اُس نے خیال کیا کہ طریقۂ تمدن و معاشرت اگر خراب ہے تو وہ بھی ذلتِ قومی کا باعث ہے۔ اُس نے اپنی قوم کے طریقۂ معاشرت و تمدن کے ادنی ذلیل درجہ سے اعلیٰ درجہ پر تبدیل ہونے کی کوشش کی تاکہ اسلام پر سے یہ جھوٹا دھبہ کہ خرابیٔ معاشرت و تمدن کا باعث اسلام ہے مٹ جائے۔
قوم کا معزز اور ذلیل نظر آنا اُن کے طریقۂ لباس اور اکل و شرب اور چال و چلن اخلاق اور عادات پر بہت زیادہ منحصر ہے۔ اُس نے اُن کی درستی پر کوشش کی اور طہارت اور صفائی اور اُجلا پن اور لباس اور اکل و شرب کے طریقہ کو بہت اعلیٰ اور عمدہ درجہ پر پہنچانا چاہا جس کے سبب سے اور قوموں کی نظرِ حقارت جو اسلامی قوم کے ساتھ تھی وہ نہ رہی۔ اُس نے خوب غور کیا تھا کہ اسلام ایک مٹی کا پتلا بن کر دنیا کے سامنے نہیں آ سکتا، وہ اُس کے پیرووں کی خصلت اور افعال سے دکھائی دیتا ہے۔ پس اُن کا طریقۂ زندگی ایسا عمدہ و پاک صاف کیا جائے جس سے اسلام کی جو اصلی صورت ہے دنیا کو نظر آئے۔
فرض کرو کہ یہ سب خواہشیں پوری ہو گئیں تو ان کی بدولت اسلام کی کیسی صورت دکھائی دی؟ ایسی دکھائی دی جیسے ایک نورانی فرشتہ جس نے رحمت کے پر پھیلا کر تمام عالم کو اپنی رحمت سے ڈھانپا ہے۔ پس بڑی نادانی اور کم سمجھی کی بات ہے جو دنیا دار کے ان کاموں کو دنیا کے کام سمجھے اور عین خدا کی عبادت نہ جانے۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 279 تا 289 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

