سرسیّد کی مبسوط اور تفصیلی سوانح عمری مولانا الطاف حسین حالی نے ایک ہزار صفحات میں مرتب کر کے ۱۹۰۱ء میں شائع کی تھی۔ اُس میں مولانا نے مختلف مقامات پر سرسیّد کے سفرِ لندن کے جو دلچسپ حالات تحریر فرمائے ہیں ان کی تفصیلات ہمیں کسی اور جگہ سے نہیں ملیں۔ سفرنامے کی تکمیل کے لیے ان حالات و واقعات کا ہونا ضروری تھا۔ لہٰذا ہم انہیں ’’حیاتِ جاوید‘‘ کے مختلف مقامات سے اخذ و انتخاب کرنے کے بعد یہاں درج کرتے ہیں۔ (محمد اسماعیل)
لندن کے عمائد سے ملنا
سرسیّد بمبئی سے چوبیس دن میں لندن پہنچے اور میکلن برگ اسکوائر میں ایک مکان کرائے پر لے کر ٹھہرے اور اپنے تمام دوستوں اور آشناؤں سے ملے۔ لارڈ لارنس سب سے زیادہ مہربانی، مروّت اور خُلق سے ان کے ساتھ پیش آئے، جیسے کہ وہ ہمیشہ ہندوستان کے مسافروں کے ساتھ پیش آتے تھے۔ وہ ہندوستان میں سرسیّد اور ان کے خاندان کو اچھی طرح جانتے تھے اور ان کی خدمات سے آگاہ تھے۔ لندن میں وہ اکثر اُن کو اپنے گھر ڈنر پر بلاتے تھے اور مہینے میں ایک بار ہمیشہ ان سے ملنے کو آتے تھے۔ انھوں نے ہی سرسیّد کو لندن کے اکثر امراء و مشاہیر سے ملوایا تھا۔ لارڈ اسٹینلی آف ایلڈرلی1 جو قسطنطنیہ میں بطور سفیر انگریزی کے رہتے تھے وہ بھی جب لندن میں آتے تھے تو سرسیّد سے ملتے رہتے تھے۔ سر جان ولیم کے2، انڈر سیکرٹری وزیرِ ہند کے ساتھ بھی سرسیّد کو زیادہ خصوصیت ہو گئی تھی۔ ملکۂ معظمہ کے سمدھی ڈیوک آف آرگائل3 جو اس وقت وزیرِ ہند تھے اور سائنٹیفک سوسائٹی علی گڑھ کے پیٹرن بھی تھے، وہ بھی سرسیّد سے بڑے اخلاق اور تپاک سے ملتے رہے اور اپنے بیٹے مارکوئیس آف لارن4 سے بھی جو ملکۂ معظمہ کے داماد ہیں، ان کو ملوایا۔
جلسہ سول انجینئرز سوسائٹی میں شریک ہونا
سرسیّد نے پورے سترہ مہینے لندن میں قیام کیا اور شب و روز ان کاموں میں جن کے لیے یہ سفر اختیار کیا تھا، مصروف رہے۔ با ایں ہمہ ان کو اکثر خاص خاص تقریبوں میں بلایا جاتا تھا اور ان کی عزّت افزائی کی جاتی تھی۔ 23 جون 1869ء کو وہ لارڈ لارنس کے ہاں ایک بہت بڑے ڈنر پر بلائے گئے اور 13 جولائی کو سمٹونین سوسائٹی آف سول انجینئرز کے ایک عظیم الشان جلسے میں اور اس کے بعد جو اسی کے متعلق گرینچ میں ڈنر ہوا، اس میں شریک ہوئے۔ اس جلسے کی کیفیت ڈیلی نیوز مؤرخہ 21 جولائی میں مفصل درج ہوتی تھی۔ خلاصہ یہ ہے کہ مسٹر پن نے جو سوسائٹی مذکور کے پریذیڈنٹ تھے، سرسید کو اس جلسے میں شریک ہونے کے لیے مدعو کیا تھا اور لکھا تھا کہ آپ وقتِ معین پر میرے اسٹیمر میں جو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے موجود ہوگا، آئیں مگر خود لارڈ لارنس سرسیّد کے مکان پر آئے اور ان کو اپنے ساتھ سوار کرا کے لے گئے۔ سیّد حامد اور سیّد محمود بھی ساتھ تھے۔ اسٹیمر میں جا کر حاضری کھائی اور ٹیمز کے کنارے جو بڑے بڑے کارخانے تھے دیکھے۔ پھر خاص اجازت سے ایک جنگی جہاز اور اس میں توپیں بھرنے اور چلانے کا تماشا دیکھا۔ وہاں سے گرینچ میں جا کر ڈنر کھایا۔ اس ڈنر میں کئی ڈیوک اور بہت سے لارڈ اور بڑے بڑے انجینئرز شریک ہوئے۔ کھانے میں طرفہ بات جیسا کہ ڈنر مذکور کی مینو5 میں مندرج ہے، یہ تھی کہ تیس طرح کے کھانے صرف دریائی پیداوار اور دریائی جانوروں سے تیار کیے ہوئے تھے، خشکی کی پیداوار سے کوئی چیز میز پر نہ تھی۔ تمام انجینئروں نے جو اس جلسے میں شریک تھے، کھانے کے بعد اسپیچیں دیں اور سالِ گزشتہ کی مختلف ترقیات کا جو انجینئرنگ میں ہوئیں ذکر کیا۔ سب کے بعد پریذیڈنٹ نے اسپیچ دی اور آخر میں لارڈ لارنس اور سرسیّد کا ذکر کر کے ان کے شامل ہونے پر فخر ظاہر کیا۔ اس کے شکریے میں لارڈ لارنس نے تقریر کی (سرسیّد کے پاس ایک ترجمان کو اس غرض سے بٹھا دیا تھا کہ جلسے کی تمام کارروائی کو اُن کو اُردو میں سمجھاتا جائے) لارڈ لارنس کے بعد سرسید اُٹھے۔ ایک ایسے جلسے میں جہاں انگلستان کے نامور انجینئر جمع ہوں اور جلسے کا موضوع انجینئرنگ کے سوا اور کوئی مضمون نہ ہو، سرسیّد کو گفتگو کرنا نہایت دشوار تھا۔ باوجود اس کے ڈیلی نیوز نے اسی زمانے میں لکھا تھا کہ سیّد احمد خاں کی اسپیچ شان دار اور دلچسپ تھی۔ پریذیڈنٹ نے لارڈ لارنس کو سیویر آف انڈیا6 کہا تھا، سرسیّد نے ان کو فادر آف انڈیا7 کہہ کر یاد کیا۔ سرسیّد کی اسپیچ کا خلاصہ یہ تھا کہ ہندوستان میں انگریزی سلطنت کا رعب و داب اور دبدبہ پیدا ہونے کے بہت سے ذریعے ہیں مثلاً تعلیم، ہتھیار اور عدل و انصاف وغیرہ مگر یہ سب چیزیں ایسی ہیں جن سے صرف اُنھیں لوگوں کے دل میں اس کی وقعت ہوئی ہے جن کو اُن سے کام پڑا ہے یا جن کو اُن سے فائدہ اُٹھانے کا موقع ملا ہے لیکن وہ چیز جس نے خاص و عام سب کے دل میں انگلش گورنمنٹ کی عظمت پیدا کی ہے وہ فنِ انجینئری کے نتائج ہیں جیسے ریل، بڑے بڑے دریاؤں کے پل، نہریں اور بڑے بڑے پہاڑی چھتّے جن میں سے ریل گذرتی ہے؛ ان چیزوں کو ہر شخص دیکھتا ہے اور اس کے دل میں خود بخود انگریزی سلطنت کا رعب و داب اور اس کی بڑائی پیدا ہوتی ہے۔ اس پر جلسے میں نہایت زور سے چیرز دی گئیں اور جب لارڈ لارنس نے اس کو انگریزی میں ترجمہ کر کے سنایا تو پہلے سے بھی زیادہ چیرز کا غل ہوا۔
سرسیّد کہتے ہیں کہ میرا ارادہ اسپیچ کرنے کا پہلے سے نہ تھا مگر چونکہ میری نسبت ایسے الفاظ کہے گئے تھے جن کا شکریہ ادا کرنا ضروری تھا اس لیے مجھ کو بھی کھڑا ہونا پڑا۔
