اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

حکایت۔ایک نادان خدا پرست اور دانا دنیادار کی

پھر وہ اس سوچ میں گیا کہ کسی قوم پر خدا کی خفگی اور خدا کی لعنت ہونے کی کیا نشانی ہے۔ ہر چند سوچتا تھا، کچھ سمجھ میں نہ آتا تھا۔ لوگوں سے پوچھتا تھا پر تشفی نہ پاتا تھا۔ آخر ایک دن قرآن مجید پڑھتے پڑھتے یہودیوں کے حال میں یہ آیت اُس نے پڑھی ’’وَ ضُرِبَتْ عَلَیْهِمُ الذِّلَّةُ وَ الْمَسْکَنَةُ وَ بَآؤُا بِغَضَبٍ مِنَ اللّٰهِ‘‘3۔ یہ پڑھتے ہی وہ چلا اُٹھا کہ پالیا پالیا، بے شک دنیا میں قومی ذلت خدا کے غضب کی نشانی ہے۔ دنیا میں غریب مسکین، محتاج ہر قوم میں ہوتے ہیں مگر جب قومی ذلت اور قومی مسکنت دنیا میں ہو جاتی ہے تو وہ ٹھیک نشانی خدا کے غضب اور خدا کی لعنت کی ہوتی ہے۔

اب تو اس کا دل شیر ہوا اور ڈھارس بندھی اور کہا کہ بیشک میں نے اُس نادان خدا پرست سے اچھا کام کیا ہے۔ میں نے تو نیک کاموں کے لئے دنیا کو اختیار کیا ہے۔ اب تو میں دنیا ہی سے دین کو لے لوں گا اور ایسے ایسے لنگڑے، لولے، بوڑھے ٹھیڑے نادان خدا پرستوں کو کوڑی کوڑی پر خرید کر پھینک دوں گا۔ پر اے خدا جیسے کہ تو نے میری دعا قبول کی ہے، میرے ساتھ رہ اور نیک کاموں میں دنیا کو برتنے دے۔

اب وہ اس سوچ میں گیا کہ اس دنیا کو کیونکر نیک کاموں میں برتوں۔ سب سے پہلے یہ خیال کیا کہ بھوکوں کو روٹی اور ننگوں کو کپڑا دو۔ پھر اپنے دل میں کہا کہ بات تو اچھی ہے، کرنی تو چاہئے، پر اس سے قومی ذلت تو نہیں جاتی جو خدا کے غضب کی نشانی ہے۔

پھر سوچا کہ حافظ نوکر رکھ کر قرآن بہت سے پڑھواؤ۔ لوگوں سے چلہ کھنچواؤ، ختمِ خواجگان کرواؤ۔ بخاری شریف کی منزلیں پڑھواؤ، پھر ہنسا کہ اس سے کیا فائدہ۔ ایک کا کھایا دوسرے کے پیٹ میں کب آتا ہے۔

پھر سوچا کہ سب سے عمدہ یہ بات ہے کہ مسجدیں بنواؤ اور ٹوٹی مسجدوں کی جو خدا کے گھر ہیں، مرمت کے لئے روپیہ اکٹھا کرو اور جھاڑ فانوس روشن کرو۔ پھر ہنسا اور کہا کہ زندہ خدا کے زندہ گھر، یعنی قوم کے دل ٹوٹے پڑے ہیں۔ دل کی آنکھوں کے پھوٹ جانے سے بے نور ہو رہے ہیں۔ مسجد کس کے لئے بناؤں اور چراغ کس کے لئے جلاؤں۔

پھر سوچا کہ مکہ شریف روپیہ بھیج دو۔ وہاں کے غریبوں پر بانٹو۔ ایک ایک کے لاکھ لاکھ ملیں گے۔ روپیہ بھیج کر حاجیوں کے لیے رباطیں4 بنواؤ اور خیر جاری کا ثواب کماؤ۔ پھر ہنسنے لگا کہ کیا بیوقوفی کی بات ہے جہاں شدید ضرورت ہے وہیں روپیہ خرچ کرنے سے زیادہ ثواب ہے۔ دیکھنا چاہئے کہ جو ضرورت مکہ میں پہلے تھی وہ اب بھی ہے یا نہیں۔ ہمارے ملک اور ہماری قوم میں جو ضرورت ہے وہ اُس سے زیادہ ہے۔ رباطیں بنوانے اور متولیوں کی آمدنی کر دینی بری نہ سہی مگر جب ہماری قوم کے گھروں پر چھپر نہیں ہیں تو مکہ میں رباطیں بنوانے سے کیا منفعت ہے۔

