(تہذیب الاخلاق بابت 15 محرم 1288ھ)
تمام نیکیاں اور عبادتیں جو قانونِ قدرت کے برخلاف ہیں پوری نیکیاں اور عبادتیں نہیں ہیں، مگر افسوس ہے کہ بہت سے لوگ اس کا خیال نہیں کرتے۔ اگر صرف اس کا خیال ہی نہ کیا جاتا تو چنداں مشکل نہ تھی، دقت یہ ہے کہ قانونِ قدرت کے مطابق جو نیکیاں اور عبادتیں ہیں اُن کو نیکیاں اور عبادتیں ہی نہیں سمجھتے۔
اس مطلب کے ثابت کرنے کو ہمارے لئے ارشادِ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کا کافی اور وافی ہے اور اُس کے بعد کسی دوسرے کے قول و فعل کی سند کی حاجت نہیں۔
عن انس قال جاء ثلثة رهط الی ازواج النبی صلعم یسألون عن عبادة النبی فلما اخبروا بها کانهم تقالوها فقالوا این نحن من النبی صلی اللہ علیه وسلم و قد غفر اللہ ما تقدم من ذنبه وما تاخر فقال احدهم اما انا فاصلی اللیل ابداً وقال الاخر انا اصوم النهار ابداً ولا افطر وقال الاخر انا اعتزل النساء فلا اتزوج ابداً فجاء النبی صلعم الیهم فقال انتم الذین قلتم کذا وکذا واللہ انی لاخشاکم للہ واتقاکم له لکنی اصوم وافطر واصلی وارقد واتزوج النساء فمن رغب عن سنتی فلیس منی۔ متفق علیہ۔
بخاری و مسلم نے حضرت انسؓ سے یہ حدیث نقل کی ہے کہ عرب کی تین قوموں کے کچھ لوگ پیغمبرِ خدا صلعم کی ازواجِ مطہرات کے پاس آں حضرت صلعم کی عبادت کا حال دریافت کرنے کو آئے۔ جب اُن کو بتایا گیا تو اُنہوں نے اُس کو بہت کم سمجھا اور آپس میں کہنے لگے کہ کجا ہم اور کجا پیغمبر صاحب۔ اُن کو تو بہت سی عبادت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُن کو تو اللہ تعالیٰ نے اگلے پچھلے گناہوں سے پاک کر دیا ہے۔ پھر اُن میں سے ایک نے کہا کہ ہم تو ہمیشہ تمام رات نماز پڑھا کریں گے اور دوسروں نے کہا کہ ہم ہمیشہ دن کو روزہ رکھا کریں گے اور کبھی روزہ نہ چھوڑیں گے۔ اوروں نے کہا کہ ہم عورتوں کے پاس نہ جائیں گے اور کبھی جورو نہ کریں گے۔ اتنے میں جناب پیغمبرِ خدا صلعم تشریف لے آئے اور فرمایا کہ تم نے ایسی ایسی باتیں کہی ہیں۔ جانو خدا کی قسم میں تم سے زیادہ خدا سے ڈرتا ہوں اور تم سے زیادہ اس کے حضور میں پاک رہنا چاہتا ہوں، لیکن میں تو روزہ رکھتا بھی ہوں اور نہیں بھی رکھتا اور نماز بھی پڑھتا ہوں اور سو بھی رہتا ہوں۔ عورتوں سے نکاح بھی کرتا ہوں۔ پھر جو کوئی میرے طریقہ کو پسند نہ کرے وہ میرے ساتھیوں میں سے نہیں۔
یہ حدیث ہم مسلمانوں کے لئے بہت بڑی سند اس بات کی ہے کہ اصلی اور سچی عبادت وہی ہے جو قانونِ قدرت کے اصول کے مطابق ہے۔ تمام قویٰ جو خدا تعالیٰ نے انسان میں پیدا کئے ہیں، وہ اس لئے پیدا نہیں کئے کہ وہ بیکار کر دئے جائیں، بلکہ اس لئے پیدا ہوئے ہیں کہ سب کام میں لائے جائیں۔ شریعتِ حقۂ مصطفویہ علیٰ صاحبہا الصلوة والسلام نے کوئی نئی بات نہیں پیدا کی، بلکہ صرف اُن قویٰ کے کام میں لانے کے طریقہ کو بتایا ہے جس سے جملہ قویٰ اعتدال پر اور شگفتہ و شاداب رہیں اور ایک کے غلبہ سے دوسرا بیکار اور پژمردہ نہ ہو جائے، مگر بہت ہی کم لوگ ہیں جو اس نکتہ کو سمجھتے ہیں، بلکہ اُس طریقہ کو جس کو ہمارے پیغمبرِ خدا صلعم نے رہبانیت قرار دیا ہے اور جس کو ہندی زبان میں جوگی یا جوگ کہتے ہیں کمالِ عبادت اور منتہائے زہد و تقویٰ قرار دیتے ہیں۔
فرائض جو مذہبِ اسلام میں ہیں اُن کا ادا کرنا بلا شبہ باعثِ نجاتِ ابدی ہے: عن ابی هریرة قال اتی اعرابی النبی صلعم فقال دلنی علی عمل اذا عملته دخلت الجنة قال تعبد اللہ ولا تشرك به شیئا وتقیم الصلوة المکتوبة وتودی الزکوة المفروضة وتصوم رمضان قال والذی نفسی بیده لا ازید علی هذا شیئا ولا انقص منه فلما ولی قال النبی صلعم من سره ان ینظر الی رجل من اهل الجنة الی هذا۔ متفق علیہ۔
