اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا حمید الدین صاحب بی اے کے نام

خط (11) — 10 دسمبر 1899ء

خط پہنچا، میں خود اس بات کا خواہشمند ہوں کہ اس تعطیل میں تم سے ملاقات ہو تاکہ علاوہ اور باتوں کے کوئی علمی کام پابندی کے ساتھ تمہارے متعلق کر سکوں لیکن میں نہیں کہہ سکتا کہ میں اس وقت کہاں ہوں گا، ایک طرف تو کلکتہ کانفرنس کا بلاوا ہے، دوسری طرف رامپور کا ارادہ ہے، مکان پر تو میں جا نہیں سکتا، لیکن کوئی جگہ ابھی متعین بھی نہیں، تاہم تم سے ملنے کی کوشش کروں گا،

ہاں امورِ ذیل کو اچھی طرح دریافت کر کے لکھو،

1۔ بوشہر و بصرہ جانے والے جہازات کون سے دن جایا کرتے ہیں، (2) سکنڈ کلاس کا کرایہ بوشہر یا بندر عباس تک کیا ہے؟ (3) قرنطینہ کہاں کہاں ہوتا ہے۔

والسلام

شبلی۔ 10 دسمبر 1899ء، علی گڑھ

خط (12) — 2 مارچ 1900ء

خط پہنچا، اور شرائط منظور ہیں، لیکن یہ نہیں کہ جس قدر ترجمہ ہوگا، معاوضہ دیا جائے گا، کتاب بیچ میں رہ گئی تو کس کام آئے گی، اور چندہ دینے والوں کو کیا جواب دیا جائے گا،

اسپنسر14 کے فرسٹ پرنسپلز (آف) سوشلزم کا حصہ چھوڑ کر غالباً چار سو صفحہ سے زیادہ ہے، کم سے کم چار سو اور زیادہ سے زیادہ پانسو معاوضہ دیا جائیگا۔ میں اس کو پسند نہیں کرتا تھا کہ سب معاوضہ کالج یا اسکول میں دیا جائے اس سے طبیعت پر پورا بار نہیں پڑیگا، بلکہ بیگاری معلوم ہوگی۔

والسلام

شبلی، الٰہ آباد، 2 مارچ 1900ء

خط (13) — 10 جولائی 1900ء

برادرم!

مفصل شانِ نزول سن کر جواب لکھو،

ترجمہ کا خیال15 امیر عبد الرحمن والیِ کابل کو پیدا ہوا ہے، اور بڑے وسیع پیمانہ پر اس کے لیے انھوں نے اپنے سفیر ہندوستان کو لکھا، اور سفیر نے مجھ کو و مولوی حالی صاحب و نذیر احمد کو، میں نے پہلے انکار کیا، پھر یہاں کے تمام اعزہ و احباب کے اصرار پر رضامندی ظاہر کی، سفیر صاحب نے یہ معلوم کر کے کل ترجمہ اور اس کا تمام اہتمام میرے ذمہ کر دیا، اور دس ہزار کی رقم منظور کی، جو بہ تفاریق لی جائے خواہ یکمشت،

ابن خلدون کا ترجمہ تم بے شبہ خود کر سکتے ہو، لیکن اس میں تاریخی تلمیحات اور اجمال اور حوالے اس قدر ہیں کہ میں اچھی طرح اندازہ کرتا ہوں کہ ابتدائی جلدوں میں تم کو دقت پیش آئیگی، کتاب مذکور کے سات ہزار صفحے ہیں، اور وہ بھی ٹائپ کے درآوردہ خط میں، میں نے تین برس کا وعدہ کیا ہے، اب چند باتیں بطور فذلکہ‌خلاصہ کے سنو

1۔ مستقل تمہارے نام سے ترجمہ ہونے پر سفیر راضی نہیں ہو سکتے، بلکہ میرا انتساب بھی ضروری ہے،

2۔ کتاب اس قدر ضخیم ہے، کہ دو ایک برس مستقل اشتغال کے بغیر اس کا ترجمہ نہیں ہو سکتا۔

3۔ بہت سے ضروری مشوروں کے لیے میری قربت ضرور ہے،

4۔ تم اپنا قائم مقام کسی ہندوستانی شخص کو پوری تنخواہ پر کر سکتے ہو،

5۔ صرف ابتدائی کام اور خاکہ قائم ہونے تک تمہارا یہاں رہنا درکار ہے، پھر جہاں چاہو رہ سکتے ہو،

