اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا حمید الدین صاحب بی اے کے نام

جرجانی کو اگر تقلیداً لو تو کُل اہلِ فن اس کی زلہ ربائی39 کو فخر سمجھتے ہیں، مطول وغیرہ میں اس کے اقوال بطور وحی کے نقل کئے جاتے ہیں، اسی نے قواعدِ بلاغت اول منضبط کئے، پھر اس کے نقشِ قدم پر سب لوگ چلے ہیں،

میں آج کل بہت پریشان ہوں، حامد اچھے ہوئے لیکن گھر میں طبیعت خراب ہے، اور صرف میں تیمار دار ہوں،

شبلی

15 اپریل 1905ء اعظم گڈھ

خط (28) — 3 جون 1905ء

برادرم!

تفسیر سورۂ ابی لہب اور جمہرۃ البلاغۃ40 کے اجزا بغور دیکھے، تفسیر پر تم کو مبارکباد دیتا ہوں، تمام مسلمانوں کو تمہارا ممنون ہونا چاہیے، بلاغت کے بعض اجزا معمولی اور سرسری ہیں، ارسطو کا رد البتہ قابلِ قدر ہے، میں الندوہ میں اس کا اقتباس درج کروں گا، عبارت میں جا بجا کمزوریاں ہیں، تعجب یہ ہے کہ تم اذا، اور لما کے محلِ استعمال میں فرق نہیں کرتے،

ارسطو کی کتاب کے لئے تھیکر4142 کو لکھ دو،

اگر تم دروس43 الاولیہ پڑھا سکو اور وقت نکل سکے تو یہاں سے دو ایک طالبِ علم تمہارے پاس جانے کے لئے تیار ہیں،

شبلی 3 جون 1905ء، لکھنؤ

خط (29) — 13 ستمبر 1905ء

برادرم!

زنانہ44 میں سخت علالت ہے، تپِ کہنہ اور کھانسی ہے، خدا ہی ہے کہ شفا45 ہو، تم حسبِ وعدہ یہاں46 آؤ، ’’گونہ وعدہ‘‘ کیسا، پورا وعدہ تھا چنانچہ دروس الاولیہ کی تعلیم کا انتظام صرف تمہارے بھروسہ پر اٹھا رکھا گیا،

تم کو اپنی تصنیف کے متعلق بھی یہاں کچھ نہ کچھ سامان مل سکے گا، والسلام،

شبلی، 3 ستمبر 1905ء، لکھنؤ،

خط (30) — 16 اکتوبر 1905ء

برادرم!

اچھا ہے، رمضان کر کے آؤ، میں دو چار دن میں دورہ پر جانے والا ہوں، رمضان میں گو یہاں تعطیل نہ ہو گی لیکن روزوں میں محنت بخوبی نہیں ہو سکتی،

حامد اس سال غالباً لے لئے جائیں، بورڈ نے وعدہ کیا ہے،

کالج47 سے میری نسبت سخت اصرار ہے، مالا معاوضہ دیتے ہیں، لیکن میں نے لکھ بھیجا کہ

شاخِ بریدہ را نظرے بر بہار نیست

ترجمہ اردو جریدہ: کٹی ہوئی شاخ کی نظر بہار پر نہیں ہوتی۔

واقعی اب متاعِ دنیوی کی بالکل ہوس نہیں رہی، قوم کی کچھ خدمت ہو سکے تو زندگی ٹھیک لگ جائے،

میاں اسحاق کے گھر میں لڑکی پیدا ہوئی، وہ خود شملہ میں ہیں،

میں ایک کتاب شعر العجم لکھنی چاہتا ہوں، گو فرصت نہیں، لیکن بچپن سے آج تک کا مذاق ضائع کرنے کو جی نہیں چاہتا۔

ابن تیمیہ کی کتاب العقل والنقل چار جلدوں میں چھپ کر آ گئی، باوجود پریشان گوئی کے بہت سے نوادر مل جاتے ہیں، محصَّل امام رازی مع نقد المحصل طوسی بھی آ گئی ہے،

شبلی 16 اکتوبر 1905ء، لکھنؤ،

خط (31) — 29 رمضان 1323ھ

برادرم!

