(از تہذیب الاخلاق بابت یکم ربیع الاوّل 1288ھ)
کیا عجیب بات ہے ان ہونی اور ان سنی! دو شخص پچھلی رات کو جنگل میں چلے جاتے تھے۔ صبح ہونے ہی کو تھی کہ اُن کے سامنے روشنی کا ایک شعلہ نمودار ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کیا ہے۔
شعلہ میں سے آواز آئی کہ ’’میں خدا ہوں، میرے سوا کوئی خدا نہیں‘‘۔
تب تو یہ دونوں گھبرائے اور ننگے پاؤں ہو کر آگے بڑھے۔ قدموں کو ہاتھ لگایا اور ہاتھوں کو چوما اور کہا کہ ’’اے پیارے خدا! ہم تو تجھ کو ملکوں میں ڈھونڈ پھرے مگر تو ہمارے پاس ہی نکلا۔ اب ہم پر مہربانی کر‘‘۔
شعلہ میں سے آواز آئی کہ ’’تمہاری دعا قبول ہوئی۔ کل صبح کو نور کے تڑکے تم دونوں میں سے ایک اس پہاڑ پر اور دوسرا اس دوسرے پہاڑ پر جو دکھائی دیتے ہیں، آ حاضر ہو۔ جو تمہاری تمنا ہوگی دی جائے گی‘‘۔
سارا دن اور ساری رات دونوں کو بیقراری میں گزرا اور ہر ایک اپنے دل میں منصوبے کرتا رہا کہ کیا مانگوں؟ کیا نہ مانگوں؟ اتنے میں وقت آ پہنچا اور یہ دونوں اپنے اپنے پہاڑوں پر جا حاضر ہوئے۔
اتنے میں جھاڑی چمکنے لگی اور خدا کی آواز آئی۔ دونوں لبیک لبیک کہہ کر چلے آئے۔ جھاڑی میں سے آواز آئی ’’جو مانگنا ہو مانگو‘‘۔
خدا پرست نے کہا کہ ’’مجھ کو اپنی محبت اور چند روزہ دنیا کی مزخرفات سے نفرت دے۔ دنیا دار نے کہا کہ ’’مجھ کو نیک کاموں کے لئے دنیا دے‘‘۔
خدا کے ہاں کس بات کی کمی اور کاہے کی دیر تھی، جو اُنہوں نے کہا وہی ہو گیا۔
وہ دونوں پہاڑ پر سے اپنے اپنے گھر آئے۔ ایک خدا کی محبت سے نہال اور دوسرا دنیا کی جاہ و حشمت سے مالا مال۔
خدا پرست خدا کی محبت میں چور تھا اور اپنے دوست دنیادار کے حال پر افسوس کرتا تھا کہ کس طرح دنیا کے کاموں میں مصروف ہے اور اُس کو خدا کی عبادت اور زہد و تقویٰ کے سوا اور کچھ کام نہ تھا مگر دنیا کی طرف سے نہایت عاجز اور ذلیل۔ کبھی کبھی زکوٰۃ دینے کا جو ثواب ہے اُس کے حاصل کرنے کی خواہش ہوتی تھی مگر مقدور نہ تھا کہ اُس دولت کو حاصل کرے۔ حج کرنے کا شوق دل میں اُٹھتا تھا الا بے استطاعتی کے سبب سے مجبور تھا۔ اپنی قوم کو خدا پرست ہونے کی راہ بتاتا تھا مگر بے استطاعت اور بے مقدور قوم کیا کرے۔ پراگندہ روزی، پراگندہ دل، کسی سے کچھ بن نہیں آتا تھا۔
ان بیچارہ کا یہ حال کہ نانِ شبینہ کو محتاج۔ کپڑا بدن پر نہیں کہ جس سے ستر ڈھانکیں۔ روٹی کھانے کو نہیں کہ بدن میں عبادت کی طاقت آئے۔ چار نا چار شہر چھوڑنا پڑا۔ لوگوں سے کنارہ گزیں ہونے پر مجبور ہوا۔ جنگل میں جا بسیرا کیا۔ وحوش و طیور سے جا صحبت کو گرم کیا۔ دنیا اور دنیا کے کاموں سے نفرت کی اور خدا کی محبت سے اُلفت کی۔
