اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا گرامی کے نام (حصہ دوم)

خط (21) — 3 جولائی 1917ء (جلد اوّل، خط 246)

لاہور 3؍ جولائی 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

لیجیے آپ بھی کہیں گے کہ اس نے خطوں کا تانتا ہی باندھ دیا۔ میں نے پچھلے خط میں لکھا تھا کہ اس فکر میں ہوں کہ حضرتِ سیّدہ کے متعلق ایک ایسا شعر لکھا جائے جو معانی کے اعتبار سے ایک سو شعر کے برابر ہو۔ آج صبح آنکھ کھُلتے ہی وہ شعر ذہن میں آیا ابھی اِسے خراد کی ضرورت ہے عرض کرتا ہوں

’’گریۂ شب ہائے آن بالانشین

ہم چو شبنم ریخت بر عرشِ برین‘‘

ترجمہ اردو جریدہ: اُس بالانشیں کی راتوں کا گریہ، شبنم کی طرح عرشِ بریں پر برسا

اس شعر کو بہ نظرِ غور ملاحظہ فرمائیے ’’بالانشین‘‘ ’’ریختن‘‘ کے لیے ضروری معلوم ہوتا ہے مگر کسی قدر کھٹکتا بھی ہے1

اب آپ جانیں اور آپ کا کام، میں نے مضمون پیدا کر دیا۔ باقی خیریت ہے میرے خطوط کا جواب دیجیے اور یہ بھی لکھیے کہ لاہور آنے کا کب تک قصد ہے

والسلام

مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (22) — 6 جولائی 1917ء (جلد اوّل، خط 247)

لاہور 6؍ جولائی 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

خط ابھی ملا، الحمدللہ کہ خیریت ہے۔ واقعی ’’مادر‘‘ کا لفظ دونوں مصرعوں میں آنا چاہیے۔ میں اِس نکتے کو خوب سمجھتا ہوں۔ فاطمہ زہراؓ کے متعلق جو شعر میں نے لکھا تھا2 اس کو اس طرح عرض کیا ہے

اُشک اُو برچید جبریل از زمین

ہم چو شبنم ریخت بر عرشِ برین‘‘

ترجمہ اردو جریدہ: جبریل نے اُس کے آنسو زمین سے چُن لیے (اور انھیں) شبنم کی طرح عرشِ بریں پر بکھیر دیا

’’بالانشین‘‘ کا لفظ کھٹکتا تھا اور اس کے علاوہ بہت کم لوگ اس کو سمجھ سکتے۔ آپ نے جو ترمیم کی وہ بہت بلند ہے۔ ’’محوِ سجود‘‘ میں وہ نکتہ مخفی ہے۔ بہرحال میں اِسے سمجھتا ہوں اور چوں کہ آپ نے پیدا کیا ہے، اِس کی داد دیتا ہوں۔ حضرت فاطمہؓ کے متعلق اشعار نظم کر رہا ہوں۔ کیا آپ کو کوئی عمدہ روایت اُن کی طاعت گزاری یا تربیتِ اولاد کے متعلق یاد ہے جس کو نظم کیا جائے۔ معنی خیز اور دل گزار روایت ہو تو نظم کرنے کا لطف آتا ہے۔ عام طور پر جو روایات مشہور ہیں ان میں کوئی خاص بات نہیں ہے۔ یہ دو شعر اور ملاحظہ کیجیے

پردۂ رنگم شمیمے نیستم

صیدِ ہر موجِ نسیمے نیستم

در شرار آبادِ ہستی اخگرم

خلعتے بخشد مرا خاکسترم‘‘3

مہاراجہ کشن پرشاد بہادر کا خط آیا تھا۔ کسی نے اُن کو مُشرک کہہ دیا تھا۔ اس کے جواب میں اُنھوں نے جو فارسی نظم لکھی ہے اس کا ایک مسوّدہ مجھے ارسال کر کے تقریظ کی خواہش کی تھی۔ میں نے چار اشعار تقریظ کے لکھ کر بھیج دیے تھے جو یہ ہیں۔

(دوسرا صفحہ)

