’’ابو عمرو جمیل بن عبد اللہ بن معمر بن صباح ابن ظبیان عذری‘‘ اگرچہ جمیل کا نام لوگوں کو شعرا کی فہرست میں ملے گا۔ مگر اصل یہ ہے کہ وہ بوالہوس شعرا میں نہ تھا بلکہ ایک راستباز اور پاک طینت عاشق تھا۔ یہ اور بات ہے کہ شعرائے عرب میں سے صرف قیس عامری کا نام ہماری اردو پبلک تک پہونچا۔ لیکن غور کیجیے تو جس قسم کے واقعاتِ عشق قیس عامری اور اس کی معشوقہ لیلائے عامریہ میں گذرے اسی کے قریب قریب واقعات جمیل عذری اور اُس کی پریجمال معشوقہ ثبینہ عذریہ میں بھی پیش آئے۔ عاشق و معشوق دونوں عرب کے قبیلۂ بنی عذرہ میں سے تھے۔ اس کا حال تو نہیں معلوم کہ ابو عمرو جمیل کس سنہ میں پیدا ہوا۔ لیکن مورخین کی شہادت سے یہ امر تحقیق طور پر معلوم ہوا ہے کہ یہ بیتاب اور چلبلی طبیعت والا شاعر بچپن ہی سے ثبینہ کے حسنِ دلفریب پر بے چینیاں ظاہر کرتا۔ اور عشق کے پُر جوش جذبات دکھاتا نظر آیا تھا۔
واقعی مشہور عشاق کے حالات دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ عشق کی بیتابیاں ماں کے پیٹ ہی سے لے کے آئے تھے۔ جمیل بچپن میں عاشق ہوا۔ جب زمانۂ بلوغ آیا اور جوان ہوا تو کوشش کی کہ جس طرح بنے ثبینہ کو اپنے عقدِ نکاح میں لائے۔ مگر وہ ظالم نہ راضی ہوئی اور یہ اپنا سا منہ لے کے رہ گئے۔ غالبًا وہ تو راضی ہو گئی مگر اُس کے ماں باپ نے نہ منظور کیا ہوگا۔ اور ان کے خیال سے خود اس کو بھی عاشقِ جانباز سے بیوفائی کرنا پڑی ہوگی۔ اس لیے کہ آئندہ حالات دیکھنے سے معلوم ہوگا کہ آتشِ عشق اس پاک دامن لڑکی کے دل میں بھی بھڑک رہی تھی۔ اور عشق کے وہ سچے جذبات دونوں طرف موجود تھے جن کو اردو کے سخن سنج نے ان مؤثر الفاظ میں ظاہر کیا ہے۔ شعر
|
الفت کا جب مزہ ہے کہ دونوں ہوں بیقرار |
دونوں طرف ہو آگ برابر لگی ہوئی |
جمیل کو جب وصال میں ناکامی ہوئی تو جذباتِ عشق کو شاعرانہ طبع آزمائیوں میں ظاہر کر کر کے دل کی بھڑاس نکالنے لگا۔ ہمیشہ ثبینہ کے جمالِ جہاں آرا کی تعریف میں قصائد کہے اور علانیہ اس پر اپنا عشق جتاتا رہا۔ ثبینہ کے دل پر بھی اُن موثر اشعار نے اپنا جادو ڈال دیا۔ اس سے ضبط نہ ہو سکا۔ گھر سے نکل کے بعض معین وادیوں اور مقامات میں آتی تھی اور جمیل سے ملتی تھی۔ اور دونوں عاشق و معشوق ایک دوسرے کی صحبت سے لطف اُٹھاتے تھے۔ یہ ایک ایسا ناجائز طریقۂ وصال تھا جس نے عام طور پر بدگمانی پیدا کر دی۔ اور ہر شخص کو جو یہ خبر سن لے گا بدگمانی ہوگی۔ مگر ہم کو اطمینان ہے کہ دونوں میں باوجود ہمیشہ ملنے جلنے کے کوئی ناجائز تعلق نہ تھا۔ جمیل کی زندگی کی پچھلی گھڑیوں کا حال بیان کرتے وقت ہم سب کو یقین دلا دیں گے کہ ہمارا اطمینان بیجا نہیں ہے۔ دونوں پاکباز تھے۔ اور عشق کے ان مدارج پر پہونچے ہوئے تھے کہ کسی کے دل میں دوسرے کی عزت پر حملہ کرنے کا کبھی خیال بھی نہ آتا تھا۔