ایک صاحب اُٹھے کہ اجی سب سے عمدہ یہ بات ہے کہ غریبوں کو جہاز کرایہ کر دو اور مکہ حج کو بھیج دو۔ اُس نے کہا کہ ہاں اپنی تو بڑی نیک نامی ہے مگر خدا کے نزدیک تو پشیمانی ہے۔ خدا نے جس پر جو بات فرض نہیں کی میں اُس پر فرض کرنے والا کون ہوں۔

بڑے خیر خواہ اور عقلمند جو تھے وہ اُٹھے کہ میاں عربی مدرسہ قائم کرو۔ قال اللہ و قال الرسول کا ذکر سنو۔ حدیث، تفسیر، فقہ پڑھاؤ۔ ہمارے ہاں کی معقول، منطق، حکمت، فلسفہ ڈوبی جاتی ہے اُس کو بلّے لگاؤ5 مگر یہ شخص سوچا کہ علومِ دینیہ قوم کے زیور ہیں مگر جب قوم ہی نہیں تو وہ زیور کون پہنے گا۔ پرانی حکمت اور فلسفہ کو اب کوڑی کو بھی کوئی نہیں پوچھتا، اُس سے قومی ترقی اور قومی عزت کی کیا توقع ہے۔

غرض کہ سب کی باتیں اُس نے سنیں اور کہا کہ یہ سب مکر کی باتیں یا شیطان کا نیکی کی صورت میں جلوہ افروز ہو کر دھوکے میں ڈالنا ہے۔ ان سب کو چھوڑو اور نیک نیت سے خدا پر بھروسا کر کے قومی عزت اور قومی ترقی کی فکر کرو اور اصلی نیک کام میں دنیا کو برتو۔

اُس نے سمجھا کہ بھلا سب سے بڑا سبب قومی ذلت کا آپس میں ہمدردی کا نہ ہونا ہے۔ میری قوم خود غرضی کی بیماری میں مبتلا ہے۔ اپنے فائدے کے لئے ہزاروں محنتیں کرتے ہیں اور اچھا کپڑا پہننے اور چین سے سونے اور ہنس ہنس کر میٹھی میٹھی باتیں بنا دینے کو تمام اخلاق اور لیاقت کا منتہا سمجھتے ہیں۔ قوم کی بھلائی اور رفاہِ عام کی طرف مطلق توجہ نہیں ہے۔ اُس نے اس بیماری کو کھونا چاہا اور فرضِ پنجگانہ ادا کرنے کے بعد قرآن کی تلاوت اور اورادِ مندوبہ اور اعمالِ مشائخ کے بدلے اپنی قوتِ لسانی اور مراقبۂ قلبی کو اس طرف مُتوجہ کیا۔ خلوت میں اس بات کی فکر کی کہ یہ بیماری کیونکر جائے۔ جلوت میں پند و نصائح تقریر بیان سے اسی بات کا چرچا کیا اگرچہ بہت سی ناامیدیاں اُس کو پیش آتی گئیں، الا اپنے ارادہ میں مستحکم اور ثابت قدم رہا اور یہ سمجھا کہ اس کام میں جتنا میرا وقت صرف ہوتا ہے وہ اُس مندوب عبادت سے جس کو لوگ عبادت سمجھتے ہیں کچھ کمتر عبادت میں صرف نہیں ہوتا۔