یہاں مدت سے غلغلہ تھا کہ تم رخصت لیکر آتے ہو اور دروس الادلیہ پڑھاؤ گے، تمہارے بھی متعدد وعدے ہو چکے تھے سب کو انتظار تھا بلکہ مستقل قیام کی توقع تھی، اب تم نے اپنے وعدے پر، میری ضمانت و اعتبار پر، طلبہ کی امید پر، قومی کام پر، ان سب باتوں پر بچوں کی طرح گھر کے قیام کو مقدم رکھا، اور کہا کہ وہیں کوئی لڑکا چلے اور تم پڑھا دو، افسوس صد افسوس،

خیر دنیا کا کوئی کام اٹکا نہیں رہتا، خدا مسبب الاسباب ہے، لیکن تم سے جو امیدیں تھیں ان کا خاتمہ ہو چکا، بیست سالہ حقوق کے مقابلہ میں تم ایک مہینہ نہ دے سکے، اس کا افسوس نہیں کہ کام رہ جائے گا، بلکہ اس کا افسوس ہے کہ جن لوگوں کو عالی ظرف اور بلند ہمت سمجھتا تھا، ان کا یہ حال ہے تو تا بہ دیگراں چہ رسد‌تو دوسروں کا کیا ذکر، گویا وعدہ کرنا باد فروشی ہے،

اس خط کے جواب لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں،

شبلی

29 رمضان 1323ھ‌27 نومبر 1905ء

خط (32) — 2 نومبر 1905ء48

ندوہ کیلئے بھوپال آیا تھا، سرکارِ عالیہ سے ملاقات کی، اور 50ر ماہوار ندوہ کے لئے انہوں نے مقرر فرما دیئے، اب شاید بمبئی جاؤں، تم تیار رہو، دو تین مہینہ قیام کر کے صرف دروس الادلیہ پڑھا دو، تمہارے رہنے کے لئے میرا کوٹھا نہایت مناسب، اور حسبِ مزاج ہو گا، اگر تم ترکِ تعلق کر دو گے، تو سدِّ رمق کی بقدر کچھ بندوبست ہو رہے گا، اِنَّ اللّٰہَ ھُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّۃِ الْمَتِیْنُ‌بے شک اللہ ہی روزی دینے والا، زور آور، مضبوط ہے،

اپنے ارادے سے مجھ کو مطلع کرنا خط ندوہ ہی کے پتہ سے بھیجا جائے،

شبلی مکان ڈائرکٹر تعلیمات، 2 نومبر 1905ء، بھوپال،

خط (33) — 14 اپریل 1906ء

ایک کاتب بہت اچھا اور کم اجرت ہاتھ آ گیا ہے، بواپسی ڈاک جو اجزاء بلاغت و حقائقِ قرآنی سے تعلق رکھتے ہیں بھیج دو، یوں بھی ان سے کام ہے،

ندوہ کا سالانہ جلسہ بنارس میں قرار پایا ہے، 14 اپریل سے شروع ہو گا،

بیاضِ صائب ہاتھ آ گئی، اور بہت مسرت ہوئی،

اب کے ندوہ میں کتبِ نادرہ کی نمائش بھی ہو گی،

حامد نائب تحصیلداری میں لے لئے گئے،

میں نے شعر العجم49 لکھنا شروع کر دیا، اگرچہ سخت عدیم الفرصت ہوں، والسلام

شبلی 14 اپریل 1906ء

خط (34) — 4 اگست 1906ء

میں آج کل بمبئی میں ہوں، والشمس میں کوئی اہم بات نہ تھی، بعض جگہ وہم پرستی کی جھلک تھی، مثلاً حضرت عثمانؓ اور امام حسینؑ کی شہادت کو سببِ عقاب قرار دینا، اس کو میں نے تمہاری متاثرانہ طبیعت کا اثر سمجھا، اور کچھ تعرض نہ کیا،

حامد پہلے دیوگام میں نائب تحصیلداری پر تھے، اب جونپور کی کسی تحصیل میں ہیں، میں ابھی یہاں چند ہفتہ رہوں گا،

سوانح50 مولانا روم اب جا کر تیار ہوئی، ابن القیم کی کتاب اقسام القرآن اور کتاب فی القضاء والقدر نہ دیکھی ہو تو یہاں سے منگوا لو،

شبلی 4 اگست 1906ء، بمبئی،

خط (35) — 4 اگست 1906ء

کارڈ پہونچا سورۂ قیامت51 کی تفسیر دیکھی، لا کے باب میں توارد ہوا، میرا مدت سے یہ خیال تھا، یہ محاورہ عام ہے، مجھ کو بخار آنے لگا تھا، اس لئے پڑھنا، لکھنا چھوٹ گیا ہے، اب اچھا ہو رہا ہوں،

