نواب محسن الملک نے گمنام خط کے چھاپنے میں سخت غلطی کی، کم سے کم مجھ سے پہلے پوچھ لینا تھا، وہ سب ایک حیدرآبادی25 مفسد کی کارروائی26 ہے،
آج کل مصر میں سیرۃ الفاروق لکھی گئی، بڑا اہتمام کیا گیا، مشہور مصنف27 نے لکھا، لیکن دیکھا تو الفاروق کا عشرِ عشیر بھی نہ تھی، اس پر خیال ہوا کہ الفاروق کا عربی میں ترجمہ کرا لیا جائے، مجھ کو فرصت نہ تھی، ایک اور شخص کے حوالہ کی، تیاری کے بعد میں درست کر لوں گا، قصد ہے کہ مصر میں چھپوائی جائے، اردو سکشن کی کارروائی زور و شور کے ساتھ شروع کرتا ہوں،
والسلام
شبلی، 11 اپریل 1903ء، حیدرآباد
خط (19) — 1 مئی 1903ء
برادرم!
نظام القرآن کو اوّل سے آخر تک دیکھا، عبارت اور طرزِ بیان کی خوبی میں کلام نہیں، لیکن اصل مدعا کی نسبت ابھی کوئی یکسو رائے نہیں دے سکتا، جس قسم کا ربط تم بتاتے ہو، وہ بہت وسیع معنوں کے لحاظ سے ہے، ایک دقت یہ پڑتی ہے کہ دفعہ وار جو مطالب بیان کئے ہیں، اُن میں ربط ثابت کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ قرآن کی آیتیں نقل نہیں کیں اس لیے خود قرآن کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہے،
ایک اور امر یہ ہے کہ تم صرف رابط چیزوں کو لیتے ہو، حالانکہ اعتراض یہ ہے کہ وہ مربوط مطلب کے بیچ میں جو غیر متعلق باتیں آ جاتی ہیں وہ سلسلۂ کلام کو برہم اور غیر منتظم کر دیتی ہیں، ان کا تعلق اور ربط ثابت کرنا چاہیے،
بہرحال اور اجزا بھیجدو، بہت بڑا کام ہے، جس قدر بھی کامیابی ہو غنیمت ہے، اس قدر کاوش تم کسی ممکن الحصول کام میں کرتے تو خدا جانے کیا کرتے،
انجمن ترقی اردو کی کاپی بھیجتا ہوں، ارکانِ اعانت اور خریداروں کے نام بھیجنے چاہئیں،
والسلام
شبلی، 11 مئی 1903ء، حیدرآباد
خط (20) — 1 جون 1903ء
برادرم!
پہلی مرتبہ میں ہندسوں کا کچھ مطلب نہ سمجھ سکا، اس دفعہ تمہاری ہدایت کے موافق قرآن مجید کے ہندسے لگائے، اور پھر نظام القرآن کے اجزا کو دیکھا، اس میں شبہہ نہیں کہ اب کی زیادہ وجوہِ ربط معلوم ہوئے، لیکن جن دو آیتوں میں تم ربط بتاتے ہو، ان کے درمیان میں اور آیتیں آ جاتی ہیں جو بظاہر ان دونوں سے بے تعلق معلوم ہوتی ہیں، تاہم مجموعی طور سے یہ کوشش بے سود نہیں،
المنار میں ضرور بھیجدو28، لیکن ہر شخص کو ہندسہ لگانے کی فرمائش نہیں کی جا سکتی، اس لیے حاشیہ پر تمام آیتیں نقل کرنی چاہئیں کہ ساتھ ساتھ آدمی دیکھتا جائے،
اردو کے شعراء کے جو نام تم نے لکھے تھے وہ پرچہ جاتا رہا، پھر لکھ بھیجو
میں نے آج کل شرح بخاری از عینی، کتاب سیبویہ، شرح طوالع وغیرہ خریدی ہے،
خدا کا شکر ہے کہ قرضہ ہائے کثیر میں سے اب صرف ایک ہزار اور رہ گیا ہے، جس کو میں ماہوار ادا کر رہا ہوں، باقی سب ادا ہو گئے، مجموعی قرضہ (والد مرحوم) کی تعداد تیئیس ہزار تھی،
والسلام
شبلی، 1 جون 1903ء
خط (21) — 17 جون 1903ء
برادرم،
بخار کی حالت میں خط لکھ رہا ہوں،
ہاں اب یہی کروں گا، یعنی قرآن مجید کو بلحاظ ربط آیات دیکھوں گا، اور پھر تم کو اطلاع دیتا رہوں29 گا، کتاب سیبویہ جو کلکتہ میں چھپی ہے، مسخ ہے، مصر میں مشکل اور نہایت صحیح اور محشی چھپی ہے، نیشنل30 اسکول کے ممبر محض مسلمان ہیں، اور ہیڈ ماسٹر بھی مسلمان ہونا چاہیے، لیکن ملتا نہیں،
میں یہاں سے چھوٹا تو اعظم گڈھ نہیں بلکہ ندوہ میں رہوں گا، یا کالج میں، وطن سے جی سیر ہو گیا،
اردو31 نے اب تک جو کام کیا وہ علی گڈھ گزٹ میں اس ہفتے چھپے گا، اس میں دیکھنا،
تم بتاؤ کہ عربی زبان سے کون کون سی کتابیں ترجمہ کے قابل ہیں، والسلام
شبلی 17 جون 1903ء
خط (22) — 13 جولائی 1903ء
برادرم!