فاقے پر فاقے ہوتے تھے مگر یہ شیر خدا کی محبت سے سیر تھے مگر جب تین تین دن کے فاقے گزرنے لگے تو مردار کھانے یا ایک ٹکڑا روٹی کا مانگنے پر مستعد ہوئے۔ لکڑی ٹیکتے ٹیکتے۔ پاؤں لڑکھڑاتے لڑکھڑاتے کسی گاؤں گنویں میں جاتے۔ ہیئتِ مبارک دیکھ کر گاؤں کے کتے پیچھے پڑتے۔ یہ بیچارے خداپرست کتوں سے بچتے بچاتے ہشت ہشت کرتے کسی کے دروازہ تک پہنچتے۔ کسی نے دیا تو لے لیا ورنہ دوسرا دروازہ جا دیکھا۔ جب قوتِ لا یموت1 جھولی میں آیا پھر اُس سے زیادہ سوال کرنا حرام سمجھا۔ کسی کنوئیں کے کنارہ پر بیٹھے سوکھے بھیک کے ٹکڑے چبائے۔ کسی چلتے کنوئیں پر جا کھڑے ہوئے پانی کے دو چلو پی لئے۔ خدا کے نور کے شعلے سینہ میں بھڑکتے تھے مگر نکل نہ سکتے تھے جس سے دنیا روشن ہو۔
رفتہ رفتہ اُن کی بزرگی کا شہرہ پھیلا۔ دور و نزدیک کے لوگوں نے زیارت کا قصد کیا۔ لوگ جمع ہونے لگے، منتیں ماننے لگے۔ ہر ایک نے اپنے مطلب کی دعا منگوانی چاہی۔ کسی نے بیٹے کی خواہش کی، کسی نے دولت چاہی، کسی نے روزگار کی تمنا کی، کسی نے تجارت کی ترقی کی آرزو کی۔ ان کو تو دنیا کی باتوں سے نفرت تھی، لاٹھی لے سامنے ہوئے۔ لوگوں کو سمجھانے لگے، دنیا چند روزہ ہے اُس کے لئے کیوں ولولہ کرتے ہو۔ ولولہ کے لائق تو دین کی باتیں ہیں۔ دنیا کو چھوڑو اور دین کی باتیں پکڑو۔
عقل مند اور نیک بخت آدمی اُن کو بہت بزرگ سمجھتے تھے، مگر اُن کی نصیحتوں سے متعجب ہوتے تھے کہ اگر سچ مچ دین داری یہی ہے تو دنیا کا کیا حال ہوگا اور دنیا کا کیونکر کام چلے گا۔ پیغمبر کا بھی زمانہ گزرا، صحابیوں کا بھی زمانہ گزرا، کسی نے دنیا کو نہیں چھوڑا، مگر دنیا کو دین کے لئے برتا۔ وہ احکامِ شرعی کو بجا لاتے تھے، کینہ و بغض و حسد سے دل کو صاف رکھتے تھے۔ دغا و فریب اور جھوٹ سے بچتے تھے اور اچھے خاصے دنیا دار تھے۔ مولوی روم نے بھی یہی کہا ہے:
|
چیست دنیا از خدا غافل بودن |
نے قماش و نقرۂ و فرزند و زن |
|
ترجمہ اردو جریدہ: دنیا کیا ہے؟ خدا سے غافل ہونا؛ نہ کہ کپڑا اور چاندی اور اولاد اور بیوی۔ |
|
طوطے کی طرح اللہ اللہ جپنا اور یاہو کبوتر کی مانند غوٹر غوں غوٹر غوں کرنا اللہ کی یاد نہیں ہے، بلکہ اُس نے جو چیزیں ہم کو مرحمت کی ہیں اُن کو اُسی کے کام میں صرف کرنا خدا کی یاد ہے۔ عقل ہم کو خدا نے اس لئے دی ہے کہ اُس کی صنائع و بدائع پر غور کریں۔ اُس کی عجائبِ قدرت کو دیکھیں اور اُس کے وجودِ ازلی و ابدی بے ضد و ند پر یقین کریں۔ آنکھ، ناک، حس و حرکت اس لئے بخشی ہے کہ ہماری عقل کے مصاحب اور مددگار ہوں۔ نطق ہم کو اس لئے دیا ہے کہ ہم اوروں کو اپنے خیالات کا فائدہ پہنچائیں۔ مال و متاع اس لئے ہمارے لیے مہیا کیا ہے کہ ہم خود بھی اُس سے فائدہ اٹھائیں اور اوروں کو بھی فائدہ پہنچائیں۔ یہ کیسا وحشیانہ طریقہ ہے جس میں اپنی ذاتی غرض کے سوا اور کچھ مدِ نظر ہی نہیں۔