اے شاد دامنِ تو بدانگونہ گل فشاند

صحنِ چمن مثالِ کتابِ مصوّر است

معموریٔ ریاضِ کمالِ تو این قدر

یک برگِ غنچہ ات بہ گلستان برابر است

تا بر تو حق ز فیضِ نبوّت شد آشکار

کارت ز صاحبانِ سلاسل نکوتر است4

فرمانِ مصطفیٰ است کہ من قال لا اِلٰہ

از اہلِ جنّت است و علی الرّغمِ بُوذر است5

اگر لاہور کا قصد حقیقت میں ہے تو آ چکیے یہاں سے جالندھر چلیں گے وہاں آپ کو لنگڑا ابھی مل جائے گا اور کالنگڑا بھی6

محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (23) — 10 جولائی 1917ء (جلد اوّل، خط 248)

لاہور 10؍ جولائی 17ء

ڈیر مولانا گرامی۔ السلام علیکم

اس سے پہلے خط لکھ چکا ہوں اور آپ کی آمد کے انتظار میں ہوں۔ اب آپ کے جلدی تشریف لانے کی ایک وجہ بھی پیدا ہو گئی ہے اور وہ یہ کہ حیدری صاحب کا ایک خط آیا ہے جس کے مضمون کے متعلق آپ سے مشورہ ضرور ہے۔ اگر آپ کے آنے کی توقع نہ ہوتی تو اس خط میں حیدری صاحب کے خط کا مضمون لکھتا۔ مگر چونکہ توقع آپ کی تشریف آوری کی ہے اِس واسطے زبانی مشورہ کروں گا۔ علاوہ اس کے اس قسم کے مضامین کے متعلق زبانی مشورہ بہتر ہوتا ہے۔ لہٰذا مہربانی کر کے جلد تشریف لائیے۔ اگر ارادہ آنے کا نہ ہو تو لکھیے۔ مشورہ اس امر میں آپ سے نہایت ضروری ہے اور بعد مشورہ حیدری صاحب کو جواب بھی لکھنا ہے۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔ امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہو گا۔

مخلص محمد اقبال لاہور

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (24) — 16 جولائی 1917ء (جلد اوّل، خط 250)

لاہور 16؍ جولائی 1917ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط ملا۔ آپ کی رائے مناسب معلوم ہوتی ہے میں نے حیدری صاحب کو7 کو لکھا ہے کہ حیدر آباد حاضر ہوں گا اور سب باتیں زبانی عرض کروں گا۔ مہاراجہ بہادر کو فقط یہ اطلاع دی ہے کہ حیدر آباد آتا ہوں حیدری صاحب کو یہ بھی لکھا ہے کہ وہ کس مہینہ میں مجھے بلانا چاہتے ہیں آیا اگست میں یا ستمبر میں۔ ان کا جواب آنے پر تیاری کروں گا۔ فی الحال میں نے کسی عہدہ کے متعلق کچھ نہیں لکھا اور یہ ضروری بھی نہیں، کیونکہ جب خود جانے کا ارادہ مصمم ہو گیا ہے تو خطوط میں لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

سب باتیں زبانی ہو جائیں گی۔

باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔ چونکہ شاید مجھے اگست میں ہی حیدر آباد جانا پڑ جائے اس واسطے میں چاہتا ہوں کہ آپ دو چار روز کے لیے لاہور آ جائیں۔ زبانی باتیں بھی آپ سے ہو جائیں گی۔ علی بخش دو چار روز تک ہشیار پور آنے والا ہے۔ اس کے ہمراہ آ جائیے۔ اس خط کے جواب میں جلد لکھیے کہ کیا آپ آ سکیں گے؟

ہاں حضرت فاطمہؓ کے متعلق جو اشعار میں نے لکھے تھے اس کے آخر کے اشعار اس طرح پر ہیں8