خط پہونچا، بھائی تم اپنے آپ کو نہیں، بلکہ ہم لوگوں کو عزیز ہو، میں سچ کہتا ہوں کہ میں تمہارے وجود کو اپنی تمام برادری کے لئے تاجِ عزت سمجھتا ہوں، اور تم کو مہدی و اسحاق سے کم نہیں جانتا، اس غیر ضروری اظہار کی ضرورت یہ ہے کہ تم اپنی صحت کا خیال رکھو، رخصت لو، وطن جاؤ، چند روز میرے پاس رہو، یہ ضرور کرنا چاہیے،
میں اردو32 کے قصہ میں بہت عدیم الفرصت ہو گیا ہوں، جو وقت بچتا ہے بالکل خط و کتابت میں صرف ہو جاتا ہے، جواب سے مطمئن کرو،
شبلی 13 جولائی 1903ء
خط (23) — 25 جنوری 1904ء
برادرم!
خط مورخہ 20 جنوری پہونچا، اس سے پہلے جو خط آیا تھا، اس کی کوئی تدبیر اس وقت نہیں ہو سکتی ہیں، اس وقت یہاں کے سازشی الجھاؤ میں مبتلا ہوں، اسی خط کا جواب لکھتا ہوں، بلاذری صفحہ 446 میں لکھا ہے، کہ ان بلدا یدعی العیسفان بین قشمیر والملتان وقابل کان لہ ملک عاقل، یہ بھی لکھا ہے کہ اس شہر کا بادشاہ خلیفہ معتصم باللہ کے زمانہ میں خود اپنی خواہش سے مسلمان ہوا،
عربی کے کسی جغرافیہ میں عیسفان کا نام نہیں، بلاذری اس کو شہر بتاتا ہے، قیاس کو دخل دیا جائے تو عیسفان کو، یوسف زئی کا محرف قرار دیا جا سکتا ہے،
مسلمان انگریزی اردو داں یہاں سے کون سو روپیہ پر جائے گا، اگر حامد اس قابل ہوں تو ان کو بنداول کے پتہ سے لکھو، شاید وہ قبول کر لیں، ان کو سیر و سیاحت کا بہت شوق ہے،
امیر خسرو کا وہ قصیدہ ’’ضرب الامثال‘‘ کے نام سے مشہور نہیں، وہ کہیں چھپا نہیں، میں نے ان کے قلمی دیوان میں دیکھا ہے، اس کا مطلع یہ ہے کہ
|
کوسِ شہ خالی و بانگِ غلغلش دردسر است |
|
|
ترجمہ اردو جریدہ: بادشاہ کا نقارہ اندر سے خالی ہے اور اس کی گونج کا شور محض دردِ سر ہے۔ |
مسٹر براؤن33 کی تجویز ابھی ایک راز ہے، مجھ سے مسٹر مارسن سے خط و کتابت ہو رہی ہے، ابھی تک اس کا مفہوم میرے سمجھ میں نہیں آیا، کوئی بات سمجھ میں آ جائے تو تم کو لکھوں گا،
شبلی، 25 جنوری 1904ء
خط (24) — 15 فروری 1904ء
برادرم!