|
گر آں گلیم خویش بروں می برد ز موج |
من سعی میکنم کہ برارم غریق را |
|
ترجمہ اردو جریدہ: اگر وہ اپنی گدڑی (صرف اپنے آپ کو) موج سے باہر لے جاتا ہے، تو میں کوشش کرتا ہوں کہ ڈوبنے والے کو (پانی سے) نکالوں۔ |
|
بعضے دس پانچ سو پچاس آدمی جو اُنہی سے بیوقوف تھے، خدا پرست صاحب کے گرد ہوئے۔ دنیا کو اپنے خیال کے موافق چھوڑ چھاڑ دھونی رما مسلمان جوگی جی کے ساتھ ہو لئے اور دنیا کے عیش و آرام اور اُس کے کاروبار کو ترک کر کر خدا کی خیالی محبت میں سرشار ہو گئے۔
اب خیال کرو ان بزرگواروں سے اسلام نے کیا عزت پائی اور اُن کے حال سے اسلام کی صورت کیسی دکھائی دی۔ اسلام ایسا دکھائی دیا جیسے ایک ضعیف پیر مرد پر کڑ کھایا ہوا، میلا بدن، ٹوٹے دانت، ہڈی پر چمڑا چمٹا ہوا کنپٹیاں بیٹھی ہوئیں، پیٹ پیٹھ سے ملا ہوا، کمر کبڑی، ٹانگیں ٹھٹھری، ہاتھ پاؤں کانپتے ہوئے، لڑکھڑا لڑکھڑا لاٹھی ٹیک ٹیک ایک قدم آگے دھرا اور کپ کپا کر دو قدم پیچھے ہٹ گیا۔ پھٹی گدڑی پڑی ہوئی، ادھر سے ران کھلی اُدھر سے چوتڑ کھلا، جدھر گئے اُدھر ہزاروں مکھیاں چمٹ گئیں۔ اُدھر کتے بھوں بھوں کر کر پیچھے پڑ گئے۔ جس قوم کے سامنے سے نکلے اُس نے نفرت کی۔ ہر طرف سے دور دور پرے پرے کی آواز سنی اور ذلت کے لئے مسلمان دنیا میں ضرب المثل ٹھہرے۔ سبحان اللہ ان نادان خدا پرست نے خوب اسلام کی صورتِ دکھائی اور نہایت اُس کی عزت بنائی۔
اب دنیادار صاحب کا حال سنئے۔ جب وہ گھر آئے دوست، آشنا، بھائی بند جمع ہوئے اور لعنت ملامت کرنے لگے کہ دنیا کا لالچی، دنیا کا کتا، ایمان اسلام سے بے بہرہ، دنیا کے عیش و آرام میں غرق اور اُسی کا طالب دین کے بدلے دنیا لے کر آیا ہے۔
یہ بیچارہ چپ، اُن جاہلوں سے کیا کہے۔ اپنے دل میں کہتا ہے کہ میں نے تو نیک کاموں کے لئے دنیا لی ہے۔ اگر دنیا کو نیک کاموں کے لئے برتا جائے تو وہ تو ہزاروں زہد و تقویٰ اور جنگل میں بیٹھنے اور مالا جپنے سے بہتر ہے۔
خدا نے جو کچھ ہم پر فرض کیا ہے وہ بہت تھوڑا ہے اور اگر ہم ’’واللہ لا ازید ولا انقص‘‘2 کے مضمون پر یقین کریں تو صرف فرائض کے ادا کرنے سے قطعی بہشتی ہیں۔ باقی رہی اوپر کی نیکی وہ نادان خدا پرست بننے سے حاصل نہیں ہوتی۔ ہم کو دینداری کے لئے دنیا کے کاموں میں مصروف ہونا چاہئے۔ محرماتِ شرعیہ سے بچنا اور مباحاتِ شرعیہ کے مزے اڑانا اور دنیا کو نیک کاموں میں برتنا بھی سب سے بڑی نیکی اور اصلی خدا کی عبادت ہے۔