6۔ یہ کام شہرت اور عزت کا ذریعہ ہے، اور آگے کے لیے راہیں نکلیں گی، کیونکہ گورنمنٹ انگریزی کی سرپرستی میں یہ کام ہوگا،

7۔ گھر پر رہ کر کام کرو گے تو تمہارا خرچ مختصر ہوگا اور تم کو کم از کم ماہانہ 150 کی بچت ہوگی، امیر صاحب انگریزی کتابوں کے ترجمہ کا بھی محکمہ قائم کرنا چاہتے ہیں، چار انگریز اور سولہ‌16 ہندوستانی مترجم ملازم ہوں گے، محکمہ کا صدر مقام کلکتہ ہوگا، اس محکمہ کا سکریٹری مجھ کو مقرر کرتے ہیں، لیکن میں نے انکار لکھ بھیجا، اور زیادہ تر امید ہے کہ اگر تمہارے لیے مناسب تحریک کروں گا، تو تم کو یہ عہدہ مل جائیگا، اس صورت میں اتنے بڑے وسیع کام کا تمہاری ماتحتی میں انجام پانا بہت سے فوائد کا مثمر ہوگا، اب اپنی رائے لکھو،

شبلی، 10 جولائی 1900ء

خط (15) — 22 فروری 1901ء

برادرم!

خط پہنچا، اس کو بلا مبالغہ خیال کرو کہ اگر مجھ کو یقین ہو کہ کسی کام میں اپنے سلف رسپکٹ کو کھو کر تم کو فائدہ پہنچا سکتا ہوں، تو میں ہرگز رسپکٹ کو عزیز نہیں رکھ سکتا، میں مارسن16 کو جس وقت کہو اور جن الفاظ میں کہو خط لکھ دوں، لیکن پہلے ان باتوں پر غور کر لو،

1۔ انگریز بغیر اپنی ذاتی واقفیت کے کسی شخص کی نسبت ایسی سفارش کرتے ہیں یا نہیں،

2۔ تم سے مارسن سے ایسی ذاتی واقفیت ہے، یا نہیں،

جواب علی گڈھ کے پتہ سے لکھو،

والسلام

شبلی، 22 فروری 1901ء

خط (16) — 22 فروری 1902ء

برادرم!

افسوس تم نے اس قدر مجھ سے بے تعلقی برتی کہ تمہارے حالات مجھ کو بجائے اس کے کہ تم سے معلوم ہوں، اوروں سے دریافت کرنے پڑتے ہیں، شاید تم مجھ کو بھی اسی الزام کا ملزم ٹھہراؤ، لیکن کیفیت یہ ہے کہ حیدرآباد رہ کر انسان خدا کو بھول جاتا ہے۔ تا بآدم چہ رسد‌آدمی کا تو کیا ذکر، یہاں ایک منٹ بھی راحت و سکون سے انسان بسر نہیں کر سکتا، مجھ سے زیادہ یہاں کوئی زاویہ نشین نہ ہوگا، تاہم ہندوستان کے تناسب کے لحاظ سے مجھ کو پورا پولیٹیشین کہنا چاہیے، خیر ذکرِ غمیم بدتر از غم‌غم کا ذکر غم سے بدتر ہے، کہنے کے قابل کوئی بات ہے تو یہ ہے، کہ تالیف کا مشغلہ جاری ہے،

غزالی، ختم ہو کر17 مطبع میں جا چکی، شاید سیرۃ النعمان کے لگ بھگ ہو جائے، علم کلام کی تاریخ لکھ رہا تھا، وہ بھی قریب الختم18 ہے، اب کلام جدید کا مرحلہ ہے، کوئی انگریزی داں دوست ہوتا تو بڑا کام نکلتا، جو حکماء یورپ روح و واجب الوجود کے قائل ہیں، ان کے دلائل سے کتاب کی بہت رونق ہوتی، تم سے زیادہ کون اس مصرف کا تھا، انگریزی داں تھے، عربی داں تھے، عزیز تھے، لیکن ان سب کچھ ہونے کے ساتھ بھی کچھ نہیں، بہتیرا کہا کہ یورپ کے فلسفہ کا ہلکا سا ڈھانچا بھی کھڑا کر دو تو بہت بصیرت ہو، تم کو کس کی پروا ہے، حالانکہ جو حصہ اب لکھ رہا ہوں، اس میں مدد دینا ایک مذہبی اور قومی کام ہے،

