی اس کام پر وقف کر دیجیے۔
ولایت میں ہندوستان کے طریقۂ تعلیم پر پمفلٹ لکھنا
چنانچہ اس مقصد کے لیے تمام ابتدائی مدارج جو ولایت میں طے ہونے ممکن تھے، اُنھوں نے وہیں طے کر لیے۔ ایک پمفلٹ جس میں ہندوستان کے موجودہ نظامِ تعلیم پر اعتراض اور بجائے اس کے جو طریقۂ تعلیم اُن کے نزدیک ہندوستان کی حالت کے مناسب تھا، اُس کو بیان کیا تھا، لندن میں شائع کیا تاکہ جن کی رائے اس کے خلاف ہو وہ اخباروں کے ذریعے سے ظاہر کریں۔
کیمبرج یونیورسٹی کو دیکھنا
نیز کیمبرج یونیورسٹی کو خود جا کر نہایت توجہ سے دیکھا اور اس کے تمام جزئی و کلی حالات پر غور کی۔
اشتہار جاری کرنا
پھر مسلمانوں اور نیز گورنمنٹ کی اطلاع کے لیے اُردو اور انگریزی میں اشتہار چھپوا کر سیّد مہدی علی خاں کے پاس اشاعت کی غرض سے ہندوستان میں بھیجے اور ہندوستان میں آ کر نہایت باقاعدہ اور دانش مندانہ طریقے سے اُس منصوبے کو پورا کرنے پر کمر باندھی جو اُن کی سالہا سال کی غور و فکر کا آخری نتیجہ تھا۔
ولایت سے ہندوستان واپس آنا
سرسیّد ایک سال اور پانچ مہینے لندن میں قیام کرنے کے بعد 4 ستمبر 1870ء کو مع سید حامد مرحوم کے لندن سے ہندوستان کو روانہ ہوئے۔ اُن کی روانگی کے بعد ایک لمبا مضمون ہندوستان کے ایک مسلمان مقیمِ لندن سیّد عبد اللّٰہ نام نے اخبار ہوم ورڈ میل مورخہ 26 ستمبر 1870ء میں سرسیّد کی نسبت چھپوایا تھا جو سوسائٹی اخبار مورخہ 11 نومبر 1870ء میں بھی نقل کیا گیا تھا۔ اس مضمون میں سے چند فقرے مختلف مقامات سے لکھے جاتے ہیں:
’’جن انگریزوں سے یہاں (یعنی انگلستان میں) ملاقات ہوئی، اُن پر اُن کی عام لیاقت کا اور اس بات کا کہ جن شخصوں نے ان سے ہندوستان کی بابت گفتگو کی، اُن سب کو ہر ایک امر سے بخوبی آگاہ کر دیا، بہت عمدہ اثر ہوا۔ یہاں کے بہت سے مدبّرانِ سلطنت کی رائے ہے کہ اگر ہم ایسے لائق اور واقف کار ہندوستانی مسلمان سے جیسے کہ سیّد احمد خاں ہیں، نہ ملتے تو ہندوستانیوں کی لیاقت کی نسبت ہماری رائے ہمیشہ ضعیف اور بودی ہوتی۔ اس مضمون کے لکھنے سے میری یہ غرض ہے کہ ہندوستان کے لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ جو ہندوستانی تربیت یافتہ اور مہذّب ہوتا ہے، اس کی اہلِ یورپ کیسی قدر و منزلت کرتے ہیں۔ سیّد احمد خاں کی بدولت اس بات کا ثبوت حاصل ہونے سے بڑی خوشی حاصل ہوئی ہے کہ اس ملک میں ہندوستان کے ایک شریف آدمی کی بڑی قدر و منزلت ہوتی ہے اور اعلیٰ درجے کے انگریز اس سے بڑی محبت اور تواضع اور تکریم سے پیش آتے ہیں‘‘۔
2 اکتوبر 1870ء کو سرسیّد مع سیّد حامد مرحوم کے ولایت سے بمبئی پہنچے اور اسی مہینے میں بنارس پہنچ کر اپنے عہدے کا چارج لے لیا۔