اُس نے بقدر اپنی طاقت کے مسائلِ شرعیہ اور حقایق و معارفِ قرآن و حدیث پر غور کیا۔ اُس نے دیکھا کہ علمائے سابق نے اپنے زمانہ کے علم کے موافق بہت سی باتیں ایسی کہی ہیں جو زمانۂ حال میں یقینی غلط اور جھوٹی ثابت ہوئی ہیں اور تمام مسلمانوں نے اُن علماء کے غلط اقوال کو مثل احکامِ شارع سمجھ رکھا ہے اور اس سبب سے اسلام کو یہ مضرت پہنچی ہے کہ جو لوگ زمانۂ حال کے علوم سے واقف ہوتے ہیں وہ مذہبِ اسلام کو غلط سمجھتے ہیں، حالانکہ مذہبِ اسلام میں غلطی نہیں ہے، بلکہ اُن علماء کے اقوال میں غلطی ہے۔ چند روز تک تو اُس نے اُن علماء کا بڑا ادب کیا پھر وہ سمجھا کہ علماء کے اقوال کا غلط ہونا مذہبِ اسلام میں کچھ نقص نہیں لاتا۔ اگر بالفرض ابو بکرؓ و عمرؓ نے کسی بات میں غلطی کی ہو تو بھی مذہبِ اسلام پر کچھ داغ نہیں لگتا پھر اور بیچارے مولوی ملا کس شمار قطار میں ہیں۔ تب اُس نے علمائے وقت کی خدمت میں رجوع کی اور ہر ایک کے آگے ہاتھ جوڑے، ناک رگڑی کہ خدا کے واسطے آپ ان غلطیوں کے رفع کرنے پر مستعد ہو جائیے۔ یہ بیچارہ خود جاہل صرف دو چار لفظ سے آشنا تھا، خود کیا کر سکتا تھا، مگر جب کوئی متوجہ نہیں ہوا تب اُس نے کہا کہ جو عقل خدا نے مجھ کو دی ہے اُس کو کام میں لانا اور اپنے خیالات کو دوسروں تک پھیلانا خاص میری عبادت ہے۔ اُس نے ملامت کرنے والوں کی ملامت کا ڈر نہ کیا اور اسلام کی محبت کو ابو حنیفہ و شافعی، مالک و حنبل کی محبت سے زیادہ سمجھا اور نیک نیتی اور صرف اسلام کی محبت سے جو کیا سو کیا اور اُس کے عوض اپنے ہم مذہبوں سے جو سنا اُس کو بخندہ پیشانی گوارا کیا۔

اُس نے بہادرانہ طور سے مذہب کو عقل کے سامنے ڈال دیا کہ جس طرح چاہو جانچو، سچا، سچا ہی ہے۔ اُس نے مذہب کو حقایقِ موجودات سے موازنہ کیا اور دنیا کو یہ دکھلانا چاہا کہ خدا کا قول، یعنی مذہب اور خدا کا فعل، یعنی فطرتِ موجودات دونوں ایک ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دونوں کا مبداء ایک ہی ہے۔

اُس نے اپنی قوم سے تعصبات اور پابندیٔ رسومات اور اوہامِ مذہبی کے جو حقیقت میں مذہب سے متعلق نہ تھے، چھوڑانے پر کوشش کی، تاکہ لغو خیالات سے لوگوں کے دل پاک ہوں۔ اُس نے لوگوں کو اس بات پر رغبت دلائی کہ اچھی باتیں جس میں ہوں اُن کو لو اور بری باتیں جس میں ہوں اُن سے پرہیز کرو۔ جو علوم غیر قوم اور غیر مذہب کے لوگوں نے پیدا کئے ہیں بلا تعصب سیکھو۔ جس زبان کے ذریعہ سے وہ علم آ سکتے ہوں، خواہ وہ انگریزی ہو یا فرانسیسی، یونانی ہو یا لاطینی سب کو سیکھو اور اپنی قوم میں پھیلاؤ، تاکہ اُن کو عجائباتِ قدرتِ الٰہی زیادہ تر معلوم ہوں اور دنیا حاصل کرنے کی بھی لیاقت ہو۔

صنائع و بدائع ہر قسم کے جو کسی قوم میں ہوں اُن کو اپنی قوم میں لانے کی کوشش کی۔ تجارت کے اصول جو غیر قوموں نے عمدہ طور پر قائم کئے ہیں اُن کی اپنی قوم میں مروج ہونے کی خواہش کی اور ان تمام باتوں سے یہ مقصود تھا کہ قوم کی مسکنت اور اُس کے باعث سے جو ذلت ہے وہ رفع ہو اور قوم آسودہ حال ہو اور اپنی قوم کے لوگوں کو سنبھالے اور شعارِ اسلامی کو بجا لا سکے جس سے اسلام کو رونق ہو۔