اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا حمید الدین صاحب بی اے کے نام

بسم اللہ الرحمن الرحیم1

خط (1) — 30 جون 1895ء

برادرم!

یہاں تمام حالات تحقیق کئے، تم بطور طالب العلم ایم اے میں نہیں جا سکتے، اس کے لیے چھ مہینہ کی مدت ضرور ہے اور امتحان اکتوبر میں ہوگا، البتہ پرائیویٹ جا سکتے ہو، کیونکہ اس میں مدت کی کوئی قید نہیں، صرف اتنا ضرور ہے کہ امتحان سے دو تین مہینے پہلے پرنسپل صاحب کے دستخط سے تمہارا نام یونیورسٹی میں جانا چاہیے،

کتابیں حسبِ ذیل ہیں: سبعہ معلقہ تمام، متنبی تمام، حماسہ تمام، مقدمہ ابن خلدون 50 صفحہ اول، مقاماتِ حریری نصف، کلکتہ کا کلنڈر کئی برس سے یہاں نہیں آتا، مقاماتِ حریری کا نصف ہمیشہ بدلتا رہتا ہے، یعنی کبھی نصف اول اور کبھی نصف اخیر، اس لیے بہتر ہوگا کہ تم رجسٹرار یونیورسٹی کلکتہ کو لکھو کہ وہ یونیورسٹی کا پراسپکٹس سنہ حال وی پی بھیج دے، تھوڑی قیمت کو آتا ہے۔ تم کو فوراً متنبی اور حماسہ کے مطالعہ میں مشغول ہو جانا چاہیے،

ہاں ایک دن صرف ایسے (مضمون) لکھوایا جاتا ہے اور یہ پرچہ پورے پانچ گھنٹہ کا ہوتا ہے، ایسے میں ہمیشہ عرب کی اور مسلمانوں کی تاریخ یا عربی لٹریچر اور عربی گرامر کی تاریخ ہوتی ہے، ایسے انگریزی میں لکھواتے ہیں، اس واسطے تم کو انگریزی لکھنے کی مشق بھی پیدا کرنی چاہیے، اور کوئی تازہ حال نہیں۔

والسلام

شبلی نعمانی، 30 جون 1895ء، علی گڑھ

خط (2) — 18 نومبر 1896ء

عزیزی!

خط پہنچا، بہتر ہے، تم ہی سید صاحب کو سرٹیفکٹ کے لیے لکھو2، اور ترجمہ طبقاتِ ابن سعد و بدء الاسلام کو یاد دلاؤ۔

انگریزی میں عربی گرامر کی ایک مختصر کتاب آرنلڈ صاحب ترجمہ کرانا چاہتے ہیں، انھوں نے تمہارا نام لیا، چونکہ کتاب بہت مختصر ہے اور تمام اصطلاحیں معلوم ہیں، تم قبول کر لو۔

ترجمہ ان کو بعد دسمبر کے 15 تاریخ کے بعد بلکہ اوائل جنوری میں مطلوب ہے، اس لیے تمہارا کچھ ہرج نہیں۔

والسلام

شبلی، 18 نومبر 1896ء، علی گڑھ

خط (3) — 11 جولائی 1897ء

برادرِ عزیز!

خط پہنچا، تمہاری خالصانہ ہمدردی سے طبیعت کو بہت تشفی ہوئی3،

1۔ تم لکھتے ہو کہ ’’آپ مجھ کو تنہا یادگار نہ بنانے دیں گے4،‘‘ اس کا کیا مطلب؟ تم کیا یادگار بنواتے اور تنہا کیونکر بنوا سکتے؟

یادگار تم کس صورت میں تجویز کرتے ہو، مجھ کو تم سے نیشنل میں معقول چندہ لینا تھا لیکن یادگار کی صورت میں ادھر کا بدلہ ہو جائے گا۔

(2) حامد کو تصویر کے لیے لکھ دوں گا۔

(3) میں نے الفاروق مطبع نامی کانپور میں چھپنے کو دے دی، لیکن ابھی اصل کتاب میں ایک ثلث تصنیف کے لیے باقی ہے5،

(4) پانی کے بغیر بڑے خطرات کا سامنا ہے6،

(5) تم وہاں7 کے حالات لکھو، لوگوں کو اجنبیت و جدت کی وجہ سے اشتیاق ہے،

(6) تم علاوہ فرضِ منصبی کے اور کیا شغل رکھتے ہو۔

والسلام

شبلی، 11 جولائی 1897ء، اعظم گڈھ

خط (4) — 4 فروری 1898ء

ہاں میں مصر سے بآسانی کتابیں منگوا سکتا ہوں، تم نام لکھ بھیجو، میں اول مئی سے چھ مہینہ کی رخصت8 لوں گا، دیکھئے کہاں بسر ہو،

الفاروق حصہ دوم ہمہ وجہ میں نے تیار کر لیا ہے، قریباً نصف چھپ بھی گیا ہے۔

والسلام

شبلی۔ 4 فروری 1898ء

خط (5) — 7 فروری 1898ء

برادرم!