بخاری و مسلم نے حضرت ابو ہریرہؓ سے یہ حدیث نقل کی ہے کہ ایک دہقانی عرب پیغمبرِ خدا صلعم کے پاس آیا اور کہا کہ مجھ کو ایسی بات بتائیے کہ اگر میں اُس کو کیا کروں تو بہشت میں جاؤں۔ آپ نے فرمایا کہ خدا ہی کی عبادت کیا کر اور کسی دوسرے کو اُس کی عبادت میں مت ملا اور فرض نمازیں پڑھا کر اور زکوٰۃ دیا کر اور رمضان کے روزے رکھا کر۔ اس نے کہا کہ خدا کی قسم نہ تو میں اس میں کچھ بڑھاؤں گا اور نہ گھٹاؤں گا۔ جب وہ پیٹھ پھیر کر چلا تو آں حضرت صلعم نے فرمایا کہ جو شخص جنتی آدمی کو دیکھنا چاہے تو اس شخص کو دیکھ لے۔
غرض کہ ادائے فرائض بلا شبہ اصلی عبادت ہے جس کا ادا کرنا ہر شخصِ مکلف پر فرض ہے، مگر ہم اس مقام پر فرائض کے سوا جو اور عبادتیں ہیں ان سے بحث کرنی چاہتے ہیں اور ان میں بھی اس بات سے بحث کرنا مقصود نہیں ہے کہ وہ عبادتیں عبادتیں نہیں ہیں، بلکہ اس بات سے بحث منظور ہے کہ عبادت کو انہی میں منحصر سمجھنا غلط ہے اور یہ کہ بعضی دفعہ بسبب تبدلِ حالت کے ادنیٰ درجہ کی عبادت اعلیٰ درجہ کی عبادت ہو جاتی ہے اور اعلیٰ درجہ کی عبادت اس درجہ کی نہیں رہتی اور شریعتِ محمدیہ علیٰ صاحبہا الصلوة والسلام میں یہی ایک حکمتِ بالغہ ہے جس سے تمام قوانینِ قدرت قائم رہتے ہیں۔ الّا افسوس ہے کہ اس زمانہ میں اکثر لوگوں کو اس حکمتِ بالغہ پر خیال نہیں ہے۔
ہمارے زمانہ کے مسلمان بھائیوں نے سوائے فرائض کے باقی عبادتوں کو صرف نماز روزہ و تلاوتِ قرآنِ مجید اور خیالی ترکِ دنیا اور درس و تدریسِ علومِ دینیہ اور اورادِ ماثورہ یا وظائفِ مقررۂ پیران ہی میں منحصر کر رکھا ہے، حالانکہ انہی پر ان کا انحصار محض غلط ہے، بلکہ ان میں سے بعض ایسے درجہ پر پہنچ گئے ہیں جو قانونِ قدرت کے برخلاف ہیں اور اس لئے مقصودِ شارع نہیں ہیں اور بہت سی ایسی متروک ہیں جو بسبب تغیر و تبدلِ حالت کے ان سے بھی مقدم اور اعلیٰ ہیں۔ اب ہم اپنے اس مطلب کو چند مثالوں کے بیان کرنے سے زیادہ وضاحت سے بیان کرتے ہیں۔
علم۔ مسلمانوں کے دلوں میں یہ بات سمائی ہے کہ علمی عبادت صرف علومِ دینیہ ہی کے پڑھنے پر منحصر ہے اور اس کے سوا کسی علم کا پڑھنا یا پڑھانا یا اس پر روپیہ خرچ کرنا داخلِ عبادت نہیں اور اسی لیے ثواب بھی نہیں۔ ان میں یہ مثل مشہور چلی آتی ہے کہ:
|
علم دیں فقہ است و تفسیر و حدیث |
ہر کہ خواند غیر ازیں گردد خبیث |
|
ترجمہ اردو جریدہ: دین کا علم فقہ ہے اور تفسیر اور حدیث؛ جو کوئی اس کے سوا (کچھ اور) پڑھے وہ خبیث ہو جاتا ہے۔ |
|
مگر یہ خیال ان کا محض غلط ہے اور اسی سبب سے مسلمانوں میں روز بروز علم کا تنزل ہے اور جس کے ساتھ خود علمِ دین بھی معدوم ہوتا جاتا ہے۔
جاننا چاہئے کہ علم کے معنٰی دانستن کے ہیں۔ علومِ دینیہ کا صرف جاننا نہ کچھ عبادت ہے اور نہ کچھ ثواب۔ البتہ وہ اس وقت عبادت یا ثواب ہو سکتا ہے جب کہ اس کو امورِ دینی کے کام میں لانے کی نیت سے پڑھا جائے۔ پس مدارِ عبادت اور ثواب تحصیلِ علومِ دینیہ کا نیت پر منحصر رہا نہ نفسِ علم پر۔ یہی حال تمام باقی علوم کا ہے۔ تمام علوم جن کو علومِ دنیوی کہتے ہیں واسطے ترقی اور استحکام اور تعلی علومِ دینی کے ضروری ہیں، گو ان کا پڑھنا فی نفسہ عبادت نہ ہو، جیسا کہ علومِ دینیہ کا پڑھنا بھی فی نفسہ عبادت نہ تھا، مگر جب کہ وہ اس نیت سے پڑھے جائیں یا پڑھائے جائیں کہ علومِ دینیہ کے لئے مثلِ آلہ کے ہیں تو ان کا پڑھنا یا پڑھانا ویسا ہی عبادت ہے جیسا کہ علومِ دینیہ کا تھا۔ پس ایک کو عبادت سمجھنا اور دوسرے کو نہ سمجھنا کیسی غلطی ہے۔