مسٹر آرنلڈ34 قطع تعلق کر کے ولایت جاتے ہیں، علیگڈھ میں ان کو اڈریس دیئے جائیں گے، ایک فارسی میں بھی ہو گا، اس کی مجھ سے فرمائش ہے لیکن میں فارسی اچھی نہیں لکھتا، اس لئے تم فوراً لکھ کر پروفیسر ابو الحسن علی گڈھ کالج کے پاس بھیج دو، عربی میں لکھ دوں گا، وہ 26 فروری کو علیگڈھ پہونچیں گے،
شبلی 15 فروری 1904ء
خط (25) — 18 فروری 1904ء
برادرم!
روپیے پہونچے چونکہ تم نے لکھا تھا کہ سفر نے تم کو زیر بار کر دیا، اس لئے میں نے چاہا تھا کہ تم کو لکھ دوں کہ بقیہ روپیے نہ بھیجنا، یہ کون سی بڑی رقم ہے، جس کے لئے تم کو تکلیف دی جاتی لیکن تم نے بھیج دیئے اور ایسے وقت میں بھیجے کہ میں روپیہ کا سخت حاجتمند تھا، مسٹر آرنلڈ کے لئے ۔۔۔ کا تحفہ، اڈریس کا چندہ، ضہ50 ، 60 بمبئی کا سفر خرچ، اس بنا پر تمہاری رقم واپس نہیں کی،
دیوان کی پچاس کاپیاں بھیجتا ہوں، زیادہ ضرورت ہو تو لکھو بھیجو، سو پچاس کاپیاں بھیج دی جائیں،
تم نے ایک زمانہ میں مجھ سے کہا تھا کہ تم نے مثنوی مولوی روم غور سے پڑھی، اور ان کے اصول اور پرنسپلز متعین کئے، اگر خیال میں ہو تو لکھ بھیجو35، والسلام
شبلی 18 فروری 1904ء حیدرآباد36
خط (26) — 18 مارچ 1905ء
برادرم!
کیا بتاؤں علی گڈھ سے لکھنؤ گیا تھا کہ دفعۃً تار پہونچا کہ حامد کو طاعون ہوا، گھبرایا ہوا بدحواس اعظم گڈھ پہونچا، تمام خاندان یہیں جمع ہے، علاج ہو رہا ہے بظاہر فائدہ معلوم ہوتا ہے آگے خدا کی مرضی،
الندوہ کے لئے لکھ دوں گا، تمہارا حسنِ ظن صحیح نہیں جس دن سے الندوہ نکلا میں بیمار ہوا اور اب تک اطمینان نہیں، اس لئے مضامین دلخواہ نہیں لکھے گئے، دفتر کو لکھ دیتا ہوں، تمہارے پاس سب پرچے پہونچیں گے، مضمون ضرور لکھو، الندوہ یوں ہی عام عقائد کے خلاف نکلتا ہے،
تمہاری سفارش میں میں نے ڈائرکٹر صاحب کو ایک خط پہلے ہی لکھ دیا ہے، ڈائرکٹر صاحب خاص طور پر میرے معروف اور ملاقاتی ہیں، لیکن مجھ کو شبہہ ہے کہ وہ ولایت چلے گئے ہیں، یا موجود ہیں، اور کوئی اور شخص قائم مقام ہے،
شبلی 18 مارچ 1905ء
خط (27) — 15 اپریل 1905ء
برادرم!
الندوہ کے لئے کچھ جلدی نہیں، جب فرصت ہو لکھنا، جرجانی اور جاحظ کی بحث کو میں نے دیکھا ہے، زیادہ دقیق کے بعد نزاعِ لفظی رہ جاتی ہے37، جرجانی صرف یہ کہتا ہے کہ محض صوت اور آواز کوئی چیز نہیں، بلکہ ادائے معنی کا طریقہ بلاغت ہے،
میں نے انسائیکلوپیڈیا سے تو کچھ نہیں لیا، اس کا ذکر تم نے کیوں کیا، ارسطو کا مطلب اگر مسلمان مترجموں نے نہیں سمجھا تو یورپ پر بھی چنداں اعتبار نہیں ہو سکتا منطقِ ارسطو پر میں نے جو کچھ لکھا38 اس کا تذکرہ تم نے نہیں کیا،