خط پہنچا، ان کتابوں کے لیے مصر و بیروت کی زحمت اٹھانا بیکار ہے، کیفیت یہ ہے کہ بیروت کی ڈاک کا انتظام بالکل ناقابلِ اعتبار ہے، مجھ کو باوجودیکہ مدت سے معاملہ رہتا ہے اور بہت اکثر کتابیں منگوا چکا ہوں، تاہم متعدد منی آرڈر ضائع ہوئے، ڈاک خانہ سے بہت سی خط و کتابت کرنے کے بعد ایک دو رقم برآمد ہوئی، اور بعض کا اب تک پتہ نہ لگا، مصر کو وہاں کی نسبت ترجیح ہے لیکن اطمینان یہاں بھی نہیں، ایک دفعہ میرا منی آرڈر بڑے جھگڑوں کے بعد چھ مہینہ پر برآمد ہوا، تم نے جو کتابیں لکھی ہیں سب یہیں مل جائیں گی، مولوی نور الدین، توپ خانہ بازار قدیم کانپور سے خط و کتابت کرو، وہ بھیج دیں گے، اور جو نہ ہوں گی وہ منگوا دیں گے، قیمت کا بھی چنداں فرق نہ ہوگا، میں بھی اب یہیں سے خرید کرتا ہوں۔

لوگ جو بیروت وغیرہ کو خط بھیجتے ہیں، اس کا طریقہ نہیں جانتے، اول تو ٹکٹ لفافہ پر ڈھائی آنے کے لگانا چاہئیں، پتہ انگریزی اور عربی دونوں میں ہونا چاہیے، سب سے زیادہ مقدم یہ کہ آج کل کی زبان میں خط و کتابت کرنی چاہیے، اور خصوصاً اصطلاحی الفاظ، مثلاً ڈاک خانہ، رجسٹری، قیمت، ٹکٹ، ان الفاظ کو جب تک موجودہ اصطلاحات میں نہ لکھا جائے، وہ سمجھ نہیں سکتے، تمہارے دوست نے ان ہی چیزوں میں غلطی کی ہوگی،

ہاں آرنلڈ گئے اور کالج کو نہایت رنج دے گئے، ان کے وداعی جلسے بڑی دھوم سے ہوئے، یہاں جون کے مہینہ میں کالج بند ہوگا، غالباً میں وطن یا کشمیر میں ہوں گا۔

والسلام

شبلی نعمانی، 7 فروری 1898ء، علی گڑھ

خط (6) — 16 اپریل 1898ء

ایک9 ہزار روپیہ پہلے دے چکا ہوں اور تین چار ہزار اب پھر دینا پڑے گا، اس امید پر کہ شاید لوگ رفتہ رفتہ دیں۔

کالج10 کا حال کشمکش میں ہے، سر دست بک صاحب نے قبضہ کر لیا ہے، سید محمود کی حالت بہت خراب ہے،

والسلام

شبلی، 16 اپریل 1898ء، علی گڑھ

خط (7) — 31 جولائی 1898ء

میاں حمید!

تا تو بمن رسی من بخدا می رسم

ترجمہ اردو جریدہ: جب تک تو مجھ تک پہنچے گا، میں خدا تک پہنچ چکا ہوں گا۔

نیشنل اسکول کا تم پر کچھ نہ کچھ حق ہے، لیکن تم نے تعمیر کی مد میں ایک حبہ بھی ادا نہیں کیا، جب عمارت تیار ہو چکے گی، اس وقت تمہاری کیا حاجت رہے گی، دینے کا وقت یہی ہے کہ تمام کام اٹکا پڑا ہوا ہے، میں علاوہ چندہ سابق کے 250 اور دے چکا، لیکن سو دو سو کی رقم کے بغیر تمام کمرے ناتمام پڑے ہیں اور خراب ہوتے ہیں، جو کچھ ہے اس وقت یا باقساط دو، ورنہ

’’پس از آنکہ من نمانم بچہ کار خواہی آمد‘‘

ترجمہ اردو جریدہ: جب میں ہی نہ رہوں گا تو اس کے بعد تو کس کام آئے گا؟

والسلام

شبلی، 31 جولائی 1898ء

خط (8) — 9 نومبر 1898ء

برادرم!