خط سے معلوم ہوا کہ عربی عبارت لکھی ہے، داؤد بھائی کے پاس بھیجتے ہو، اس قسم کے مہملات کام کرو گے، عربی عبارت لکھ کر اپنا دل خوش کر دو گے کہ دوسرا حریری پیدا ہوا، اچھا پھر نتیجہ کیا؟ مسلمانوں کو آج کل حریری اور امراء القیس کی ضرورت ہے؟

یہاں ایک بیاض دیکھی جو مرزا صائب نے شعراء کے کلام سے انتخاب کی، نسخہ بھی اسی زمانہ کا ہے، کس قدر نفیس شعراء کے کلام انتخاب کئے ہیں، چودہ‌14 ہزار شعر ہیں، اور سب اچھے ہیں، اسرار البلاغہ جرجانی مصر میں چھپ گئی، منگوائی ہے، ابھی آئی نہیں، امام غزالی کی کتاب محک النظر جو منطق میں ہے، اور نہایت جامع اور صاف و سادہ ہے، وہ بھی چھپ گئی ہے۔

والسلام

شبلی، 22 فروری 1902ء، حیدرآباد

خط (17) — 9 مارچ 1903ء

برادرم!

خط پہنچا، میں اسی قسم کے خطوط کی تم سے خواہش رکھتا ہوں، اور اسی لیے نہایت خوشی سے جواب لکھتا ہوں،

اشعارِ جاہلیت مدت ہوئی میری نظر میں ہیں، لیکن میں نے ان پر چنداں توجہ نہیں کی، یہ اشعار ایسے ماخذوں سے جمع کئے گئے ہیں، مثلاً اغانی وغیرہ جن میں ضعاف اور موضوعات تک ہیں، البتہ ناقد خود صحیح اور موضوع کی تمیز کر سکتا ہے،

نظام القرآن کا میں شوق سے خیر مقدم کروں گا، ابو مسلم ہی ایک شخص ہے جو دل و دماغ رکھتا ہے، وہ معتزلی ہے، اس کی تفسیر بارہ‌12 جلدوں میں تھی، اور رازی کی تفسیر سے پہلے اسی کا نام کبیر تھا، میں نے اس کا کسی قدر حال اپنی نئی تصنیف علم الکلام میں لکھا ہے، جو ابھی شائع ہوتی ہے، اس کا پورا نام محمد بن علی بن مہریزد ہے، 457ھ‌1064-65ء میں وفات کی، بہت بڑا ادیب و معقولی تھا19، ابن خلکان کی طرح اور رجال کی کتابیں بھی مختصر ہیں، صرف طبقات الشافعیہ ابن السبکی میں کسی قدر مفصل تراجم ملتے ہیں، لیکن وہ اب تک چھپی نہیں20، یہاں اس کا نسخہ موجود ہے،

طبقات الاطباء21 بھی غنیمت ہے اور وہ پانچ روپیہ کو آتی ہے،

مسٹر آرنلڈ کی کیا فرمائش تم نے تعمیل کی؟ نیشنل اسکول کے متعلق آج ہی لکھتا ہوں،

میں نے علم الکلام نہایت ناتمام کتاب لکھی، اور وہ درحقیقت میری تصنیفات کا سب سے ناقص حصہ ہے22، جدید علم کلام غالباً اچھا لکھا جائے، بہت کچھ ہو چکا ہے،

عنقریب ہی ابن رشد کی لائف لکھنا چاہتا ہوں23،

والسلام

شبلی، 9 مارچ 1903ء، حیدرآباد

خط (18) — 11 اپریل 1903ء

برادرم

نظام القرآن کو میں شوق سے دیکھوں گا، اور اپنا معتدبہ وقت صرف کروں گا، لیکن نام بدل دو24، یعنی الف گھٹا دو، جاحظ اور عبد القاہر نے بھی اسی موضوع پر کتاب لکھی ہے، اس کا نام نظم القرآن تھا، نظام میں ذرا ابھدا پن ہے،

حامد معائنہ کے لیے الہ آباد گئے تھے، لیکن پچھلے سال کے امیدواروں کا اس قدر بقایا تھا کہ نئے پیش بھی نہ ہو سکے،