مادرِ آن مرکزِ پرکارِ عشق

مادرِ آن کاروان سالارِ عشق9

آن یکے شمعِ شبستانِ حرم

حافظِ جمعیّتِ خیرالاُمم

تا بمیرد آتشِ پیکار و کین

پشتِ پا زد بر سرِ تاج و نگین

وان دگر مولائے ابرارِ جہاں

قوّتِ بازوئے احرارِ جہاں

در نوائے زندگی سوز از حسینؓ

اہلِ حق حرّیت آموز از حسینؓ

آپ نے لکھا تھا کہ دونوں مصرعوں میں ’’مادر‘‘ کا لفظ ہونا چاہیے معلوم نہیں آپ کے ذہن میں کیا نکتہ تھا، جس کے بیان کرنے کا وعدہ آپ نے کیا تھا۔ میں نے اس اشارہ سے فائدہ اٹھایا ہے کہ بعد کے اشعار میں حضرت حسنؓ و حسینؓ دونوں کا ذکر کر دیا ہے۔ اب ان اشعار کے بعد کا مضمون یہ ہے کہ ’’ایسے بیٹوں سے جن کے یہ اوصاف ہیں ماں کی تربیت کا اندازہ کرنا چاہیے تاکہ معلوم ہو کہ اس ماں کی آغوش میں کیا تاثیر تھی جس میں ایسے بچوں کی پرورش ہوئی‘‘

اس مضمون کو ایک شعر میں ادا کرنا چاہتا ہوں غور فرما کر کوئی اشارہ دیجیے۔

باقی فضل ہے۔

مخلص محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنام گرامی)


خط (25) — 19 جولائی 1917ء (جلد اوّل، خط 252)

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

آپ کا خط ملا۔ علی بخش عید سے ایک دو روز بعد آئے گا۔ اس کے ہمراہ تشریف لائیے۔ مطلوبہ چیزیں بھی اسی کے ہم دست ارسال کی جائیں گی۔ شیخ عمر بخش صاحب10 کا بھتیجا عید سے دوسرے روز یہاں آنے والا ہے آپ اس کے ہمراہ بھی آ سکتے ہیں۔ باقی خیریت امید کہ آپ کا مزاج بخیر ہو گا۔ میں علی بخش کو آج ہی بھیج دیتا مگر عید کے روز اُس کی یہاں پر ضرورت ہے۔

والسلام

مخلص محمد اقبال، لاہور

19 جولائی 17ء

(مکاتیبِ اقبال)


خط (26) — 7 اگست 1917ء (جلد اوّل، خط 255)

لاہور 7؍ اگست 17ء

ڈیر مولانا گرامی السلام علیکم

حیدری صاحب اگست کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے لیے مدراس جانے والے ہیں۔ اگست کے آخری ہفتے میں وہاں سے واپس ہوں گے میں ستمبر کی یکم کو یہاں سے ان شاء اللہ روانہ ہوں گا۔

علی بخش سے آپ کی خیریت معلوم ہوگئی تھی۔ اشیاء کی قیمت کے لیے جو آپ نے لکھا ہے میں تسلیم کرتا ہوں کہ غلطی ہے مگر اس غلطی کے ذمہ دار آپ ہیں نہ میں کیونکہ آپ نے خط میں لکھا کہ ’’ان چیزوں کی قیمت دی جائے گی‘‘ پس میری غلطی (اگر کوئی ہے) تو وہ آپ کی غلطی سے پیدا ہوئی۔ اتنی یگانگت کے ہوتے ہوئے ایک دوست کو ایسا لکھنا ٹھیک نہ تھا۔ باقی خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے۔

ہاں کل مولانا جامی کا ایک نہایت مزے دار مطلع نظر پڑا یعنی

آن کہ از حلقۂ زر گوش گران است او را

چہ غم از نالۂ خونین جگران است او را11

بہت فکر کی کہ ایسا مطلع نکل سکے مگر کامیابی نہ ہوئی۔ البتہ دو فرد مل گئے انھیں ملاحظہ فرمائیے اور اپنے مشورہ سے بھی آگاہ کیجیے

باز گوید صنم از تابِ مقالش بخشند12

گلہ ہائے کہ ز ہندو پسران است او را

یا رب از غارتِ گل بر دلِ نرگس چہ گزشت

دستِ بے طاقت و چشمِ نگران است او را

مخلص محمد اقبال

(مکاتیبِ اقبال بنامِ گرامی)


خط (27) — 18 اگست 1917ء (جلد اوّل، خط 257)

لاہور 18؍ اگست 17ء

ڈیر مولٰینا گرامی السلام علیکم