تمہارے اجمالی کارڈ کا میں نے جواب لکھ دیا تھا کہ ’’وہ سب خبریں صحیح ہیں، کیونکہ میں جانتا تھا کہ وہاں صحیح خبریں پہنچی ہوں گی، لیکن اب معلوم ہوا کہ بعض جگہ غلط خبریں مشہور ہوئی ہیں، یعنی یہ کہ ’’شخص11 معلوم نے میرے ساتھ دراندازی کی لیکن یہ خبر بالکل بے اصل ہے، واقعہ یہ ہے کہ بک صاحب اور سید صاحب وغیرہ یہ چاہتے ہیں کہ میں یہاں ششماہہ قیام کروں، لیکن سید محمود دفعۃً اس کے مخالف ہو گئے، اور اسی اپنی حالت میں بہت سی باتیں اس کے خلاف کہیں لیکن اس قسم کی ان سے کسی کو اب شکایت نہیں رہی، ہر روز یہاں کے رؤسا اور ٹرسٹیز اور ارکانِ کالج اس قسم کی باتوں کے متحمل ہوتے ہیں، میں تو اس دن سے آج تک سید صاحب کی کوٹھی پر گیا ہی نہیں،

اس دفعہ بظاہر یہاں کی آب و ہوا میں مجھ کو خاص مضرت نہیں معلوم ہوتی، باقی ترکِ تعلق اس کی یہ کیفیت ہے کہ میں نے سال بھر کی رخصت اسی تجربہ کے لیے تھی، میں نے دیکھا کہ اعظم گڈھ میں سال بھر برابر نہیں رہ سکتا، وہاں کوئی ایسی دلچسپی نہیں کہ سال بھر تک کام چل سکے، اس لیے کچھ یہاں، کچھ وہاں، کچھ ندوہ۔ اس طرح بسر کرنے کا ارادہ ہے۔

اگرچہ واقعہ یہ ہے کہ اب کہیں دل نہیں لگتا، بالکل خانہ بدوش معلوم ہوتا ہوں، نہیں معلوم کیا ہونا ہے۔

والسلام

شبلی، 9 نومبر 1898ء

خط (9) — 3 دسمبر 1898ء

برادرم!

میں علی گڑھ آ گیا، اور حالات اس قسم کے پیش آ گئے کہ ابھی یہیں رہنا پڑے گا۔

معلوم نہیں تم کن اشغال میں ہو، کوئی علمی کام بھی کرتے ہو یا نہیں؟

تمہارا چندہ ماہوار نہیں پہنچا، اس کی وجہ سے سخت ہرج ہے، باقیات و حال فوراً بھیج دو۔

میرے کتب خانہ میں کتبِ ذیل اضافہ ہوئی ہیں،

ایضاح فی المعانی للخطیب القزوینی، نسخہ قلمی نہایت قدیم، صدرا، الٰہیات وغیرہ کامل نسخہ عمدہ، المحاسن والمساوی للجاحظ، مکاتیب ابو العلاء المعری، مفتاح سکاکی کامل یعنی مع نحو و صرف وغیرہ، اور کتابیں یورپ وغیرہ سے آ رہی ہیں، مثلاً الوجیز فی الفقہ للامام الغزالی، کتاب المعمرین لابی حاتم السجستانی، فلسفۃ البلاغۃ تصنیف حال۔

والسلام

شبلی، 3 دسمبر 1898ء، علی گڑھ

خط (10) — 3 جولائی 1899ء

رسائل12 یہاں نہیں رہے، علی گڑھ لکھ دیا ہے، وہاں سے آ جائیں گے، الفاروق جاتی ہے۔

آج کل ایک بڑی ریاست بلکہ سلطنت13 سے ابن خلدون کے ترجمہ کا استفسار آیا تھا، دس‌10 ہزار روپیہ نقد معاوضہ دیتے ہیں، میں نے اپنی صحت کے لحاظ سے انکار کیا، اس لکھنے کا مقصد یہ کہ اگر تم پبلک میں آ جاؤ تو اس قسم کے کاموں سے اچھی طرح آزادہ بسر کر سکو، لیکن تم کو جنبش نہیں ہوتی،

شبلی، 3 جولائی 1899ء