خطاب اور تمغہ ملنا
6 اگست 1869ء کو انڈیا آفس میں ڈیوک آف آرگائل کے ہاتھ سے ان کو سی۔ایس۔آئی8 کا خطاب اور تمغہ ملا۔ اس کی تحریک لارڈ لارنس نے کی تھی، تاریخِ معیّن پر سرسیّد انڈیا آفس میں گئے۔ وہاں سر جان ڈبلیو کے انڈر سیکرٹری وزیرِ ہند آئے اور سرسیّد سے ہاتھ ملا کر ان کو اپنے ہمراہ اس کمرے میں لے گئے جہاں ڈیوک آف آرگائل اُن کے منتظر تھے۔ ڈیوک کھڑے ہو کر چند قدم آگے بڑھے اور سرسیّد سے ہاتھ ملا کر پھر اپنے بیٹے مارکوئیس آف لارن سے ملاقات کرائی اور تھوڑی دیر باتیں کرنے کے بعد تمغہ اپنے ہاتھ سے پہنایا اور مبارک باد کہہ کر سرسیّد کو رخصت کیا۔ اسی روز چار اور شخصوں کو بھی یہی تمغہ ملنے والا تھا۔ جب سب کو تمغے مل چکے تو ڈیوک موصوف نے سرسیّد کو کھانے پر بلایا جہاں بہت سے معزّز لوگ پارلیمنٹ کے ممبر آنے تھے۔ سرسیّد کو اس موقع پر ڈیوک کے برابر بائیں جانب جگہ دی گئی تھی۔
ملکۂ معظمہ کی لوی وغیرہ میں جانا
6 نومبر 1869ء کو ملکۂ معظمہ کے ہاتھ سے بلیک فرائرز برج، ہالبورن اور ایڈکٹ کے افتتاح کا جلسہ ہونے والا تھا۔ جلسے کی انتظامی کمیٹی نے سرسیّد کو بھی خاص طور پر وہاں مدعو کیا تھا۔ سرسیّد کہتے ہیں کہ یہ جلسہ نہایت شان و شوکت کا تھا۔
پھر 11 مارچ 1870ء کو ملکۂ معظمہ کی لوی9 میں ان کو بلایا گیا۔ سرسیّد کہتے ہیں کہ حسبِ معمول لوی کی محل میں مجھ کو اور درباریوں کے ساتھ بٹھایا گیا تھا۔ جب ملکۂ معظمہ تشریف لائیں تو میں نے بھی مثل تمام درباریوں کے اپنے نمبر پر جا کر سلام کیا۔ سلام کرنے کا دستور یہ ہے کہ ملکۂ معظمہ سے ہاتھ ملا کر اور بایاں گھٹنا ٹیک کر حضورِ ممدوحہ کے ہاتھ پر بوسہ دیتے ہیں۔ جب تک تمام درباریوں کا اس طرح سلام نہیں ہوتا اس وقت تک ملکۂ معظمہ کھڑی رہتیں۔
پرنس آف ویلز10 کی لوی میں جانا
اس کے بعد 1870ء کو پرنس آف ویلز کی لوی میں ان کو شریک کیا گیا۔ یہ لوی صرف فوجی افسروں کے لیے تھی، کسی سویلین کو شریک ہونے کی اجازت نہ تھی مگر چونکہ سرسیّد ولایت سے جلد واپس آنے والے تھے اور ممکن تھا کہ اُن کو پھر پرنس آف ویلز کی کسی لوی میں شریک ہونے کا موقع نہ ملے اس لیے ان کو خاص اجازت لوی میں شریک ہونے کی مل گئی تھی۔
ایتھینیم کلب کی ممبری
لندن کی علمی مجلسوں میں بھی سرسیّد شریک ہوتے رہے۔ لندن جانے سے پہلے وہ رائل ایشیاٹک سوسائٹی11 لندن کے فیلو مقرر ہو چکے تھے، جب لندن میں گئے تو اس کے کئی اجلاسوں میں شریک ہوئے۔ وہ کہتے ہیں کہ چارلس ڈکنس کی آخری ریڈنگ پر بھی میں وہاں تھا لیکن سب سے بڑا امتیاز جو ان کو لندن میں ایک علمی حیثیت سے ملا، وہ ایتھینیم کلب12 کا آنریری ممبر مقرر ہونا تھا۔