قبیلۂ بنی عذرہ کا حسن و جمال عرب میں مشہور تھا۔ اس قبیلہ کے مرد اور عورتیں دونوں نہایت ہی حسین ہوتے تھے۔ قبیلۂ عذرہ کے ایک اعرابی سے لوگوں نے دریافت کیا ’’کیوں جی‘‘ یہ تم لوگوں کے دلوں کی کیا حالت ہے۔ گویا چڑیوں کے دل ہیں کہ نمک کی طرح گھل جاتے ہیں۔ یہی حال ہے تو تمھاری کھال ادھڑ کے گر کیوں نہیں جاتی‘‘۔ یہ سن کے وہ اعرابی بولا ’’جن آنکھوں کو ہم دیکھتے رہتے ہیں وہ تمھاری نظر سے نہیں گزرتیں۔ نہیں تو قدر و عافیت معلوم ہو جاتی‘‘۔ ایک اور اعرابی سے کسی صاحب نے پوچھا ’’تم کس قبیلہ سے ہو؟‘‘ بولا ’’اس قبیلے سے جس کے لوگوں کے دل میں ادھر عشق پیدا ہوا ادھر مرے‘‘۔ یہ جملہ کسی عورت نے سن لیا۔ فوراً بول اٹھی ’’خدا کی قسم یہ قبیلۂ بنی عذرہ میں سے ہے‘‘۔
جمیل کا ایک دیوان بھی ہے۔ جو عرب میں نہایت متداول تھا۔ حافظ ابن عساکر اپنی تاریخ دمشق میں لکھتے ہیں کہ کسی نے جمیل سے کہا ’’تم یہ کن لغویات میں ہو۔ اگر قرآن پڑھتے تو کیا خوب تھا‘‘۔ جمیل نے کہا ’’خود انس ابن مالک نے مجھ سے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ صلعم نے فرمایا ہے۔ ان من الشعر لحکمۃ‘‘ یعنی بعض اشعار حکمت ہوتے ہیں‘‘۔ جمیل کے اکثر واقعات کو کثیر غرۃ نے نقل کیا ہے اور وہی ان کے واقعات کا راوی ہے۔ اس کا نام تو صرف کثیر ہے مگر اس کی معشوقہ غرۃ تھی جس کا نام اس کے نام میں ہمیشہ کے لیے مدغم ہو گیا۔
ان کی معشوقہ ثبینہ کی کنیت ام عبد الملک تھی۔ اور جس قبیلہ میں یہ دونوں تھے اس کا حسن و جمال ہی نہیں مشہور تھا بلکہ یہ بھی مشہور تھا کہ عشق و محبت کا مادہ بھی اس قبیلہ والوں کے دل میں بہت ہے۔ اسی بنا پر اگر جمیل ثبینہ پر عاشق ہوا تو کوئی نئی بات نہیں کی۔
کثیر کہتا ہے ایک بار میں راستہ میں جا رہا تھا کہ جمیل سے ملاقات ہوئی اس نے پوچھا ’’کہاں سے آتے ہو؟‘‘ میں نے کہا ثبینہ کے پاس سے‘‘ پھر پوچھا ’’جاتے کہاں ہو؟‘‘ میں نے کہا اپنی دلربا غرہ کے پاس‘‘ یہ سن کے کہنے لگے ’’نہیں اس وقت تو تم جہاں سے آتے ہو وہیں جاؤ۔ اور میرے لیے ثبینہ سے ایک ملاقات کا وعدہ لے آؤ‘‘ میں بولا ’’اجی میں ابھی ابھی ثبینہ کے پاس سے چلا آتا ہوں۔ مجھے پھر جاتے ہوئے شرم آتی ہے‘‘۔ انھوں نے کہا ’’نہیں اس وقت تو تمھیں جانا پڑے گا‘‘۔ میں نے مجبور ہو کے پوچھا ’’اچھا تو بتائیے آپ کو ثبینہ سے ملے ہوئے کتنا زمانہ ہوا؟‘‘ کہنے لگے ابتدائے موسمِ گرما میں وادی دوم کے نشیب میں پانی برسا تھا۔ وہ اپنی لونڈی کے ساتھ وہاں کپڑے دھونے کے لیے آئی۔ مجھ سے چار آنکھیں ہوئیں۔ مگر اس نے مجھے نہیں پہچانا اور غیر سمجھ کے پانی میں سے چادر نکال کے اوڑھ لی۔ لیکن اس کی لونڈی مجھے پہچان گئی۔ جب لونڈی کے بتانے سے اُس نے مجھے پہچانا تو پھر چادر پانی میں ڈال دی اور مجھ سے باتیں کرنے لگی، باتوں ہی باتوں میں آفتاب غروب ہو گیا۔ اب مفارقت کے خیال سے گھبرائی۔ میں نے پوچھا ’’پھر اب کب ملاقات ہوگی؟‘‘ اس کے جواب میں اس نے اتنا ہی کہا ’’اب میں نہیں کہہ سکتی میرے ساتھی سب چلی جائیں گی‘‘۔ اتنا کہا اور چلی گئی۔ جب سے آج تک ملاقات کی نوبت نہیں آئی۔ اور نہ کوئی ایسا ملا جس پر رازداری کا اطمینان ہوتا کہ اس کے پاس وعدہ لینے کے لیے بھیجتا‘‘۔ میں نے کہا ’’اچھا اگر میں وہاں جاؤں اور تنہائی میں اس سے بات کرنے کا موقع نہ ملے تو اس کی اجازت ہے کہ اشعار کے ذریعہ سے اپنا مافی الضمیر اس پر ظاہر کر دوں؟‘‘ یہ سن کے جمیل نے کہا ’’ہاں ہاں یہی مناسب ہے‘‘۔ کثیر کہتا ہے غرض میں وہاں گیا۔ اور قبیلۂ بنو عذرہ میں ثبینہ کے مکان کے سامنے میں نے اپنا اونٹ بٹھایا۔ ثبینہ کا باپ آیا اور پوچھنے لگا ’’کیوں بھیا کیا کام ہے۔ جو کچھ تمھاری غرض ہو بیان کرو‘‘۔ میں نے کہا ’’اجی چند شعر کہے ہیں جی چاہتا ہے آپ کو بھی سنا دوں‘‘۔ میری یہ بات سن کے وہ کہنے لگا ’’تو پڑھو ہاں کیا شعر ہیں‘‘۔ میں نے دیکھا تو ثبینہ کھڑی ہوئی تھی۔ بس یہ شعر اس کو سنا سنا کے پڑھنے لگا۔
|
فقلتُ لھا یا غر ارسل صاحبی |
الیک رسولًا والرّسُول موکّل |
|
ترجمہ: میں نے اس نازنین سے کہا کہ اے غر میں اپنے دوست کو قاصد بنا کے تیرے پاس بھیجتا ہوں اور قاصد میرا سکھایا پڑھایا ہوا ہے۔ |
|
|
بانْ تجعلی بینی وبینکِ موعدًا |
وَاِنْ تامرینی بالذی فیہ افعل |
|
ترجمہ: اس لیے کہ میرے اور اپنے درمیان میں تو کوئی وعدے کی جگہ معین کرے اور اس غرض سے کہ مجھے بتائے کہ کیا کروں۔ |
|
|
وآخر عھدی منکِ یوم لقیتنی |
باسفل وادی الدّوم والثوب یغسلُ |
|
ترجمہ: اور پچھلی مرتبہ مجھے تیرا وصال وادی دوم کے نشیب میں نصیب ہوا تھا اس حال میں جبکہ کپڑے دھوئے جا رہے تھے۔ |
|