شبلی 4 اگست 1906ء، بمبئی فلارنس ہاؤس،

خط (36) — 23 اکتوبر 1906ء

برادرم، سلام علیکم

1۔ بمبئی میں اس دفعہ صرف منتخب52 پر اکتفا کیا گیا، وہاں شدت سے یہ خیال پھیلا ہوا ہے کہ ندوہ کفر ہے۔

2۔ عرب کا پتہ یہ ہے، محلہ سلطان شاہی، گول دروازہ، احمد بن عبد اللہ، بمبئی میں دو تین سو روپیہ میرے رنج کے خرچ ہو گئے، اس لئے میں آج کل بالکل نادار ہوں، عرب فہرست بھی بلا قیمت پیشگی نہ بھیجے گا،

3۔ ابن النحاس کی کتاب ناسخ و منسوخ القرآن چھپی ہے، اس مضمون کی تمام کتابوں سے بہتر اور نہایت مستند ہے،

4۔ سوانح مولانا روم آج بھیجتا ہوں،

5۔ صحت بہت خراب ہے بخار بار بار آتا ہے، مسہل سے پہلے پرسوں فارغ ہوا ہوں لیکن طبیعت اب بھی صاف نہیں،

6۔ علی گڈھ کی خبر غالباً غلط ہو کیونکہ جب تک انگریزی پروفیسر نہ ملے کوئی اسسٹنٹ نہ مقرر ہو گا، اور انگریز تو اب تک نہیں ملا نہ امید ہے،

7۔ شاید تم سے عید کے بعد نہ ملاقات ہو، کیونکہ میں اچھا رہا تو فوراً دورہ کو جاؤں گا،

8۔ شوال کو یہاں دستار بندی کا جلسہ ہے، اس وقت تم آ جاتے تو اچھا تھا،

9۔ اجزائے تفسیر واپس ہیں،

10۔ حامد نائب تحصیلداری میں خوش ہیں اور دیوگام میں ہیں، رعایا ان سے بہت راضی اور حکام بھی،

11۔ جہاں آرا بیگم ہمشیرہ عالمگیر کی ایک تصنیف اور خود اس کا تیار کرایا ہوا نسخہ سو53 روپیہ کو ہاتھ آیا، دیکھنے کے قابل ہے،

شبلی، 23 اکتوبر 1906ء،

خط (37) — 12 دسمبر 1906ء

برادرم!

میں کلکتہ جا رہا ہوں، تم سے ملاقات کی امید نہیں لیکن اس قدر ضرور کرنا کہ لکھنؤ ہوتے ہوئے گھر جاؤ، اور مولوی حفیظ اللہ صاحب سے کہنا کہ دو طالب العلم ہوشیار اور مستعد تمہارے ساتھ کر دیں، تم ان کو ساتھ لیتے جانا، اور رجب تک مکان پر رہنا ان کو دروس الاولیہ پڑھانا، اور نیز تفسیر القرآن مصنفۂ خود، یہ کارڈ محفوظ رکھنا، اور مولوی حفیظ اللہ صاحب کو دکھا دینا،

شبلی، 12، دسمبر 1906ء

خط (38) — 18 اپریل 1907ء

کیا یہ شعر یا اس سے ملتا جلتا قدیم یا حال کے شاعر کا ہے،

پیکر آرائے54 ازل طلعتِ زیبا ترا

نقش می بست و بر وے تو تماشا می کرد

ترجمہ اردو جریدہ: ازل کے صورت گر نے تیرا حسین چہرہ نقش کیا اور تیرے رخ کا نظارہ کرتا رہا۔

شبلی 18 اپریل 1907ء الہ آباد

خط (39) — 11 اگست 1907ء

برادرم!

میری حالت بدستور ہے، ڈاکٹر عبد الرحیم صاحب نے ایک مرہم بتایا، اس کے استعمال سے کچھ فائدہ نہیں55 ہوتا، تین مہینہ کا مستقل زمانہ ایک کوردہ56 میں بسر کرنا نہ عقلاً مناسب ہے نہ مصلحۃً، ندوہ میں میرا بالاخانہ خالی ہے، آؤ، اطمینان و تنہائی میں تفسیر کا درس دو، اگر جی چاہے، ورنہ اس کی بھی ضرورت نہیں،

البتہ دروس الاولیہ کا ایک سبق پڑھا دیا کرو، خدا نے تم کو بلند پایہ بنایا، تو بلند خیال بھی بننا چاہیے57،

میں شاید جلد بمبئی جاؤں، اس لئے میرے رہنے تک آ جاؤ تو اچھا ہے،